کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی،باراتیوں کو لے جارہی آرٹی سی بس کو پولیس نے ضبط کرلیا
20؍موٹرسیکلیں، کاریں اور آٹو رکشاء بھی ضبط : سرکل انسپکٹر تانڈور رورل جلندھر ریڈی
وقارآباد/تانڈور:28۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
کوویڈ وباء سے خوفزدہ تو ہر کوئی نظرآتا ہے لیکن اس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی اقدامات کو نظرانداز بھی کیا جارہاہے جس میں ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلہ ضروری ہے اور ان کوویڈ قواعد پر عمل نہ کرنے پر پولیس جرمانے بھی عائد کررہی ہے اور گاڑیاں بھی ضبط کی جارہی ہیں۔
ایسے میں آج تانڈور میں کرنکوٹ پولیس نے ایک آرٹی سی بس کو ضبط کرلیا ہے جو کہ خود ایک سرکاری ملکیت ہے اور کوویڈ قواعد کو نظرانداز کرتے ہوئے شادی کے باراتیوں کو لے جارہی تھی۔

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) جلندھر ریڈی نے بتایا کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے دؤران وہ اپنے ماتحت عملہ کیساتھ گوتاپورچیک پوسٹ کے قریب گاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھے کہ اسی دؤران پرگی ڈپو سے وابستہ آرٹی سی بس کو روکا گیا۔
جوکہ کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمرس پیٹ منڈل سے کرنکوٹ شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے 60 باراتیوں کو لیکر جارہی تھی جس پر پولیس نے اس بس کو ضبط کرتے ہوئے کرنکوٹ پولیس اسٹیشن کو منتقل کیا گیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) جلندھر ریڈی نے بتایا کہ اسی تلاشی مہم کے دؤران 14 موٹرسیکلیں،کاریں اور آٹو رکشاء بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل کرنا لازمی ہے اور لاک ڈاوؤن میں وقفہ کے دؤران بھی عوام دس بجے دن سے قبل اپنے اپنے مکانات پہنچ جائیں خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا بھی سرکل انسپکٹر نے انتباہ دیا۔
