وقارآباد ضلع میں پُرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے پولیس چوکس رہے : ضلع ایس پی سنیہا مہرہ کی ویڈیو کانفرنس

وقارآباد ضلع میں پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے پولیس چوکس رہے
انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ، رقم اور شراب کی منتقلی کو روکنے تلاشی مہم میں شدت پیدا کی جائے
ضلع ایس پی سنیہا مہرہ کی ویڈیو کانفرنس، پولیس عہدیداروں کو سخت ہدایات 

حیدرآباد/وقارآباد : 29؍نومبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نےضلع کے پولیس عہدیداروں کو سخت ہدایت دی ہےکہ ضلع میں تین مرحلوں میں ہونے والے سرپنچوں کے انتخابات کے پرامن اور صا ف و شفاف انعقاد کے لیے چوکس رہیں۔گذشتہ شام دیر گئے دفتر ایس پی وقارآباد سے ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ نے زوم ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ اجلاس میں ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس عہدیداروں اور ملازمین پولیس کو ہدایت دی ہیکہ ان انتخابات کے دوران سخت پولیس بندوبست کیا جائے۔

ضلع ایس پی نے کہا کہ وقارآباد ضلع 582؍ مواضعات کے 608؍ انتخابی مقامات پر موجود 4,956 ؍ پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہی ہوگی جہاں پولیس کی جانب سے پرامن رائے دہی کے انعقاد کےلیےمنصوبہ بندی کیساتھ تمامتر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے کہا کہ ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق  Election Code نافذ ہوچکا ہے اور اس پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں پر فوری کیس درج کیے جائیں۔ضلع ایس پی نے ہدایت دی کہ رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لیے رقم، شراب اور دیگر اشیاء کی منتقلی اور فراہمی کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت نظر رکھتے ہوئے تلاشی مہم میں شدت پیدا کی جائے بالخصوص ایس ایس ٹی اورفلائنگ اسکواڈ ہمیشہ چوکس رہیں۔

"یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق Election Codeکے دوران کسی بھی شخص کو اپنے ساتھ 50 ہزار روپئے
سے زائد نقد رقم لے کر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اگر رقم اس سے زائد ہوتو اس کے ساتھ رقم سے متعلق قابل قبول دستاویز ات کا ہونا لازمی ہوتا ہے ورنہ چیکنگ کے دوران پولیس کی جانب سے اس رقم کو ضبط کرلیا جاتا ہے۔لازمی ہے کہ مقامی طور پر یاسفر پر جانے والے افراد اپنے ساتھ50 ہزار روپئے سے زائد رقم نہ لے جائیں اگر رقم لے جانا ضروری ہوتو اس کے متعلق جائز دستاویزات اپنے پاس رکھتے ہوئے پولیس کو دکھائیں۔”

ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی پہلے ہی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں زائد پولیس بندوبست کیا جائے۔ضلع ایس پی نے ضلع میں امن و امان کی فضا کو مکدر کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے پرانے جرائم پیشہ افراد، روڈی شیٹرس، انتخابی اور دیگر مشتبہ افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بائنڈوورکرنے اور ساتھ ہی بندوق کے لائسنس رکھنےوالوں کے پاس سے ان کے اسلحہ پولیس اسٹیشنوں میں جمع کرلینے کی ہدایت بھی دی 

اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل ذمہ داری کیساتھ دیگر محکمہ جات کے متعلقہ عہدیداروں کیساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ پرامن انتخابات کے انعقاد اور رائے دہندوں کو پرامن ماحول میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے انتباہ دیا کہ اپنی ذمہ داریوں کے تئیں تساہلی برتنے والے پولیس عہدیداروں اور پولیس ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس ویڈیو کانفرنس کے موقع پر ایڈیشنل ایس پی بی۔راملو نائیک، ڈی ایس پی ڈسٹرکٹ ٹریننگ سنٹر (ڈی ٹی سی) سرینواس، ڈی ایس پی وقارآباد سرینواس ریڈی، ڈی ایس پی تانڈور بی۔یادیا اور ڈی ایس پی پرگی سرینواس کے علاوہ ضلع کے دیگر پولیس عہدیداران موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں ” 

تانڈور اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا خطاب