انسپکٹر راجیشوری درخت گرنے سے بیہوش نوجوان کو اپنے کاندھے پر اٹھاکر آٹو تک دوڑ کرلے گئیں اور ہسپتال منتقل کرتے ہوئے جان بچائی

کسی بھی قیمت پر اس نوجوان کی جان بچائی جائے
درخت گرنے سے نوجوان بیہوش،خاتون انسپکٹر پولیس راجیشوری کی ممتا جاگ گئی
اپنے کاندھے پر اٹھاکر دؤڑتے ہوئے آٹو تک لے گئیں اور ہسپتال منتقل کیا،ہر طرف سے ستائش

چنئی: 11۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تمل ناڈو میں گزشتہ پانچ دن سے شدید بارش کے باعث چنئی شہر مکمل طور پر جھیل میں تبدیل ہوکر رہ گیا ہے۔جہاں کالونیوں اور سڑکوں پر کشتیوں کے ذریعہ سیلاب میں پھنسے ہوئے عوام کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا جارہا ہے۔

وہیں اس شدید بارش کے باعث تمل ناڈو میں اب تک ایک درجن سے زائد امواتیں ہوئی ہیں اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث طوفان کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور تمل ناڈو کے مختلف مقامات پر مزید شدیدترین بارش کی قیاسی کے دؤران بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایسے میں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس بالخصوص ٹوئٹر پر ایک ایسا ویڈیو بڑی تیزی کے ساتھ وائرل ہوا ہے جس میں پولیس کی وردی میں ملبوس ایک خاتون سڑک پر پڑے ہوئے ایک بیہوش نوجوان کو اپنے کاندھوں پر اٹھائے ہوئے بھاگ رہی ہیں ان کے ساتھ دیگر مرد بھی ہیں۔

بالآخر یہ خاتون اس بیہوش نوجوان کو ایک لمبے فاصلہ تک اپنے کاندھوں پر لے جاکر ایک آٹو رکشا میں انتہائی احتیاط کے ساتھ لٹادیتی ہیں اور وہ دؤڑتے دؤڑتے اپنے ساتھ موجود مردوں سے تمل زبان میں کہتی جاتی ہیں کہ ” ہمیں اس کی جان کسی بھی قیمت پر بچانا ہے”  پھر اس نوجوان کو آٹو رکشا کے ذریعہ ہسپتال منتقل کردیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو اور اس ویڈیو میں پولیس وردی میں موجود اس باہمت اور ہمدرد خاتون کی خوب ستائش کی جارہی ہے۔

اس خاتون انسپکٹر کا نام ای-راجیشوری ہے جو کہ چنئی کے ٹی پی چترم پولیس اسٹیشن کی انسپکٹر ہیں۔جنہوں نے درخت گرنے سے بیہوش ہونے والے ایک 28 سالہ نوجوان کو اپنے کاندھے پر لادکر ہسپتال پہنچاتے ہوئے اس کی جان بچائی۔جبکہ وہاں موجود لوگوں کو یقین تھا کہ درخت گرنے سے اس نوجوان کی موت واقع ہوگئی ہے!

سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ اس نوجوان کو بیہوش دیکھ کرانسپکٹر راجیشوری کے اندر کی ممتا جاگ گئی جبکہ وہ اس نوجوان سے واقف بھی نہیں ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ سیلاب کے باعث جائے مقام پر ایمبولنس کا پہنچنا ممکن نہیں تھا کیونکہ راستے میں ایگمور اور پیرمبور علاقوں میں درختوں کے گرنے کے باعث راستہ مسدود ہوگیا تھا تو بنا کسی انتظار کے انسپکٹر راجیشوری نے فوری اس بیہوش نوجوان کو زمین سے اٹھاکر اپنے کاندھے پر ڈال لیا۔

پہلے وہ ایک گاڑی تک پہنچیں تاہم اس گاڑی کا بھی ہسپتال تک پہنچنا مشکل تھا تو وہ اس بے ہوش نوجوان کو اپنے کاندھے پر ہی اٹھاکر دؤڑ لگاتے ہوئے ایک آٹورکشا تک پہنچیں اور فوری اس نوجوان کو ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی۔

بعدازاں اس بہادر، دردمند اور حساس دل خاتون انسپکٹر راجیشوری نے خبررساں ادارہ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو انہوں نے اس بیہوش نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی پھر ہسپتال منتقل کیا۔

انسپکٹر راجیشوری نے بتایا کہ انہوں نے ہسپتال پہنچ کر اس نوجوان کی ماں سے ملاقات کی اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ فکرمند نہ ہوں محکمہ پولیس ان کی ہر مدد کرے گا۔

” اس سارے واقعہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

انسپکٹرراجیشوری نے بتایا کہ ڈاکٹرس نے ان سے کہا ہے کہ اس نوجوان کو طبی امداد دی جارہی ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔دوسری جانب چنئی کی صحافی دیویا چندرابابو نے انسپکٹرراجیشوری کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”راجیشوری ہمیشہ ایک اسٹار رہی ہیں۔وہ ان تحقیقات کا حصہ تھیں جس نے 2018 میں ایک درجن سے زیادہ مردوں پر مقدمہ درج کیا تھا جنہوں نے 2018 میں چنئی کی ایک سماعت سے محروم لڑکی کی عصمت دری کی تھی۔”