تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی کشادگی پر غور کے لیے وزیراعلیٰ کے سی آر کا جائزہ اجلاس
وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد:23۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کورونا وباء تقریباً ختم ہوگئی ہے اور اس وباء کے باعث ریاست میں تمام تعلیمی ادارے ہیں ایسے میں ریاست کے تعلیمی اداروں کی کشادگی پر غور وخوص کی غرض سے وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے آج ایک اہم جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔
اس اجلاس میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی کے علاوہ محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔
حکومت ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کے اقدامات میں مصروف ہے۔ملک کی کئی ریاستوں بشمول آندھراپردیش میں کوویڈ قواعد پر عمل آوری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے ہیں تاہم تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کے معاملہ میں حکومت ایک قدم آگے تو دو قدم پیچھے ہٹارہی ہے کیونکہ کبھی کورونا وائرس کی تیسری لہر کے انتباہ پر طلبہ کے سرپرستوں کے اندیشات اور ٹیچر تنظیموں کی نمائندگی اس لیے حکومت کوئی حتمی فیصلہ نہیں لے پارہی ہے۔
یاد رہے کہ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے 18 اگست کو کہا تھا کہ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تقریباً ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ کا عنصر ” صفراعشاریہ سات فیصد ” ہی رہ گیا ہے۔
ساتھ ہی ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ انہوں نے تعلیمی اداروں کو کھول دینے کی حکومت سے سفارش کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ سونپ دی ہے۔
انہوں نے کہاتھا کہ کوویڈ ویکسین لے چکے ٹیچرس اور اسٹاف کو ہی اسکولس میں اجازت دئیے کا امکان ہے۔!
اس رپورٹ کے بعد محکمہ تعلیمات یکم ستمبر سے ریاست میں اسکولس اور کالجس کی کشادگی پر غور کررہا ہے! اور اس کے لیے وزیراعلیٰ کے سی آر سے اجازت کے لیے منصوبہ بھی روانہ کردیا ہے۔
اطلاع ہے کہ یکم ستمبر سے ریاست میں ہائی اسکولس کے ساتھ ساتھ انٹر ،ڈگری اور انجنئیرنگ کالجس کی کشادگی کے لیے محکمہ تعلیمات نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ تاہم حکومت اس بات پر غور کررہی ہے کہ کب سے ان تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جائے؟

اطلاع ہے کہ آج منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کے لیے کئی اہم مشورے دئیے ہیں اور وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ چاہتے ہیں کہ پہلے مرحلہ کے تحت آٹھویں ، نویں اور دسویں جماعتوں کے ساتھ انٹر ،ڈگری اور انجنئیرنگ اور دیگر کالجس کی کشادگی عمل میں لائی جائے بعدازاں دوسرے مرحلہ کے تحت پرائمری اسکول کھولے جائیں!
اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں کی کشادگی اور اس کی تاریخ سے متعلق سرکاری طور پر جلد اعلان کا امکان ہے!