مرکزی بجٹ صرف لفظوں کا ہیر پھیر
گول مال بجٹ ملک کے تمام طبقات کے لیے مایوس کن
چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھر راؤ کی تنقید
حیدرآباد: 01۔فروری (سحرنیوز ڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ مرکز ی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا بجٹ گول مال اور مایوس کن بجٹ ہے۔اور اس بجٹ نے ملازمین اور چھوٹے تاجروں کو بھی مایوس کیا ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرشیکھر راؤ نے مرکز کی جانب سے آج پیش کردہ بجٹ کو ایس سی،ایس ٹی،بی سی اور اقلیتی طبقات و نیز کسان برادری،غریبوں،موروثی پیشہ وروں اور ملازمین کے لیے ناخوش کردینے والا اور مایوس کن بجٹ قراردیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ اس بجٹ میں سمت اور عزائم کا فقدان صاف طور پر عیاں ہے اور بحیثیت مجموعی یہ ایک بیکار اور بے مقصد بجٹ ہے۔
مرکزی وزیر خزانہ شریمتی نرملا سیتارمن کی جانب سے پارلیمنٹ میں کی گئی بجٹ تقریر کو کھوکھلے پن کا اعلی نمونہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُن کی تقریر کو عمدہ شعبدہ بازی قرار دیا۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس بجٹ کے ذریعہ عام آدمی کو افسردگی اور ناخوشی میں ڈھکیل کر صرف اور صرف اپنے لیے تعریفوں کے پل باندھ لیے ہیں۔چیف منسٹر نے اس بجٹ کو "گول مال بجٹ ” قرار دیتے ہوئے اسے حقائق سے بعید قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کاشت کاری شعبہ و نیز زرعی شعبے کی فلاح و بہبود کے لیے مرکز کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے پیمانے پر پرکھے جانے پر یہ بجٹ ایک بڑا صفر ثابت ہوتا ہے۔مزید یہ کہ اس بجٹ میں ہینڈلوم سیکٹر کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔اسی طرح اس بجٹ نے ملازمین اور چھوٹے تاجروں کو بھی مایوس کیا ہے۔
یہ بات قابل افسوس ہے کہ بجٹ میں انکم ٹیکس سلیب میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ ملازمین اور تاجر طبقہ دونوں ہی انکم ٹیکس سلیب میں تبدیلی کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے اور یہ کہ مرکز نے ان کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔اس بجٹ سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز نے صحت عامہ اور بنیادی انفراسٹرکچر کے شعبوں کو یکسر نظر انداز کردیا ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرشیکھر راؤ نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ” دنیا بھر میں کورونا وباء کے چلتے صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کو تقویت پہنچائی جارہی ہے جبکہ ہماری مرکزی حکومت نے ان خطوط پر سوچنا تک گوارا نہیں کیا۔اس بجٹ میں کورونا کے پیش نظر ملک میں صحت و طب کے شعبے کی ترقی کیلیے کوشش تک نہیں کی گئی اور یہ حیرت کی بات ہے کہ مرکز صحت عامہ کے بارے میں بالکل بھی فکر مند نہیں ہے”۔
اطلاع ہے کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرشیکھر راؤ آج شام 5 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں!

