چیف منسٹرتمل ناڈو اسٹالن نے چنئی کی خاتون انسپکٹر راجیشوری کو تہنیت پیش کی،کہا محکمہ پولیس کو آپ پر فخرہے

چیف منسٹر تمل ناڈو اسٹالن نے چنئی کی خاتون انسپکٹر راجیشوری کو تہنیت پیش کی
خاتون انسپکٹر نے ایک بیہوش نوجوان کو اپنے کاندھے پر اٹھاکر ہسپتال روانہ کیا تھا

چنئی: 12۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

تمل ناڈو کے چنئی سے ایک خاتون انسپکٹر پولیس ای۔راجیشوری کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوا ہےجنہوں نے درخت گرنے کے باعث بیہوش ہو کر گر جانے والے ایک 28 سالہ نوجوان کو اپنے کاندھوں پر لادکر کافی فاصلہ تک بھاگتے ہوئے آٹورکشا میں اس بیہوش نوجوان کو انتہائی احتیاط کے ساتھ لٹاتے ہوئے فوری ہسپتال روانہ کیا تھا۔

یہ واقعہ جمعرات کا ہے اس بیہوش نوجوان کے متعلق ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ مر چکا ہے۔بعد میں اس کی شناخت ادے کمار کے طور پر ہوئی جو ٹی پی چترم کے قبرستان میں اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔میڈیا کے مطابق افسوسناک اطلاع یہ ہے کہ آج جمعہ کو ادئے کمار کی دؤران علاج موت واقع ہوگئی ہے۔

اس سلسلہ میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر انسپکٹر پولیس چنئی ای۔راجیشوری پر خوب ستائش کے پھول برسائے جارہے ہیں۔

اس ہمدرد اورحوصلہ مند خاتون نے جہاں اس بیہوش نوجوان کواپنے کاندھے پراٹھاکر سڑک پر بھاگتے ہوئے اپنے اندر موجود ممتا کا مظاہرہ کیا وہیں انہوں نے انسانیت کا پرچم بھی بلند کیا۔

اور چنئی کی انسپکٹر پولیس ای۔راجیشوری نے اس بیہوش نوجوان کا جسم ہی نہیں بلکہ پولیس کی متاثر ہورہی ساکھ کو بھی اپنے کاندھوں کے ذریعہ سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے اس ملک کے عوام کو پیغام دیا کہ پورا پولیس نظام ایسا ہرگز نہیں ہے!!

 اس واقعہ کی چاروں جانب سے سراہنا اور ستائش کے بعد آج جمعہ کے دن چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن نے انسپکٹر پولیس ای۔راجیشوری کو اپنے کیمپ آفس میں تہنیت پیش کی اور ان کے اس انسانی مظاہرہ کی زبردست ستائش کی۔اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تمل ناڈو سی۔سیلنڈرا بابو اور کمشنر آف پولیس چنئی شنکر جیوال بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن نے انسپکٹر پولیس ای۔راجیشوری کو ایک تمل زبان میں لکھا ہوا”سپاس نامہ” بھی حوالے کیا۔

چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے کہا کہ اس خاتون وردی میں ملبوس پولیس انسپکٹر کی فرض شناسی اور ہمدردی کا اظہار قابل ستائش ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ خاتون انسپکٹر راجیشوری جو کہ ایک کھلاڑی ہیں اور جنہیں 1992ء میں تمل ناڈو کے ہی کمباکونم کے مہامام میں بھگڈر کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچانے کے لیے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن نے اس موقع پر ای۔راجیشوری کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ایسے اقدامات کئی مواقع پر پولیس کے پسماندہ لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوئے ہیں۔بے سہارا خواتین کو بچانے اور انہیں سرکاری گھروں میں داخل کرنے اور قانون سے متصادم افراد کا بہادری سے سامنا کرنے کے آپ کی بار بار کی جانے والی کارروائیوں کو بجا طور پر اعلیٰ پولیس افسران کی طرف سے سراہا گیا ہے اور عام لوگوں کی طرف سے تعریفی کلمات موصول ہورہے ہیں”۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیشوری کے انسانی اقدامات نے تمل ناڈو پولیس کی ساکھ میں اضافہ کیا ہے۔

” بطور چیف منسٹر جو کہ میں محکمہ پولیس کا بھی سربراہ ہوں اور ایک انسان کے طور پر آپ کے انسانی ہمدردی کے کام کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔

” انسپکٹر راجیشوری کے واقعہ سےمتعلق تفصیلی رپورٹ،ویڈیو اور تصاویر سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک کو کلک کرکے پڑھا جاسکتاہے”

انسپکٹر راجیشوری درخت گرنے سے بیہوش نوجوان کو اپنے کاندھے پر اٹھاکر آٹو تک دوڑ کرلے گئیں اور ہسپتال منتقل کرتے ہوئے جان بچائی