پشاور کی مسجد میں نماز جمعہ کے دؤران خودکش دھماکہ، 30 نمازی شہید،50 سے زائد زخمی

پشاور کی مسجد میں نماز جمعہ کے دؤران خودکش دھماکہ
30 نمازی شہید،50 سے زائد زخمی

پشاور: 04۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

پاکستان کے شہر پشاور کے قصہ خوانی بازار میں کوچہ رسالدار کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ کے نتیجے میں 30 نمازی شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔

روزنامہ جنگ نے ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا،خودکش حملہ آورنے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 50 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔عینی شاہدین کے حوالے سے روزنامہ جنگ کی اطلاع ہے کہ دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق سی سی پی اومحمد اعجاز کا کہنا ہے کہ 2 حملہ آوروں نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، جنہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار شہید، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا،پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکہ ہوا ہے۔
دھماکہ سے متاثرہ مسجد کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

اس دھماکہ میں محفوظ رہنے والے ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ کالے کپڑوں میں ملبوس خود کش حملہ آور نے خود کو منبر کے سامنے اڑالیا۔انہوں نے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی گارڈ کو ٹارگٹ کیا، اس نے 5 سے 6 فائر کیے اور تیزی سےمسجد میں داخل ہوا، جہاں اس نے منبر کے سامنے پہنچ کر دھماکہ کر دیا۔
وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی واقعہ کی رپورٹ طلب کی۔

 

اس خودکش حملہ کی مکمل تفصیلات روزنامہ جنگ کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں:-

https://jang.com.pk/news/1057836