الرٹ : جعلساز اور ہیکرز کی جانب سے روانہ کیے جارہے ایس ایم ایس لنک اور واٹس ایپ ویڈیوز سے دور رہیں، لاکھوں روپئے کی لاٹری کا لالچ

نیا جال،نئے شکاری!!
جعلساز اور ہیکرز کی جانب سے روانہ کیے جارہے ایس ایم ایس لنک اور
 واٹس ایپ پر آنے والے ویڈیوز سے دور رہیں،لاکھوں روپئے کی لاٹری کا لالچ

حیدرآباد: 26۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/خصوصی رپورٹ)

سوشل میڈیاکےمختلف پلیٹ فارمز محض انسانوں کی تفریح اوروقت گزاری کے ساتھ ساتھ اپنے سے دور اپنوں کے ساتھ جڑے رہنے کی غرض سے تیار کیے گئے تھے۔تاکہ جب کوئی تنہائی کاشکار یا غیرمصروف ہوتو اس کی وقت گزاری ہوجائے۔اورتھوڑی دیر کے لیے ہی سہی وہ خود کو درپیش پریشانیوں،مشکلات اور مسائل کوبھول جائے۔ہر چیز کا استعمال مثبت بھی ہوتا ہے اورمنفی بھی۔

بالخصوص واٹس ایپ دنیا بھر میں اور ہندوستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔

چند دنوں سےجعلسازوں نے بھولے بھالے افراد کو لوٹنےکے لیے نیا طریقہ یہ شروع کیاہے کہ موبائل فون پرایک ایس ایم ایس SMS# کے ذریعہ لنک بھی بھیجا جارہا ہے۔اس لنک کے ساتھ لکھاہوتا ہے کہ”آپ کے بینک اکاؤنٹ میں 4,98,000 روپئے جمع کروادئیے گئے ہیں۔مزید تفصیلات کے لیے اس لنک کو کلک کریں”۔ایک موبائل صارف کو یہ ایس ایم ایس 6353702961 سے موصول ہوا ہے۔ "ٹروکالر TrueCaller# کے مطابق یہ موبائل نمبر "ریتو رنجن گیری،ریلائنس،نوساری، گجرات کا ہے”۔اس قسم کے ایس ایم ایس مختلف افراد کو مختلف نمبرات سے موصول ہورہے ہیں۔

 

دراصل یہ ہیکرز اور جعلساز ہوتے ہیں جونہی آپ ایس ایم ایس پر آنے والے لنک کو کلک کریں گے یا تو آپ کے بینک اکاؤنٹ سے رقم اڑالی جائے گی یا پھر آپ کے موبائل فون میں موجود سارا ریکارڈ ہیاک کرلیا جائے گا۔یا پھر کوئی ایساخفیہ ایپ آپ کے موبائل فون میں انسٹال ہوجائے گا جس کے ذریعہ آپ کی مکمل نگرانی ممکن ہوگی!!اور ایسے خفیہ ایپ موبائل فون میں دیگر ایپ App کی طرح نظر بھی نہیں آتے۔چند دنوں سےمستقل ایسی شکایات عام ہیں کہ ہر تیسرے فرد کو اس قسم کے SMS# موصول ہورہے ہیں۔خود کو اگر ان جعلسازوں اور ہیکرز سے محفوظ رکھنا ہو تو آنے والے ایسے ایس ایم ایس کو فوری ڈیلیٹ کردینا ہی بہتر ہوتا ہے۔

اب انہی جعلسازوں اور ہیکرز نے واٹس ایپ WhatsApp# صارفین کونشانہ بنانا شروع کردیاہے۔متعددواٹس ایپ صارفین کو واٹس ایپ پر الگ الگ طریقہ سے بنائے گئے ویڈیوز موصول ہورہے ہیں ان تمام کا مواد ایک ہی ہے۔کسی ویڈیو میں لڑکا ہے تو کسی ویڈیو میں کوئی لڑکی۔

جناب مصطفیٰ علی سروری،اسوسی ایٹ پروفیسرشعبہ ترسیل عامہ و صحافت،مولانا آزاد نیشنل اردویونیورسٹی (مانو) حیدرآباد کو آج ایساہی ایک ویڈیو واٹس ایپ پر موصول ہوا ہے۔جو امریکہ کے نمبر سے آیا ہے۔

امریکی نمبر سے واٹس ایپ پر اس ویڈیو کو بھیجا گیا ہے۔

باقاعدہ اس واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے ویڈیو میں اپنے موبائل نمبرز دیتے ہوئے کہاجارہا ہےکہ”ہیلو، نمسکار،میں انجلی شرما بات کررہی ہوں کون بنے گا کروڑ پتی ڈپارٹمنٹ سے۔آل انڈیا آل سم کارڈ لوڈ کروایا گیا تھا،جس میں آپ کا واٹس ایپ نمبر بھی سیلیکٹ ہوا ہے،اور آپ کے واٹس ایپ نمبر پر 25,0,000 (25 لاکھ روپئے) کی لاٹری لگی ہے۔آپ کو اور آپ کے پریوار کو بہت بہت بدھائی ہو” 

51 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں پھر یہ لڑکی اس واٹس ایپ ویڈیو میں کہتی ہے کہ”آپ کی لاٹری کا پیسہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا(ایس بی آئی) میں جمع کروایا جاچکا ہے،اس کی پوری جانکاری کے لیے آپ کے واٹس ایپ نمبر پر لاٹری کا ایک ٹکٹ نمبر بھیج دیا گیا ہے۔اس ویڈیو میں "ایس بی آئی بینک مینجئر کے طور پر رانا پرتاپ سنگھ کا نام لکھا ہوا ہے”۔
"مکمل ویڈیو یہاں پیش ہے"

اس ویڈیو میں لاٹری نمبر کے طور پر 8991 درج ہے۔اس کے ساتھ ایک موبائل نمبر 7739071033 بھی تحریر ہے جسے بینک مینجئر کا نمبر بتایا گیا ہے۔واٹس ایپ پرموصول اس ویڈیو میں یہ لڑکی جو خود کو انجلی شرما بتارہی ہے مزید ہدایت دیتی ہے کہ”اس موبائل نمبر کو سب سے پہلے اپنے موبائل فون میں محفوظ Save کیجئے اور واٹس ایپ میں شامل Add کیجئے۔اور انہیں آن لائن واٹس ایپ سے کال کیجئے،کیونکہ اس سے نارمل وائس کال یا ڈائل کال نہیں لگے گا۔یہ آپ کو جانکاری دیں گے کہ لاٹری کیسے لگی ہے اور آپ کو پیسہ کیسے ملے گا؟ابھی اس نمبر پر واٹس ایپ وائس کال کیجئے،اوکے،تھینک یو،نمسکار،جئے ہند”۔

اسی طرح دو دن قبل حیدرآباد کے ساکن جناب محمد بشیرالدین نوید کو بھی 923425805136+ نمبر سے جو کہ پاکستان کا ہے واٹس ایپ پر اسی طرز کا ایک ویڈیو موصول ہوا ہے۔جس کا لب لباب بھی یہی ہے جو اس ویڈیو میں یہ لڑکی کہہ رہی ہے۔

لیکن اس ایک منٹ 31 سیکنڈ کے ویڈیو میں وزیراعظم نریندرمودی اور فلم اداکار امیتابھ بچن کی تصاویر بھی موجود ہیں۔اس ویڈیو میں بات کرنے والا خود کو کون بنے گا کروڑ پتی،ممبئی دفتر کا کسٹمر آفیسر راجیش شرما بتارہا ہے۔اس ویڈیو میں لاٹری کا نمبر 7766 دکھایا گیا ہے اوربینک مینجئر کے نمبر کے نام سے 09518689551 دیا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں بھی کہا گیا ہے کہ پانچ ہزار مختلف ٹیلی کام کمپنیوں میں سے آپ کے واٹس ایپ نمبر پر 25،0،000 (25 لاکھ روپئے) کی لاٹری لگی ہے اور طریقہ کار وہی بتایا گیا ہے جو کہ اس لڑکی کے ویڈیو میں ہے۔

جناب محمد بشیرالدین نوید جو کہ کئی سال تک سعودی عرب میں ملازمت کے بعد حیدرآباد واپس ہوئے ہیں نے نمائندہ سحر نیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں یقین تھا کہ یہ جعلسازی اور دھوکہ دہی والا معاملہ ہے۔

پھر بھی انہوں نے جان بوجھ کر 09518689551 پر اپنے موبائل فون سے کال کرتے ہوئے بات کی اور مطالبہ کیا کہ انہیں اتنی بڑی لاٹری کی رقم بذریعہ بینک نہیں بلکہ کورئیر کے ذریعہ یا پھر نقد ادا کی جائے تو اس کا جواب تھا کہ اس کے لیے زائد از چار لاکھ روپئے ادا کرنے ہوں گے۔انہیں ایک اکاؤنٹ نمبر دیا جائے گا اس میں وہ پہلے رقم منتقل کردیں تو ان تک 25 لاکھ روپئے کی نقد رقم پہنچادی جائے گی۔یاد رہے کہ ٹرو کالر پر مذکورہ نمبر "راج کمار” اور مقام ہریانہ دکھا رہا ہے!!۔

موبائل اور واٹس ایپ صارفین کے لیے اب لازمی ہوگیاہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پر ایسا کوئی پیغام اور ویڈیو موصول ہو تو ہرگز خوش فہمی کا شکار نہ ہوں اور رقم کے لالچ میں ایسی کوئی بھی لنک کلک نہ کریں۔فوری اس واٹس ایپ نمبر کو ہی بلاک کردیں جس سے ویڈیو آیا ہے۔ورنہ آپ کی چھوٹی سی غلطی سےآپ اپنے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم سے محروم ہوسکتے ہیں،یاپھرآپ کے موبائل فون کا سارا ریکارڈ ہیک ہوسکتا ہے؟یا پھر آپ کےموبائل فون میں کوئی خفیہ ایپ انسٹال ہوسکتا ہے۔