تانڈور کے کوویڈکیئر سنٹر میں زیر علاج خاتون لاپتہ ، پولیس اسٹیشن میں شکایت درج

تانڈور کے کوویڈکیئرسنٹر میں زیرعلاج خاتون لاپتہ ، پولیس اسٹیشن میں شکایت درج

وقارآباد/تانڈور: 28۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

تانڈور میں حیدرآباد روڈ پر موجود مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر کی عمارت میں قائم 100 بستروں کے حامل کوویڈ کیئر سنٹر سے ایک خاتون اس کے رشتہ داروں کے بموجب اس ہسپتال میں داخلہ کے دودن بعد ہی خاتون لاپتہ ہوگئی ہے۔

لاپتہ خاتون کے افراد خاندان کے بموجب موضع لنگم پلی،بھمرس پیٹ منڈل کی ساکن دیاوری چندرماں(50سالہ) 8 دن قبل کوویڈسے متاثر ہوئی تھی جسے انہوں نے علاج کی غرض سے 26 مئی کو تانڈور کے اس کوویڈ کیئر سنٹر میں داخل کروایا تھا اور اس خاتون کے ساتھ اسکے بیٹے بھی تھے تاہم کوویڈ پروٹو کال کےتحت انہیں ہسپتال میں داخلہ کی اجازت نہ دئیے جانے کے باعث وہ ہسپتال کے باہر قیام کیے ہوئے تھے۔

رشتہ داروں کے بموجب کل شام جب اس خاتون کے بیٹے اپنی ماں کو دیکھنے کی غرض سے ہسپتال میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں ہسپتال کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تاہم کسی طرح کل شام سات بجے وہ وارڈ میں پہنچے تو خاتون وہاں موجود نہیں تھی اس سلسلہ میں انہیں ہسپتال انتظامیہ نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں تو انہوں نے اپنی ماں کو ہسپتال کے احاطہ اور قریبی مقامات پر تلاش کیا تاہم کوئی سراغ نہیں ملا۔

آج صبح دوبارہ شام تک تلاش کے باوجود لاپتہ خاتون کا کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا ہے جس پر آج شام اس خاتون کے داماد تلاری بسواراج نے یالال پولیس اسٹیشن میں چندرماں کی ہسپتال سے گمشدگی کی شکایت درج کروائی ہے۔

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندھر ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی گمشدگی سے متعلق شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔جبکہ اس معاملہ میں کوویڈ کیئر سنٹر کے انتظامیہ یا ذمہ داران کی جانب سے اب تک کوئی بیان نہیں آیا ہے!!