کون بنے گا کروڑ پتی کے نام پر دھوکہ، بی ایم ڈبلیو کار کے انعام کا جھانسہ، تلنگانہ کا نوجوان ساڑھے 8 لاکھ روپے سے محروم

جرائم و حادثات ریاستی خبریں سوشل میڈیا وائرل

کون بنے گا کروڑ پتی کے نام پر دھوکہ
بی ایم ڈبلیو کار کے انعام کا جھانسہ
تلنگانہ کا نوجوان ساڑھے 8 لاکھ روپے سے محروم
رقم کے لیے کھیت اور بیلوں کی جوڑی فروخت کردی تھی

حیدرآباد: 02۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

محاورہ مشہور ہے کہ دنیا میں جب تک بیوقوف لوگ موجود ہیں جعلساز اور دھوکہ باز بھوکے نہیں مرسکتے!روزآنہ بڑی تعداد میں ہونے والے سائبر جرائم کی مثال اس پر صادق آتی ہے۔ پولیس اور ماہرین ہمیشہ عوام کو انتباہ دیتے رہتے ہیں کہ وہ واٹس ایپ، فیس بک اور مختلف لالچ سے بھرپور فون کالز اور سادہ ایس ایم ایس پر یقین کرتے ہوئے جعلسازوں کا ہرگز نشانہ نہ بنیں۔لیکن وہیں روز ایسی اطلاعات عام ہیں کہ مختلف لوگ مختلف طریقوں سے ٹھگ لیے گئے۔

ریاست تلنگانہ کے کومرم بھیم ضلع کا ایک نوجوان نامعلوم جعلسازوں اور دھوکہ بازوں کا آسان نشانہ بن کر 8 لاکھ 50 ہزار روپئے کی رقم سے محروم ہوگیا۔ یہاں لالچ کی انتہا یہ ہے کہ اس نوجوان نے یہ رقم اپنا کھیت اور بیلوں کی جوڑی بیچ کر ان دھوکہ بازوں کو روانہ کردی۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق کومرم بھیم ضلع کے تریانی منڈل کے تحت موجود موضع پنگیڈی مادرا کے ساکن آترم رویندرا جوکہ گریجن طبقہ سے تعلق رکھتا ہے کو چند دن قبل ایک فون کال موصول ہوا۔جسے یقین دلایا گیا کہ”کون بنے گا کروڑ پتی شو” سے بات کی جارہی ہے اور اس کا موبائل نمبر لکی ڈرا میں منتخب ہوا ہے،جس کے ذریعہ اسے 25 لاکھ روپئے مالیتی بی ایم ڈبلیوBMW کار حاصل ہوئی ہے۔جس پر اس نوجوان نے یقین کرلیا۔

ساتھ ہی اس کو فون کرنے والے دھوکہ بازوں نےبتایا کہ کار حاصل کرنے کے لیے اسےمختلف ٹیکسوں کی شکل میں 8 لاکھ 50 ہزارروپئے ادا کرنے ہوں گے۔اس نوجوان کومزید یقین دلانے کی غرض سے اس کےواٹس ایپ پرویڈیو کے ساتھ ساتھ چند انکم ٹیکس عہدیداروں اور پولیس عہدیداروں کی تصاویر بھی روانہ کی گئیں۔

جس پر موضع پنگیڈی مادرا کے ساکن آترم رویندرا نے یقین کرلیا اورمختلف ذرائع سے اپنے کھیت کی اراضی اوربیلوں کی جوڑی فروخت کرتے ہوئے ان جعلسازوں کو قسطوں میں 8 لاکھ 50 ہزار روپئے روانہ کردئیے۔اس نوجوان کے مطابق جب اس نے مکمل رقم روانہ کردی تو دھوکہ بازوں نے اسے بتایا کہ کار کی قیمت 25 لاکھ روپئے اس کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی ہے۔اسے یقین دلانے کے لیے بینک کا ووچر بھی روانہ کیا گیا۔

جب آترم رویندرانے اپنے بینک جاکر معلومات حاصل کیں تو ایسی کوئی رقم جمع ہی نہیں ہوئی تھی۔بعدازاں ان دھوکہ بازوں نے اپنا وہ فون نمبر ہی بند کردیا جس کے ذریعہ اس نوجوان کو پھنساتے ہوئے رقم حاصل کی گئی تھی۔نوجوان نے بتایا کہ اب ان سے کسی بھی طریقہ سے رابطہ قائم نہیں ہورہا ہے۔اب اس نوجوان کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس مصروف تحقیقات ہے۔

سائبرکرائم پولیس کا کہناہے کہ ان آن لائن جعلسازیوں اور دھوکہ بازی کےمعاملات بین ریاستی ٹولیاں ملوث ہیں۔اور اس طرح کی جعلسازیوں میں اترپردیش،بہار،مغربی بنگال،دہلی،راجستھان اور جھارکھنڈ کی ٹولیاں سرگرم ہیں۔سائبر کرائم پولیس کے لیے بھی ان جعلسازوں تک پہنچنا لوہے کے چنے چبانے کے مماثل ہوتا ہے۔تاہم حیدرآباد سائبر کرائم پولیس کئی معاملات میں ایسے جعلسازوں کو ان کی ریاستوں تک پہنچ کر پکڑنے میں کامیاب بھی ہورہی ہے۔ساتھ ہی پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی نامعلوم فون نمبر کےذریعہ کسی بھی انعام کے لالچ میں پھنس کر اپنی رقم نہ گنوائیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی جیڈی میٹلہ،حیدرآباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں چنتل کی رہنے والی ایک خاتون سے بھی بالکل اسی طرز پر کون بنے گا کروڑ پتی شو کے نام سے انعامی رقم کا لالچ دیتے ہوئے 8 لاکھ روپئے لوٹے گئے تھے ۔جو کہ اپنی کینسر سے متاثرہ ماں کا علاج کروارہی تھی،خاتون یہ سوچ کر ان جعلسازوں کی دھوکہ دہی کا شکار ہوگئی کہ انعامی رقم سے ماں کا مزید بہتر علاج کرواپائے گی۔اس سلسلہ میں جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن میں اس خاتون نے ایک شکایت درج کروائی تھی۔

جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں حیدرآباد کے خیریت آباد کی ایک خانہ دار خاتون کوبھی بالکل اسی طرز پر جعلسازوں نے لوٹاتھا اور یہ خاتون 25 لاکھ روپئے کے انعام کے لالچ میں اپنے 39 لاکھ روپئے سے محروم ہوگئی تھی۔اس خاتون کی شکایت پرسائبر کرائم پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے کامیاب تحقیقات کے بعد جاریہ سال ماہ جولائی میں اس معاملہ میں ملوث دھوکہ باز راکیش کمار کو بہار کے دارالحکومت پٹنہ پہنچ کر گرفتار کیا اور اس کےقبضہ سے حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے 16موبائل فونس،73 مختلف بینکوں کے ڈیبٹ کارڈز،30مختلف موبائل سم کارڈز، 11 بینک پاس بک اور دو چیک بک ضبط کرتے ہوئے اسے حیدرآباد منتقل کیا تھا۔

سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نےعوام کو مشورہ دیا ہےکہ وہ ہرگز کون بنے گاکروڑ پتی،ناپ تول اور کسی بھی لکی ڈرا کے نام پر آنے والے فون کالس سے ہوشیار رہیں اور ان کے جھانسے میں ہزگر نہ آئیں۔یاد رہے کہ اب یہ دھوکہ باز ؤاٹس ایپ کے ذریعہ بھی دھوکہ دہی میں مصروف ہیں۔

"اس سلسلہ میں دھوکہ دہی کے طریقہ کار،واٹس ایپ ویڈیوز،ایس ایم ایس اور دیگر دھوکہ دہی پرمشتمل ایک تفصیلی رپورٹ”سحرنیوز ڈاٹ کام” کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے”۔اور لازمی ہے کہ اس دھوکہ دہی سے عام لوگوں کو بھی واقف کروایا جائے۔

الرٹ : جعلساز اور ہیکرز کی جانب سے روانہ کیے جارہے ایس ایم ایس لنک اور واٹس ایپ ویڈیوز سے دور رہیں، لاکھوں روپئے کی لاٹری کا لالچ

” ان دھوکہ باز جعلسازوں کے ذریعہ فیس بک پلیٹ فارم سے کی جارہی دھوکہ دہی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ اس لنک پر ” :-

فیس بک استعمال کرنے والے ہوشیار، جعلی اکاونٹ کے ذریعہ رقم طلب کرنے کے معاملات میں اضافہ، صارفین پریشان

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے