سب انسپکٹر پولیس پدیمول چندراشیکھر اے سی بی کے جال میں، 30 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

سب انسپکٹر پولیس پدیمول چندراشیکھر اینٹی کرپشن بیورو کے جال میں

30 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

وقارآباد ؍تانڈور :13۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی ایک کارروائی میں آج شام ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود پدیمول منڈل پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے سب انسپکٹر پولیس چندراشیکھر ایک شخص سے 30 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس گئے۔

آج شام دیر گئے اے سی بی ٹیم کی جانب سے پدیمول پولیس اسٹیشن میں کیے گئے اس دھاوہ کی تفصیلات کے بموجب پدیمول منڈل کے موضع ممباپور کے ساکن ایم پی ٹی سی سرینواس سے غیر قانونی طریقہ سے ریت کی منتقلی کی اجازت دینے کیلئے سب انسپکٹر پولیس چندراشیکھر نے جملہ 50,000 روپئے بطور رشوت طلب کرتے ہوئے تین دن قبل سرینواس سے 20,000 روپئے حاصل کرلیے تھے۔

جس کے بعد سرینواس نے محکمہ اے سی بی سے سب انسپکٹر کے خلاف شکایت کی۔آج اے سی بی کی جانب سے بقیہ رقم 30,000 روپئے سرینواس کی جانب سے پدیمول پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر چندراشیکھر کے حوالے کیے جانے کے موقع پر اینٹی کرپشن بیورو کی قیادت میں جال بچھایا گیا تھا۔

سب انسپکٹر پولیس پدیمول چندراشیکھر کی جانب سے سرینواس کے پاس سے رشوت کی رقم قبول کیے جانے کے دؤران اے سی بی کی ٹیم نے ڈی ایس پی اے سی سوریہ نارائنا کی قیادت میں پدیمول پولیس اسٹیشن میں دھاوہ منظم کیا اور بطور رشوت حاصل کی جارہی رقم کو ضبط کرتے ہوئے سب انسپکٹر پولیس چندراشیکھر کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا اور سب انسپکٹر کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے انہیں اے سی بی کی ٹیم حیدرآباد منتقل کررہی ہے جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اے سی بی کے جال میں پھنسنے والے سب انسپکٹر پولیس پدیمول چندراشیکھر ( ویڈیو )

اس موقع پر ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سوریہ نارائنا نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ رشوت کے خاتمہ کیلئے وہ اینٹی کرپشن بیورو کی خدمات حاصل کریں اور کسی بھی سرکاری عہدیدار کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے پر اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت کریں تو ان بدعنوان اور رشوت خور عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔