وقارآباد ضلع میں آج 488 ملی میٹر بارش ریکارڈ ، تانڈور میں برقی مسدودی سے عوام پریشان
گزشتہ رات 6 گھنٹوں تک شہر اندھیرے میں غرق ، آئندہ دو دنوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی
وقارآباد/تانڈور: 13۔جولائی (سحر نیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع میں گزشتہ چند دنوں سے مانسون سرگرم ہے وقفہ وقفہ سے دھواں دھار،ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دؤران آج صبح 8 بجے تک ضلع وقارآباد میں جملہ 488.8 ملی میٹر (48سنٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان میں سب زیادہ 50 ملی میٹر بارش تانڈور ڈویثرن کے کوڑنگل میں اور 48.2 ملی میٹر بارش تانڈور میں ریکارڈ ہوئی ہے۔
جبکہ بھمرس پیٹ میں 46 ملی میٹر،وقارآباد میں 38.6 ملی میٹر، دوما 38 ملی میٹر، پوڈور میں 34.6 ملی میٹر، یالال میں 33 ملی میٹر، دھارور میں 32.2 ملی میٹر، بشیر آباد میں 28.4 ملی میٹر ، دؤلت آباد اور نواب پیٹ میں 20 ملی میٹر، کلک چیرلہ میں 30.4 ملی میٹر ، پرگی میں 17.4 ملی میٹر، بنٹارم میں 13 ملی میٹر ، مومن پیٹ میں 12 ملی میٹر اور مرپلی میں 11.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
کل اور آج ضلع کے مختلف مقامات بشمول تانڈور اور وقارآباد میں ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔اس بارش کے باعث پہلے ہی سے تباہ حال تانڈور کی تقریباً سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کررہی ہیں! جس کے باعث گاڑی سواروں اور راہرؤں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ماہ جون میں مانسون کے آغاز کے بعد سے ناکافی بارش کے باعث ضلع کے مختلف مقامات پر تور، مونگ ، کپاس ،اڑداور دیگر فصلوں کی تخم ریزی کرنے والے کسان پریشان تھے اب ہونے والی بارش سے کسانوں میں خوشی کی لہر دؤڑگئی ہے۔
دوسری جانب تانڈور میں ہلکی بارش کے آغاز کیساتھ ہی دن اور رات کے اؤقات محکمہ برقی کی جانب سے فوری برقی مسدود کردئیے جانے سے عوام پریشان ہیں۔
گزشتہ رات 9 بجے اچانک برقی مسدود کردی گئی جبکہ اس وقت بارش بھی جاری نہیں تھی بعد ازاں رات 3 بجے برقی سربراہی بحال کی گئی اس طرح پورے 6 گھنٹوں تک تانڈور شہر اندھیرے میں غرق رہا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رات کے وقت اتنے طویل وقفہ تک برقی سربراہی مسدود کیے جانے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے!!
دوبارہ آج صبح سے شام تک برقی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ برقی کے عہدیداروں سے عوامی مطالبہ ہے کہ تانڈور میں جاری برقی کی آنکھ مچولی اور وقفہ وقفہ سے برقی کی مسدودی کے سلسلہ کو فوری بندکیا جائے اور موثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بشمول حیدرآباد اورضلع وقارآباد ریاست کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ چوکس رہیں۔