تحصیلدار کولاپور شوکت علی کسان سے 12 ہزار کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے دیگر دو ملازمین سمیت اے سی بی کے جال میں

دفترتحصیل کولاپور میں اینٹی کرپشن بیورو کا دھاوہ،تحصیلدار شوکت علی اور دیگر دو ملازمین
ایک کسان سے 12 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے دبوچ لیے گئے

حیدرآباد/ناگرکرنول: 07۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ ایک ماہ کے دؤران اضلاع وقارآباد اور رنگاریڈی میں تین سے زائد عہدیدار رشوت لیتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے جال میں پھنس چکے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف مقامات پر بھی رشوت خور عہدیداروں کے پکڑے جانے کی اطلاعات عام ہیں لیکن اس کے باؤجود ریاست تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات میں رشوت کا چلن جاری ہے۔

اسی دوران آج ضلع ناگر کرنول کے کولا پور دفتر تحصیل میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے جال بچھاکر تحصیلدار کولا پور شوکت علی سمیت دیگر دو ملازمین کو ایک کسان کے پاس سے بطور رشوت 12,000 روپئے کی نقد رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کے مطابق کولا پور منڈل کے ساکن ایک کسان کو سات ایکڑ اراضی کے دستاویزات حوالے کرنے کے لیے دفتر تحصیل کولا پور کے عہدیداروں نے 12,000 روپئے کی رشوت طلب کی تو کسان نے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت درج کروائی۔

جس پر آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے جال بچھاتے ہوئے کسان کے پاس سے 12,000 روپئے کی نقد طلب اور قبول کرتے ہوئے دفتر تحصیل کولاپور میں تحصیلدار کولا پور شوکت علی،ولیج ریوینیوآفیسر کرشنا اور کمپیوٹر آپریٹر شیوا کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔

بعدازاں ان کے تینوں کے خلاف کیس درج رجسٹر کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ آج اینٹی کرپشن بیورو کے جال میں پھنسے شوکت علی کا تعلق وقارآباد ضلع کے تانڈور سے ہے۔ جہاں انہوں نے انچارج تحصیلدار کی خدمات انجام دیں بعد ازاں انہیں چار سال قبل یالال کے ڈپٹی تحصیلدار کی خدمات تفویض کی گئیں۔

بعدازاں انہوں نے دوبارہ دفتر تحصیل تانڈور میں انچارج تحصیلدار کی خدمات انجام دیں یہاں سے انہیں تحصیلدار کے عہدہ پر ترقی دیتے ہوئے حلقہ اسمبلی تانڈور ہی کے بشیر آباد منڈل میں تحصیلدار کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا۔

جہاں سے 8 ماہ قبل شوکت علی کا ناگرکرنول کے کولاپور منڈل کے دفتر تحصیل کو تبادلہ عمل میں آیا تھا۔

جب تک شوکت علی حلقہ اسمبلی تانڈور کے تانڈور،یالال اور بشیر آباد منڈلات میں خدمات انجام دے رہے تھے ان کی خدمات کا ہر کوئی معترف تھا اور ان کی شبیہ ایک بہترین اور فعال عہدیدار کی تھی۔

تاہم آج ناگر کرنول ضلع کے کولاپور میں اینٹی کرپشن بیورو کے ہاتھوں رشوت کی رقم لیتے ہوئے پکڑے جانے پر ان کے ساتھی عہدیداروں میں افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔