چیف منسٹر تلنگانہ ورنگل پہنچ گئے،ایم جی ایم ہسپتال میں زیرعلاج کوویڈ متاثرین سے ملاقات کریں گے

چیف منسٹر تلنگانہ ورنگل پہنچ گئے،ایم جی ایم ہسپتال میں زیرعلاج کوویڈ متاثرین سے ملاقات کریں گے

ورنگل/حیدرآباد:21۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ آج دوپہر ورنگل پہنچ گئے جہاں وہ ضلع کے سب سے بڑے کوویڈ ہسپتال مہاتماگاندھی میموریل ہسپتال(ایم جی ایم) کا دؤرہ کرتے ہوئے اس ہسپتال میں زیر علاج کوویڈ کے مریضوں سے راست ملاقات کریں گے اور ساتھ ہی اس ہسپتال میں زیر علاج دیگر مریضوں سے ملاقات کے علاوہ ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔

یاد رہے کہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے دو دن قبل ریاست میں کوویڈ متاثرین کے علاج کا سب سے بڑا مرکز مانے جانے والے سکندرآباد کے گاندھی ہسپتال کا بھی تفصیلی دؤرہ کرتے ہوئے زیر علاج کوویڈ متاثرین سے راست ملاقات کی تھی اور انہیں تیقن دیا تھا کہ وہ ہمت اور حوصلہ کیساتھ اپنا علاج کروائیں اور انکے بہترعلاج کیلئے حکومت تمام اقدامات کررہی ہے۔

اطلاع ہے کہ ریاست کے دیگر ہسپتالوں کا بھی دؤرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر ان ہسپتالوں میں زیر علاج کوویڈکے متاثرہ مریضوں سے ملاقات کریں گے تاکہ مریضوں کیساتھ ساتھ ریاست کے عوام کو بھی یہ پیغام دیا جائے کہ وہ جاریہ کوروناوائرس کی وباء اور اسکے علاج سے متعلق خوف اور اندیشوں کا شکار نہ ہوں!

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ آج دوپہر حیدرآباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ورنگل کے ہنمکنڈہ آرٹس اینڈ سائنس کالج کے گراؤنڈ پہنچے اور وہاں سے بذریعہ کار ایک بجے دن ایم جی ایم ہسپتال پہنچ گئے۔

بعدازاں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ ورنگل کی سنٹرل جیل کا دؤرہ کریں گے۔یاد رہے کہ کاکتیہ میڈیکل کالج ورنگل سے ملحقہ اس جیل کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کا حکومت نے حال ہی میں منصوبہ بنایا ہے۔اس جیل کے مشاہدہ کے بعد چیف منسٹر کے۔ چندرا شیکھر راؤ اس جیل میں ہسپتال کے قیام سے متعلق قطعی فیصلہ کریں گے۔

بعدازاں ضلع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء ایرا بیلی دیاکر راؤ،ستیہ وتی راتھوڑ،ریاست اورضلع کے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ ایک جائزہ اجلاس منعقد کریں گے اور شام 4 بجے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔