آریم پی ڈاکٹر کے مکان سے ٹاسک فورس نے 66 لاکھ روپئے ضبط کرلیے

ریاستی خبریں

آریم پی ڈاکٹر کے مکان سے ٹاسک فورس نے 66 لاکھ روپئے ضبط کرلیے

تلنگانہ/سدی پیٹ 7۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
ٹاسک فورس اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دؤران سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد میں ایک آرایم پی ڈاکٹر کے مکان سے تلاش کے بعد 66 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط کرلی ہے ۔محکمہ انکم ٹیکس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اس آرایم پی ڈاکٹر کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے موجود ہیں۔

انکم ٹیکس محکمہ کی اطلاع پر حسن آباد کے ساکن آرایم پی ڈاکٹر کوڈم انجنئیلو کے مکان کی اے سی پی مسٹر مہندر کی قیادت میں ٹاسک فورس اور پولیس عہدیداروں کی ٹیم نے مشترکہ طورپر تلاشی لی اس آرایم پی ڈاکٹر کا کلینک حسن آباد کی مین روڈ پر ہے اور ان کا مکان ونائیک نگر میں موجود ہے۔
ٹاسک فورس اور پولیس عہدیداروں کی اس تلاشی مہم کے دؤران اس آرایم پی ڈاکٹر کوڈم انجنئیلو کے مکان سے جملہ 66 لاکھ 11 ہزارایک سو روپئے برآمد ہوئے ۔

اس سلسلہ میں اے سی پی مسٹر مہندرنے بتایا کہ برآمد شدہ رقم ضبط کرلی گئی ہے جسے محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ آرایم پی ڈاکٹر کے مکان میں اتنی بڑی رقم کیسے آئی اس کی تحقیقات کرتے ہوئے ڈاکٹر سے تفتیش کی جارہی ہے۔ بعد ازاں آرایم پی ڈاکٹر کوڈم انجنئیلو کو تحویل میں لے لیا گیا۔