یکم محرم سے ہوگا عمرہ کا دوبارہ آغاز،بشمول ہندوستان 9 ممالک کے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن کے قورنطین سے گزرنا ہوگا

بین الاقوامی خبریں قومی خبریں

یکم محرم سے ہوگا عمرہ کا دوبارہ آغاز

بشمول ہندوستان 9 ممالک کے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن کے قورنطین سے گزرنا ہوگا

ریاض/سعودی عرب25۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

عمرہ عازمین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے یکم محرم (10 اگست 2021ء ) سے بین الاقوامی عازمین عمرہ کے لئے عمرہ کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کے عازمین عمرہ راست فلائٹ سے سعودی عرب پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم 9 ممالک کے عازمین عمرہ کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ کسی تیسرے ملک میں 14 روزہ قورنطین کی تکمیل کے بعد عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب آنا ہوگا۔

ان ممالک میں ہندوستان، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹینا، برازیل، جنوبی افریقہ اور لبنان شامل ہیں۔


سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے آنے والے تمام عازمین کے لئے لازمی ہوگا کہ انہوں نے فائزر ،مورڈینا ،ازٹرازینیکا یا جے اینڈ جے کمپنی کے کورونا ویکسین کے دونوں ویکسین لے چکے ہوں یا پھر چین کی تجویز کردہ مکمل خوراک یعنی فائزر، مورڈینا، ازٹرازینیکا یا جے اینڈ جے کمپنی کے کورونا ویکسین لے چکے ہوں۔

18سال سے زائد عمر کے افراد کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

اور ساتھ ہی یہ بھی لازمی ہوگا کہ عازمین عمرہ وزارت حج و عمرہ سعودی عرب کی جانب سے مسلمہ عمرہ ایجنسی کے ذریعہ سعودی عرب آئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ساری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث ملکت سعودی نے 4 مارچ 2020ء سے عمرہ کی ادائیگی کے سلسلہ کو روک دیا تھا دیگر ممالک سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔اُس حکم کے مطابق سعودی عرب میں موجود لوگوں کو تاہم عمرہ کرنے اور مسجد نبویؐ جانے کی اجازت تھی۔

ہر سال دنیا بھر سے کئی ملین مسلمان سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں جن کا مقصد مکہ میں عمرہ اور مدینہ میں مسجد نبویؐ  کی زیارت کرنا ہوتا ہے۔ خاص طور پر رمضان کے مہینے میں اس مقصد کے لیے سفر کرنے والوں کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے۔

سات ماہ کے وقفہ کے بعد 4 اکتوبر 2020ء سے سعودی عرب میں مسجد الحرام کے دروازے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے عازمین کے لیے کھول دیے گئے تھے۔سعودی عرب نے پہلے مرحلے میں مملکت میں مقیم 6 ہزار شہریوں اور تارکین وطن کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔

بعدازاں یکم نومبر 2020ء سے عمرہ کی بحالی کے تیسرے مرحلے کے آغاز پر 10 ہزار غیر ملکی مسلمان عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے