سی ایم کے سی آر کا بھی لالو پرساد یادو اور کرونا ندھی کی طرح جیل جانا طئے

سی ایم کے سی آر کا بھی لالو پرساد یادواور کرونا ندھی کی طرح جیل جانا طئے

پی وی گھاٹ کو ہاتھ بھی لگایا گیا تو دارلسلام کو ڈھادیا جائے گا

صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کا تانڈور میں اپنے خطاب میں انتباہ  

تانڈور۔2۔ مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)

بنڈی سنجے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن لوک سبھانے آج اپنے سخت ریمارکس میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ کا بھی اقتدارختم ہونے کے بعد بہار اور ٹاملناڈو کے سابق وزرائے اعلیٰ لالو پرساد یادو اور کروناندھی کی طرح کرپشن کے معاملہ میں جیل جانا طئے ہے اور اس کے لیے بی جے پی کی جانب سے ریاست میں گزشتہ پانچ سال سے کیے گئے کرپشن کی مکمل تفصیلات یکجا کی جارہی ہیں۔

صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے آج ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کے ہونے والے انتخابات کے پیش نظر سلا گارڈن میں منعقدہ بی جے پی قائدین ، کارکنوں اور بی جے پی کے ہمدردوں کے ایک اجلاس سے مخاطب تھے جس میں چند گرائجویٹ ووٹرس ،سابق سرکاری ملازمین اور دیگر بھی شریک تھے۔

اس اجلاس سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے ریاستی صدر بھارتیہ جنتاپارٹی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ ٹی آرایس پارٹی کی مجلس کیساتھ اندرونی مفاہمت کی وجہ سے ہی پی وی نرسمہا راؤ گھاٹ کے متعلق اسد الدین اویسی کے انتباہ کے باجود انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی

ساتھ ہی صدر بی جے پی بنڈی سنجے نے سخت لہجہ میں کہا کہ اگر اسد الدین اویسی پی وی نرسمہاراؤ گھاٹ پر ہاتھ بھی ڈا لتے ہیں تو مجلس کے ہیڈ کوارٹر دارالسلام کو ڈھادیا جائے گا۔

اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے ریاستی صدر بھارتیہ جنتاپارٹی بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کو کامیاب بنایا جائے توسرکاری ملازمین کیلئے پی آرسی اور بیروزگاروں کیلئے ملازمتوں کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ پی آر سی اور ملازمتوں کی فراہمی کے نام پر دھوکہ دے رہے ہیں۔

بنڈی سنجے نے کہا کہ گزشتہ 26؍ماہ سے بیروزگاروں کو ماہانہ 3؍ ہزار روپئے کا بھتہ دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اس کے لیے 19,500؍کروڑ کا بجٹ پیش کرنا ہوگا۔ ریاستی صدر بھارتیہ جنتاپارٹی بنڈی سنجے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ جہاں کامیابی یقینی تھی وہاں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اپنی دختر کے ۔ کویتا کو ایم ایل سی اور بھانجے سنتوش کمار کو ایم پی کے طور پر کامیاب کروالیا۔

وہیں اب حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی محبوب نگر،حیدرآباد ، رنگاریڈی کی نشست پر شکست سے واقفیت کے باوجود سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر سرابھی وانی دیوی کو اپنا امیدوار بناتے ہوئےانہیں بھی دھوکہ دیا جارہاہے۔

اپنے خطاب میں ریاستی صدر بھارتیہ جنتاپارٹی بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قربانی دینے والی اور اپنے وعدوں پر قائم رہنے والی جماعت ہے انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیاکہ حلقہ اسمبلی دوباک اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )کے انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد ہی خوفزدہ ویر اعلیٰ کے ۔ چندراشیکھر راؤ اپنے فارم ہاؤس سے باہر نکلنے پر مجبور ہوئے اورایل آر ایس اسکیم کے خاتمہ کا اعلان کرنا پڑا۔

انہوں نے بی جے پی امیدوار رام چندرا راؤ کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسکے بعد حکومت کی جانب سے ملازمین سرکار کیلئے پی آر سی اور بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کو اعلامیہ جاری ہوگابنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست میں موجود خاندانی حکمرانی کاخاتمہ ضروری ہے۔

ریاستی صدربی جے پی بنڈی سنجے نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر بی جے پی قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں جسمانی اذیتیں دی جارہی ہیں۔

اس اجلاس سے سابق وزیر و سابق رکن اسمبلی وقارآباد اے۔ چندراشیکھر نے بھی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے سی آر پر مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس اجلاس میں صدر ضلع بی جے پی سدانند اریڈی ، جنرل سیکریٹری یو۔ رمیش، بی جے پی قائدین پیاٹا بال ریڈی ، ناگارام نرسملو ، منوہر راؤ، شیوا راملو ، رتن پانڈو رنگاریڈی ، شیوراج ، این ۔ نریندر ، بنٹارم بھدریشور، بالی شیوکمار، گاجولہ شانت کمار، فلورلیڈر بلدیہ سندھوجا گوڑ،انتارام للیتا ، ساہو شری لتا ،سنگیتا ٹھاکر ، ارکان بلدیہ بالپا، بنٹارم لاونیہ ، پوجا رجنی کانت ، پجاری پانڈو، کرشنا مدیراج کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین اور ارکان بلدیہ بھی شریک تھے۔