آن لائن موبائل گیم میں 40 ہزار روپئے ہارنے کے بعد چھٹی جماعت کے طالب علم نے خودکشی کرلی
بھوپال/چھتراپور:31۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
موبائل گیمز بالخصوص بچوں کی صحت پر جہاں برے اثرات ڈال رہے ہیں وہیں دیکھا یہ جارہا ہے کہ گیم کھیلنے میں مصروف بچے گھر کے دیگر کاموں کی ہدایت پر چڑچڑے پن کا مظاہرہ بھی کررہے ہیں۔
ایسے میں زیادہ تر آن لائن موبائل گیمس ان بچوں سے بڑی رقم بھی لوٹنے میں مصروف ہیں اپنے والدین کے موبائل فونس سے موبائل گیمس کھیلنے والے بچے اگر انہیں اپنے والدین کے موبائل میں موجود فون پے، گوگل پے، پے ٹی ایم اور نیٹ بینکنگ کے پاس ورڈ معلوم ہوں تو نادانی میں فوری ان آن لائن ویڈیو گیمس کی ہدایت پر رقم روانہ کردیتے ہیں جو زیادہ تر ناقابل واپسی ہی ہوتے ہیں اور یہ بھی ایک جوا کی قسم ہی ہے۔
ایسے ہی ایک آن لائن ویڈیو گیم کے شوقین 13 سالہ چھٹی جماعت کے طالب علم نے آن لائن موبائل گیم کے دؤران 40 ہزار روپئے ہار جانے سے مایوس ہوکر خودکشی کرلی۔

مدھیہ پردیش کے چھترا پور میں آج پیش آئے اس افسوسناک واقعہ کے سلسلہ میں ایس پی چھتر اپورا سچن شرما نے بتایا کہ یہ لڑکا آن لائن گیم میں مسلسل پیسے لگا رہا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں چلا گیاتھا۔
جمعہ کے دن وہ ایک آن لائن گیم کھیل رہا تھا جس میں اس نے اپنی ماں کے اکاؤنٹ سے 40 ہزار روپئے ہار گیا پولیس نے اس طالب علم کا ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیاہے جس میں اس نے اپنے والدین سے پیسے ہارنے پر معافی مانگی ہے۔
ایس پی سچن شرما نے بتایا کہ اس نابالغ لڑکے کے والد ایک پیتھالوجیکل لیاب چلاتے ہیں جبکہ اس کی ماں ضلع اسپتال کی پیتھالوجیکل لیاب میں کام کرتی ہے۔
موبائل فون کے استعمال سے متعلق دئیے گئے ان مشوروں کو ضرور سنیں: (ویڈیو: تین منٹ)
Video Source: Unknown
جمعہ کو جب اس کی ماں اسپتال میں تھی اسے موبائل فون پر ایک میسیج ملا کہ اس کے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی گئی ہے تو ماں کومعلوم ہوا کہ اس کا بیٹا آن لائن موبائل گیم میں پیسے ہار چکا ہے تو اس نے فون کرکے اپنے بیٹے کو ڈانٹ ڈپٹ کی۔اس کے بعد لڑکا اپنے کمرے میں گیا اور رسی کی مدد سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی لڑکے کی بڑی بہن نے بھائی کی نعش فیان سے لٹکتی ہوئی دیکھی تو اس نے اپنے والدین کو اطلاع دی۔
اس لڑکے کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے بعد معائنہ اسےمردہ قرار دیا۔اس سلسلہ میں چھترا پور پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اس بات کی تحقیقات میں مصروف ہے کہ اس لڑکے نے آن لائن گیم میں رقم ہارنے کے بعد یہ انتہائی اقدام کیا ہے یا کسی نے رقم کی ادائیگی کے لیے اس کو دھمکایا تھا؟
ایس پی چھترا پور سچن شرما نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی جانب سے موبائل کے استعمال پر خاص نظر رکھیں اور آن لائن موبائل گیمس کھیلنے سے روکیں اور انہیں ان آن لائن گیمس سے ہونے والے نقصانات سے واقف کروائیں انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ایسی ہی اپیل اس سے قبل بھی کی گئی تھی۔

