آندھراپردیش: وزیراعظم نریندرمودی کے ہیلی کاپٹرکے پرواز کرتے ہی
فضا میں سیاہ غبارےچھوڑے گئے،چار کانگریسی کارکن گرفتار
وجئے واڑہ:04۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں کانگریس کے چند مظاہرین نے آج پیر کے دن وزیراعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کے پرواز کرتے ہی سیاہ غبارے چھوڑے۔ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرہ کرنے والا ایک شخص جیسے ہی وزیراعظم ننریندرمودی کے ہیلی کاپٹر کے ٹیک آف کرتے ہی سیاہ غبارے چھوڑ رہا ہے۔اور آسمان پر وزیراعظم کےہیلی کاپٹر کےساتھ مزید تین ہیلی کاپٹرز کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور زمین سے چھوڑے گئے سیاہ غبارے بھی ہیلی کاپٹرز کے قریب نظر آرہے ہیں۔
ہیلی کاپٹرز کے پرواز کے ساتھ فضا میں سیاہ غباروں کو اڑائے جانے کے واقعہ کو مرکزی حکومت ،وزارت داخلہ اور مرکزی وزارت شہری ہوا بازی نے سخت نوٹ لیا ہے۔
تاہم ریاستی پولیس نے اس بات کی تردید کی کہ سیکورٹی کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے۔لیکن کہا کہ اس سلسلہ میں کانگریس کے ایک کارکن کو گرفتار کیا گیا ہے،جبکہ پارٹی کے دیگر تین کارکنوں کو سیاہ غباروں کے ساتھ ہوائی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے
ایس پی سدھارتھ کوشل نے کہا کہ گناورم ہوائی اڈے سے وزیراعظم نریندرمودی کے ہیلی کاپٹر کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد سیاہ غبارے چھوڑنے کے الزام میں تین کانگریس کےکارکنوں کو حراست میں لےلیا گیا ہےجہاں ہوائی اڈے کے ارد گردسخت حفاظتی حصار قائم کیا گیا تھا۔
وزیراعظم حیدرآباد سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ وجئے واڑہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے اورہیلی کاپٹرکے ذریعہ بھیماورم کے لیے روانہ ہوئے۔الوری سیتاراما راجو کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے الوری کے بھتیجے الوری سری راما راجو اور الوری کے قریبی لیفٹیننٹ مالو ڈورا کے بیٹے بودی ڈورا کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر آندھرا پردیش کے گورنربسوا بھوشن ہری چندن،مرکزی وزیر برائےسیاحت و ثقافت جی۔کشن ریڈی،چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی،سابق مرکزی وزیر اور فلم اسٹار کے چرنجیوی اور دیگر موجود تھے۔
بعدازاں ہیلی کاپٹر سے وجئے واڑہ ایرپورٹ واپس ہوئے اور وہاں سے ایک خصوصی ایرکرافٹ کے ذریعہ احمد آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
اس سنگین معاملہ کی اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی)اورمرکزی ایجنسیاں وزیراعظم کی سیکورٹی میں ہونےوالی اس کوتاہی اور خلاف ورزی کی تحقیقات کررہی ہیں۔
وزیر اعظم نریندرمودی حیدرآباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی دو روزہ قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد رات حیدرآباد میں گزار کر آج صبح آندھراپردیش کے وجئے واڑہ روانہ ہوئے تھے۔جب وہ وجئے واڑہ پہنچے تو کانگریس کارکنان نے پی ایم مودی کے خلاف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے اور سیاہ غبارے بھی دکھاتے ہوئے احتجاج کیا۔
تاہم ان کی روانگی کے فوری بعد فضا میں سیاہ غبارے چھوڑے گئے،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند نوجوان زیرتعمیر مکان کے قریب سے بڑی تعداد میں ایک ساتھ بندھے ہوئےسیاہ غباروں کو چھوڑ رہے ہیں۔

