وقارآباد میں 133 افراد کوویڈ سے متاثر ، تانڈورمیں ماسک نہ پہننے والے دس اور وقارآباد میں سات افراد پر جرمانے
وقارآباد/تانڈور۔11۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
آج 11 اپریل کو ضلع وقارآباد میں 133 افراد کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 29 متاثرین کا تعلق کلک چیرلہ سے،22متاثرین کاتعلق تانڈور سے، 19متاثرین کا تعلق پرگی سے،13 کاتعلق دوماسے،11 متاثرین کا تعلق وقارآباد سے،10 کاتعلق یالال سے، دولت آباد اور مرپلی سے 9,9،مومن پیٹ سے 6، کوڑنگل اوربھمرس پیٹ سے دو،دو،اور ایک کا تعلق بنٹارم سے ہے۔
اس طرح آج تک ضلع وقارآباد کے چار اسمبلی حلقہ جات اور 18 منڈلات میں کوویڈ سے متاثر ہونے والوں کی جملہ تعداد 5,086 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 3,818 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں،62 متاثرین کی موت واقع ہوچکی ہے،ضلع میں 16 ایکٹیو کیس کیساتھ 1190 افراد کو ہوم قورنطین کیا گیا ہے۔آج ضلع میں 2160 افراد کے نمونے جانچ کی غرض سے حاصل کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب تلنگانہ میں کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے 27 ؍مارچ کو جی او،ایم ایس نمبر69 جاری کرتے ہوئے ریاست میں 30 اپریل تک تمام سیاسی،سماجی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی تھی۔
اسی کیساتھ حکومت نے 27 مارچ کو ہی ایک اور جی او ایم ایس نمبر 68 جاری کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں عوامی مقامات،کام کی جگہوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں سفر کے دوران "ماسک ” پہننے کو لازمی قرار دے دیا تھا۔ تاہم زیادہ تر مقامات پر عوام کی جانب سے ماسک کے استعمال کو نظر انداز کیا جارہا تھا۔
اس سلسلہ میں آج حکومت تلنگانہ نے ایک اور جی او ایم ایس نمبر 82 جاری کرتے ہوئے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے اور ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ اس جی اوایم ایس نمبر 82 میں انتباہ دیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر دفعات 51 اور 60 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005ء، اور آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے اس جی او کی اجرائی کے فوری بعد آج تانڈور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور بلدیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوؤران بناء ماسک پہنے کاروبار انجام دے رہے ترکاری،پھلوں کی دُکانات کے مالکین اور دیگر دُکانداروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دس افراد پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا اس طرح آج تانڈور میں ماسک نہ پہننے والوں سے 10 ہزار روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔جبکہ سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) روی کمار نے انتباہ دیا ہے کہ تانڈور میں بناء ماسک پہنے گھومنے والوں اور بناء ماسک پہنے کاروبار کرنے والوں پر اسی طرح جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

جبکہ آج ہی وقارآباد میں سب انسپکٹر پولیس کوٹیشوراؤ ، کمشنر بلدیہ بچیا اور بلو کولٹ کے عملہ نے خصوصی مہم کے دؤران ماسک نہ پہننے والے سات افراد پر بھی پولیس نے فی کس ایک ہزار روپئے کے جرمانے عائد کئے ہیں۔