رکن پارلیمان نظام آباد دھرماپوری اروند کے خلاف
حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں کیس درج
حیدرآباد: 03۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد دھرماپوری اروند (ڈی۔اروند) کے خلاف آج حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے خلاف پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت پر پولیس نے یہ کیس درج کیا ہے۔
بوئن پلی کےساکن ایک تاجر کلیان سندیپ نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ 8 نومبر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد دھرماپوری اروند نے وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کے خلاف انتہائی نازیبا اور اہانت آمیز الفاظ کا استعمال کیا ہے۔
اس شکایت پر بنجارہ ہلز پولیس نے رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد دھرماپوری اروند کے خلاف 504،(2)55 اور 506 دفعات کے تحت یہ کیس درج رجسٹر کرلیا ہے۔
وہیں ٹیچرس کے تبادلوں کے سلسلہ میں جاری حکومت تلنگانہ کے جی او 317 کے خلاف صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان حلقہ کریم نگر بنڈی سنجے کمار کی جانب سے کریم نگر میں اپنے کیمپ آفس میں کی جارہی ہڑتال کو کل اتوار کی رات پولیس نے برخاست کرواتے ہوئے بنڈی سنجے کمار کو گرفتار کیا تھا۔
جنہیں آج پیر کے دن کریم نگر پولیس 2 ٹاؤن نے پولیس پر حملہ، پولیس خدمات میں رکاوٹ پیدا کرنے اور کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات کے ساتھ ناقابل ضمانت دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے کریم نگر کی عدالت میں پیش کیا۔
جہاں سے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا ہے۔وہیں مقامی عدالت نے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کی ضمانت کی درخواست کو بھی مسترد کردیا ہے۔
قومی صدر بی جے پی جے پی نڈا نے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ” جمہوریت پر کلہاڑی سے حملہ ” کے مترادف ہے۔

