وقارآباد کے پدیمول موضع میں ہونے والا دھماکہ دیسی بم پھٹنے سے ہی ہوا تھا
ضلع ایس پی وقارآباد کی تصدیق،ضبط شدہ نمونے جانچ کے لیے لیاب روانہ ،تحقیقات جاری
وقارآباد/تانڈور:25۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل مستقر کے ساکن بیاگری یادیاکے مکان واقع ایس سی کالونی کے باہر آج صبح اچانک ایک پراسرار دھماکہ ہوا تھا جب اس دھماکہ کی آواز سے پریشان مکان کے اندر موجود افراد اور پڑوسی وہاں پہنچے تو یادیا کا بیٹا وینکٹ 19 سالہ شدید زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا۔
جس کے سر اور ہاتھوں پر شدید زخم آئے تھے۔اس دھماکہ میں شدید زخمی نوجوان کو اس کے افراد خاندان اور مقامی افراد نے فوری تانڈور کے گورنمنٹ ضلع اسپتال منتقل کیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور وہ ہسپتال میں ہی زیر علاج ہے۔
ابتدائی طور پر مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ یہ زوردار دھماکہ دیسی بم کے پھٹنے سے ہوا ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(رورل) جلندھر ریڈی،سب انسپکٹر پولیس پدیمول ایم اے غفار جائے مقام پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیاتھا۔
بعدازاں ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے بھی پدیمول پہنچ کر اس مکان اور دھماکہ کے مقام کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔فارنسک ٹیم اور بم اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔جن کی نشاندہی پر جائے مقام سے پولیس نے تھیلوں میں رکھا گیا مشتبہ پاؤڈر اور کچھ مادہ ضبط کرلیا ہے۔
بیاگری یادیا اور اس کے افراد خاندان کا پولیس سے کہنا تھا کہ گیس سیلنڈر پھٹنے کی وجہ سے یہ دھماکہ ہوا ہے!
تاہم ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ یہ دھماکہ دیسی بم پھٹنے سے ہی ہوا ہے اور پولیس نے اس دیسی بم کے تمام ٹکڑے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔
جسے جانچ کی غرض سے فورنسک لیاب کوروانہ کیا جائے گا اور فارنسک لیاب کی رپورٹ کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی کہ یہ دیسی کہاں سے لایا گیا تھا؟ بم کیوں اور کس نے تیار کیا تھا؟ اور یہ دھماکہ کیسے ہوا؟۔
ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے کہا کہ اس مکان سے مزید کوئی مشتبہ شئے برآمد نہیں ہوئی ہے اور پولیس تمام زاویوں سے اس دیسی بم کی تیاری اور دھماکہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
پولیس اور موضع کے افراد کو شبہ ہے کہ یہ دیسی بم باپ بیاگری یادیا اور اس کے بیٹے وینکٹ نے ہی تیار کیا تھا اور شاید وہ دیسی بموں کی تیاری کا تجربہ کررہ تھے؟
ضرورت شدید ہے کہ محکمہ پولیس انتہائی گہرائی کے ساتھ اس دیسی بم کی تیاری سے متعلق تحقیقات اور اس میں ملوث خاطیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائے۔