خزانے کی تلاش میں ایک نوجوان حیدرآباد زو میں ببر شیرکے غار تک پہنچ گیا!
ناظرین کی چیخ وپکار، زوحکام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا: ویڈیو وائرل
حیدرآباد:23۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
خونخوار ببر ،شیر ،چیتا اور دیگر جانوروں کو دور سے دیکھ کر ہی انسان خوفزدہ ہوجاتاہے اور انسان کو یہ مکمل یقین ہوتا ہے کہ وہ ان جانوروں کا مقابلہ نہیں کرسکتا اور آسانی کے ساتھ ان کا نوالہ بن جاتا ہے۔
دیہاتوں میں تو لوگ دیگر جانوروں کا آسانی کے ساتھ مقابلہ کرلیتے ہیں لیکن جب کبھی دیہاتوں میں چیتا یا کسی خونخوار جانور کے گھومنے کی اطلاع عام ہوجاتی ہے تو دیہی عوام شام کے بعد اپنے گھروں سے نکلنا ہی بند کردیتے ہیں جب کبھی کھیتوں یا کسی مقام تک جانا ہو تو ٹولی کی شکل میں جایا کرتے ہیں۔
لیکن آج حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک (حیدرآباد زو ) میں ایک نوجوان بلاخوف وخطر افریقی نسل کے ببر شیر کے غار تک پہنچ گیا اور اس غار کے اطراف بنائے گئے مصنوعی چٹیلے پہاڑ نما پتھر پر سکون کے ساتھ بیٹھ گیا۔

اس نوجوان نے اس مقام تک پہنچنے کے بعد خوف محسوس کیا یا نہیں یہ وہی جانتا ہے۔لیکن اس نظارہ کو دیکھنے والوں کے ہوش ضرور اڑگئے کہ نیچے ایک ببر شیر ایک لمبے عرصہ کے بعد قریب سے ایک انسان کو دیکھ کر نیچے بے چینی کے ساتھ ادر ادھر ادھر ٹہل رہا ہے کہ کتنے سال بعد نسل آدم کی شکل قریب سے نظر آگئی اور شاید بہت سال بعد منہ کا ذائقہ بدل جائے؟ وہیں اوپر اپنے پیر لمبے کرکے سکون کے ساتھ بیٹھا ہوا ایک نوجوان!
اس خطرناک منظر کی کسی نے ویڈیو لے کرسوشل میڈیا پر وائرل کردی جس میں تفریح کی غرض سے زو میں آئے ہوئے کئی لوگ چیخ و پکار کر رہے ہیں چند ایک تو اس منظر کو دیکھ کر نوجوان کو حیدرآبادی مشہور گالیوں سے بھی نواز رہے ہیں۔
خوش قسمتی سے زو کے ملازمین فوری پیچھے سے اس مقام تک پہنچ کر اس نوجوان کو ببر شیر کا لقمہ بننے سے پہلے کھینچ کر بحفاظت ببر شیر کے غار سے نکال لے جاتے ہیں۔جس کے بعد اس خوفناک نظارہ کو دیکھنے والوں کو راحت اور ان کے اعصاب بحال ہوتے ہیں۔
آج حیدرآباد زو میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے متعلق ببرشیر کے غار تک پہنچنے والے اس نوجوان کا نام سائی کمار(31 سالہ) بتایا گیا ہے۔جس کے والدین کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔اس وقت سے یہ نوجوان بھیک مانگ کر اپنی زندگی بسر کررہا ہے اور جو کہ کیسرا کا ساکن ہے اور حیدرآباد شہر کے فٹ پاتھ ہی اس کا ٹھکانہ ہیں۔
آج منگل کے دن دوپہر سائی کمار باقاعدہ ٹکٹ خرید کر حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک میں داخل ہوا تھا۔ساڑھے تین بجے سائی کمار زو میں موجود افریقی ببر شیر کے غار تک پہنچ گیا تھا۔بعدازاں زو کے عہدیداروں نے اس نوجوان کو بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا۔
” اس واقعہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے”
بتایا جارہا ہے کہ اس نوجوان نے پولیس کو بتایا ہے کہ حیدرآباد زو پارک کے ببر شیر کے غار میں ہیرے جواہرات اور سونا چاندی کا خزانہ موجود ہے اور وہ اسی خزانے کو حاصل کرنے کی غرض سے وہاں پہنچا تھا! تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ اس نوجوان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے! اور پولیس اس نوجوان سے مزید تفتیش میں مصروف ہے۔
اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل ہوگیا ہے۔
Photos Video’s ScreenShots, #HyderabadZoo

