میں "خالص کوبرا” ہوں، بی جے پی میں شامل ہونے کے بعدمتھن چکرورتی کا انتباہ
کولکاتا : 7۔مارچ (ایجنسیاں/سحر نیوزڈاٹ کام)
فلمی دنیا میں متھن چکرورتی کی پہچان ایک بہترین ڈائیلاگس بولنے والے اداکار کی رہی ہے۔ آج کولکاتا میں منعقدہ بی جے پی کے ایک جلسہ میں وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے جس سے وزیر اعظم نریندر مودی خطاب کرنے والے ہیں۔

اسی دؤران انہوں نے اسٹیج سے ایک ڈائیلاگ بھی بول دیا کہ ” I am Pure Cobra ” ۔متھن چکرورتی نے یہ بھی کہا کہ انہیں نقصان نہ پہنچانے والا نہ سمجھا جائے.
اب انہوں نے یہ ڈائیلاگ کس لیے کہا ہے یہ تو اگلے مہینہ ہونے والے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں ہی معلوم ہوگا۔ 70سالہ متھن چکرورتی مغربی بنگال کے کولکاتا میں پیدا ہوئے ہیں۔فلم مرگیہ کیلئے 1976ء میں اور فلم تہادیر کتھا 1995ءکیلئے نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والے متھن چکرورتی مغربی بنگال کے علاوہ بالی ووڈ میں بھی اپنے شائقین کی بڑی تعداد رکھتے ہیں۔
صدر ترنمول کانگریس و وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے متھن چکرورتی کو مغربی بنگال کی راجیہ سبھا سیٹ سے7 فروری کو 2014ء میں راجیہ سبھا میں روانہ کیا تھا تاہم متھن چکرورتی 26 ڈسمبر 2016ء کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے کیونکہ اس وقت ان کا نام شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں سامنے آیا تھا کہ انہوں نے اس معاملہ میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے حاصل کیے ہیں کیونکہ وہ اس شاردا گروپ کے ٹی وی نیوز چینل کے برانڈ ایمبیسڈر تھے جس کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ان سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے اس رقم کو لوٹاتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ناسازی صحت کی بناء پر ترنمول کانگریس سے دوری اختیار کرلی تھی اس سے قبل وہ کمیونسٹ پارٹی سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔
آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے 16 فروری کو ممبئی میں موجود متھن چکرورتی کی رہائش گاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی تب سے ہی کہا جارہا تھا کہ وہ مغربی بنگال میں ہونے والے الیکشن سے عین قبل بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ وہ ماضی میں شیوسینا کے بھی قریب رہ چکے ہیں۔
ان تمام قیاس آرائیو ں کو سچ ثابت کر دکھاتے ہوئے متھن چکرورتی نے آج مغربی بنگال میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریالی سے قبل باقاعدہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔اس موقع پرمتھن چکرورتی نے اپنی مشہور ہندی اور بنگالی فلموں کے ڈائلاگ سناکر مجمع سے تالیاں بھی بٹوریں۔