گورنمنٹ ضلع اسپتال تانڈور میں 43 رکنی طبی عملہ کا تقرر اور دو کروڑ مالیتی سی ٹی اسکیان مشین کی فراہمی جلد
اسپتال ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس،صدرنشین ضلع پریشدسنیتا مہندرریڈی،ضلع کلکٹر پوسومی باسواور دیگر کی شرکت
وقارآباد/تانڈور:13۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی نے کہا ہے کہ ضلع پریشد کی جانب سے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع اسپتال کی ترقی اور مریضوں کو بہترسہولتوں کی فراہمی کیلئے اب تک 70 لاکھ روپئے منظور کیے جاچکے ہیں۔
مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی جو کہ اس اسپتال کی ڈیولپمنٹ کمیٹی کی صدر نشین بھی ہیں کی صدارت میں پیر کو اسپتال کے کانفرنس ہال میں اسپتال کی ڈیولپمنٹ کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کلکٹر وقارآباد و نائب صدرنشین اسپتال ڈیولپمنٹ کمیٹی پوسومی باسو کے علاوہ صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،سپرنٹنڈنٹ اسپتال ڈاکٹر ملک ارجن سوامی،صدر انڈین میڈیکل اسوسی ایشن ڈاکٹر شیوموہن ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان شریک تھے۔
اس اجلاس میں صدر نشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی نے کہا کہ زچگیوں کی انجام دہی کے معاملہ میں تانڈور کا گورنمنٹ ضلع اسپتال ریاست میں تیسرے نمبر ہے اور اسپتال میں موجو د36؍رکن طبی عملہ تین شفٹوں میں دن رات خدمات انجام دینے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تانڈور کے اس گورنمنٹ ضلع اسپتال سے حلقہ اسمبلی تانڈور کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک اور پڑوسی ضلع محبوب نگر سے بھی علاج کی غرض سے روزآنہ بڑی تعداد میں مریض رجوع ہوتے ہیں اور اس اسپتال کی شبیہ عوام میں بہتر ہے چھوٹی موٹی کوتاہیوں کے باؤجود اسپتال کی کارکردگی بحیثیت مجموعی بہتر ہے۔مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی نے کہا کہ اسپتال کی ترقی کیلئے ضلع پریشد سے مزید فنڈس جاری کیے جائیں گے۔
ڈیولپمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی اسپتال کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان خدمات کو جاری رکھا جائے اور ان میں مزید بہتری پیدا کی جائے۔
اس اجلاس میں اسپتال کی ایک کروڑ دس لاکھ روپئے مالیتی سی ٹی اسکیان مشین کو اخباری اشتہار کے ذریعہ صرف 6 لاکھ روپئے میں فروخت کیے جانے پر شدید احتراض کیا اور کہا کہ صدرنشین کمیٹی کو اطلاع دئیے بغیر یہ اقدام کیا گیا ہے ساتھ ہی اسپتال انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ مستقبل میں اس طرح کی کوتاہیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ساتھ ارکان نے کہا کہ اؤٹ سورسنگ ملازمین کے تقررات اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی میں ایجنسی کی جانب سے بدعنوانیاں کی جارہی ہیں جسے فوری روکا جائے۔
ضلع کلکٹر ونائب صدرنشین ڈیولپمنٹ کمیٹی گورنمنٹ ضلع اسپتال تانڈورپوسومی باسو نے اس اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ تانڈور کے اس ضلع اسپتال میں بشمول ایک ایمبولنس ڈرائیور ، 20 نرسوں سمیت جملہ 43 جائدادوں پر جلد ہی تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔
اسی طرح اس اسپتال کیلئے دو کروڑ روپئے مالیتی سی ٹی اسکیان مشین کی منظوری بھی عمل میں لائی گئی ہے جسے جلد ہی اسپتال میں ایستادہ کیا جائے گا۔
ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے کہا کہ 14 کروڑ 50 لاکھ روپئے کے صرفہ سے حیدرآباد روڈ پر تعمیر شدہ 150 بستروں کے حامل مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر (جسے دو ماہ قبل ہنگامی حالات میں کوویڈ کیئر سنٹر میں تبدیل کیا گیا تھا) کو اندرون پانچ یوم تمام سہولتوں کیساتھ دوبارہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر میں تبدیل کرکے افتتاح کردیا جائے گا۔

ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے سپرنٹنڈنٹ ضلع اسپتال ڈاکٹر ملک ارجن سوامی کو ہدایت دی کہ وہ صدر نشین اسپتال ڈیولپمنٹ کمیٹی مسزپی۔سنیتا مہندرریڈی کی اجازت کے بغیر اپنی جانب سے کوئی فیصلے نہ کریں۔ضلع اسپتال میں جنرک میڈیکل شاپ کے قیام پر ارکان کے احتراض پر ضلع کلکٹر نے سپرنٹنڈنٹ ضلع اسپتال ڈاکٹر ملک ارجن سوامی کوہدایت دی کہ اس کے لیے جدید ٹنڈر طلب کرتے ہوئے قواعد کے تحت جنرک میڈیکل ہال قائم کیا جائے۔
ضلع کلکٹر نے ساتھ ہی سپرنٹنڈنٹ کو یہ ہدایت دی کہ ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے،اسپتال کو منظور ہونے والے فنڈس اور اخراجات اور جمع رقم سے متعلق رجسٹر بنایا جائے اور باقاعدہ اس کی آڈٹ کروائی جائے۔
ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے ہدایت دی کہ ڈاکٹر مقامی طورپر موجود رہ کر اسپتال سے رجوع ہونے والے مریضوں کو 24؍گھنٹے طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اس اجلاس میں رکن ضلع پریشد سرینواس ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان ، زیڈ پی ٹی سیز ، ایم پی ٹی سیز ،ڈاکٹرس اور دیگر شریک تھے۔

