وقار آباد ضلع : شیواجی جینتی اتسو تقریب میں پولیس کے خلاف نعرہ بازی، صدرنشین بلدیہ تانڈور، رکن بلدیہ اور دیگر کے خلاف کیس درج

شیواجی جینتی اتسو تقریب میں پولیس کے خلاف نعرہ بازی
صدرنشین بلدیہ تانڈور،رکن بلدیہ اور دیگر کے خلاف کیس درج

وقارآباد/تانڈور: 21۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن)راجندر ریڈی کی جانب سےگزشتہ شام جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق اتوار کی رات شیواجی چوک پر منعقدہ شیواجی جینتی اتسو کی اختتامی تقریب میں پولیس خدمات میں رکاوٹ پیدا کرنے،پولیس کی ہدایت پر عمل نہ کرنے کے ساتھ ساتھ جلسہ میں موجود افراد کو اکسانے پرمشتمل نعرے بازی،ڈی ایس پی ڈاؤن ڈاؤن،پولیس ڈاؤن ڈاؤن کےنعرےلگائے جانے کے خلاف صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،رکن بلدیہ رامو سمیت دیگر کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اتوار کو تانڈور میں بھی شیواجی مہاراج جینتی تقاریب منائی گئیں اور اتسوریالی کا پرامن انعقاد عمل میں آیا۔ کالیکا دیوی مندر سے ایک جینتی اتسو ریالی منعقد کی گئی جو براہ ونائیک چوک،اندرا چوک،شیواجی چوک پہنچی۔

شیواجی چوک پرمنعقدہ جینتی تقاریب کے دوران صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ کی جانب سےاپنے خطاب میں مقامی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی قیادت میں نوجوانوں کو سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کے مشورے کے خلاف اسٹیج پر موجود مقامی بی جے پی قائدین اور ارکان بلدیہ بھڑک گئے۔اسٹیج پر کشیدگی اور دھکم پیل دیکھی گئی۔ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کے مناظر بھی دیکھے گئے۔

اس دوران بی جے پی قائدین اور کارکنوں نے نریندرمودی زندہ آباد کے نعرے لگائے۔بی جے پی قائدین نے راجو گوڑ کے ہاتھ سے مائیک چھین لیا۔بعد ازاں پولیس نے ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ کی قیادت میں حالات پر قابو پالیا۔قبل ازیں شیواجی جینتی اتسو ریالی کے موقع پر پولیس نے تانڈور میں سخت بندوبست کیا تھا۔جس کا ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے دؤرہ کرتےہوئے مشاہدہ کیا اور حفاظتی خدمات پر متعین پولیس عملہ کو ہدایت دی کہ وہ خدمات کی ادائیگی میں تساہلی سے کام نہ لیں۔