چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا عہدہ سےمستعفی
چار بجے ریاستی گورنرسے ملاقات،مکتوب استعفیٰ حوالے کرنے کا اعلان
بنگلور:26۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے آج اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے عہدہ کے دوسال تکمیل کے دن آج چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے اعلان کیا ہے وہ آج شام 4 بجے گورنرکرناٹک تھاور چند گہلوٹ سے ملاقات کرکے اپنا مکتوب استعفی حوالے کریں گے۔

یاد رہے کہ چند دنوں سے مرکزی قیادت کی جانب سے چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا کوعہدہ سے ہٹائے جانے کی اطلاعات زیر گشت تھیں اور گزشتہ ہفتہ انہوں نے دہلی پہنچ کر وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کی تھی تاہم چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے کہا تھا کہ انہیں عہدہ سے ہٹائے جانے یا ان کی جانب سے مستعفی ہونے کی اطلاعات غلط ہیں۔
چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا 78 سالہ کا تعلق لنگایت طبقہ سے ہے جو کرناٹک میں اپنی زبردست سیاسی طاقت کا حامل مانا جاتا ہے۔ایسے میں لنگایت طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایڈی یورپا کے مقام پر چیف منسٹر کا عہدہ کسی اور طبقہ کے تفویض کرنا بی جے پی کے لیے مشکلات کھڑی کرسکتا ہے!
اپنے عہدہ کے دوسال کی تکمیل کے موقع پر آج منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب کے دوران چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا جذبات سے مغلوب ہوگئے اور کہا کہ ان کی حکومت نے کسانوں ، دلتوں اور ریاست کے عوام کے حقوق کے تحفظ کی لڑائی کی ہےاور انہوں نے زندگی بھر ہمیشہ پارٹی مفادات کا تحفظ کیا ہے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے خود کو وقف کیا ہے۔

کل اتوار کی شام چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈی یورپا نے کہا تھا کہ وہ مرکزی قیادت کے مشورہ کا انتظار کررہے ہیں۔خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق بی ایس ایڈی یورپا نے کہا کہ انہوں نے دو ماہ قبل ہی استعفیٰ دینے کی پیش کش کی تھی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ اگرپارٹی ہائی کمان نے چاہا تو وہ اس عہدے پر برقرار رہیں گے اور اگر انہوں نے ان سے استعفیٰ دینے کا کہا تومیں آئندہ بھی پارٹی کے لیے کام کروں گا۔

