وقارآباد کے منے گوڑہ کے قریب خوفناک سڑک حادثہ
دادا،دادی اور 6 سالہ معصوم پوتا ہلاک،باپ شدید زخمی
وقارآباد/تانڈور:26۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد کے پوڈور منڈل کے منے گوڑہ کے قریب آج پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک 6 سالہ لڑکا،اس کے دادا اور دادی شامل ہیں جبکہ باپ شدید زخمی ہوگیا۔
اس سڑک حادثہ کی تفصیلات کے مطابق وقارآباد کے متوطن ملک ارجن ریڈی جو کہ منی کونڈا ایچ ڈی ایف سی بینک کے مینیجئربتائے جاتے ہیں اور منی کونڈا میں ہی رہائش پذیر ہیں۔
کل شام وقارآباد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد وہ آج اپنی سانترو کار کے ذریعہ اپنی اہلیہ راج لکشمی، فرزندسنتوش اور سنتوش کے فرزند دیوانسو ریڈی کے ساتھ منی کونڈا حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ پوڈور منڈل کے منّے گوڑہ کی دھرانی کاٹن مل کے قریب سامنے سے آنے والی تیزرفتار کوالیس گاڑی کا ایکسل ٹوٹ گیا اور وہ ان کی کارسے ٹکراگئی۔
حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ جائے حادثہ پر ہی ملک ارجن ریڈی 65 سالہ، راج لکشمی 50 سالہ اور ان کا پوتا دیوانسو ریڈی 6 سالہ ہلاک ہوگئے جبکہ سنتوش ریڈی شدید زخمی ہوگیا شدید زخمی سنتوش ریڈی کو علاج کی غرض سے فوری حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔
اس حادثہ کی اطلاع پر چینگیمول پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تینوں نعشوں کا پنچنامہ انجام دیا اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے سرکاری ہسپتال کو منتقل کیا۔
حیدرآباد۔بیجاپور اس انتہائی مصروف ہائی وے نمبر 44 پر پیش آئے اس خوفناک سڑک حادثہ اور اس حادثہ میں تینوں کی ہلاکت کے بعد ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا تھا۔
اس حادثہ میں کوالیس گاڑی کے ڈرائیور کی غلطی کے باعث ملک ارجن ریڈی ،راج لکشمی اور ایک معصوم لڑکے کی ہلاکت کا منظر انتہائی دلخراش تھا جسے دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے مسافرین کی آنکھیں بھی اشکبار ہوگئیں۔
چینگیمول پولیس اس حادثہ کے بعد ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے۔حادثہ کی ذمہ دار کوالیس گاڑی اور اس میں سوار افراد کے متعلق تفصیلات کا علم نہیں ہوپایاہے۔