گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور کے سائن بورڈ پر گورنمنٹ جنرل ہسپتال کوڑنگل کا سائن بورڈ !
سوشل میڈیا پر ویڈیو اور تصاویر وائرل،عوام حیرت زدہ، سابق رکن اسمبلی روہت ریڈی کی تنقید
وقارآباد/تانڈور : 03۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
آج شام دیر گئے وقارآبادضلع کے تانڈور میں موجود گورنمنٹ ضلع ہسپتال کےسائن بورڈ پر عجیب و غریب نظارہ دیکھ کر جہاں عوام حیرت زدہ ہوگئے وہیں سیاسی قائدین اور عوامی نمائندوں کےلیے بھی یہ مسئلہ تعجب کاباعث بن گیا۔اس سائن بورڈ کے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تو اسے کانگریس حکومت کی ناکامی کا نام دیا گیا تاہم اندرون چند گھنٹے یہ مسئلہ حل ہوگیا اور ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے اس سے متعلق وضاحت کی تو اس سے مزاح کا ایک اور پہلو سامنے آگیا۔!!
دراصل آج شام دیر گئے تانڈور ٹاون کے درمیان موجود 200 بستروں کےحامل گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور کے بلدیہ کی جانب موجود گیٹ پر آویزاں سائن بورڈ پر کنٹراکٹر نے ” گورنمنٹ جنرل ہسپتال۔کوڑنگل ” کا بیانر لگا دیا جو انگریزی اور تلگو میں تحریر شدہ تھا۔
اس منظر کو دیکھنے والے حیرت زدہ ہوگئے اور مختلف قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ کوڑنگل چونکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کا اسمبلی حلقہ ہے جو کہ تانڈور سے صرف 18 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہے تو شاید تانڈور کے اس گورنمنٹ ضلع ہسپتال کو کوڑنگل میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔!!
اس واقعہ کے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے فوری بعد عوام اور اپوزیشن بی آر ایس قائدین اور کارکنوں میں برہمی پیدا ہوگئی اور بی آرایس کے چند مقامی قائدین اور نوجوان ہسپتال پہنچ گئے اور اس سائن بورڈ کو پھاڑ کر پھینک دیا۔
دوسری جانب جب میڈیا نے اس واقعہ کی اصل وجہ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈورکے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیٹی روی شنکر سےدریافت کی تو ان کا کہنا تھا کہ کنٹراکٹر کی غلطی کے باعث ایسا ہوا کہ کوڑنگل کے گورنمنٹ جنرل ہسپتال پر لگانے کے بجائے کنٹراکٹر نے سائن بورڈ تانڈور کے ہسپتال پر لگا دیا۔!!
وہیں اس معاملہ میں چند عینی شاہدین نے بتایا کہ جب اس سائن بورڈ کو نصب کیا جا رہا تھا تب ہی ان لوگوں نے سوال کیا تو سائن بورڈ نصب کرنے والوں نے انہیں بتایاکہ اس سائن بورڈ کو کوڑنگل میں نہیں بلکہ تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال پر ہی لگانے کی ہدایت دی گئی ہے !! تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس عہدیدار نے کنٹراکٹر کو ایسی ہدایت دی تھی؟
اس واقعہ کے بعد آج رات دیر گئے سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع کے ایک اسمبلی حلقہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال کو استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس پارٹی قائدین اور مقامی عہدیدار مرکزی محکمہ صحت اور تانڈور کےعوام کو غلط باور کروارہے ہیں اور ایک سازش کےتحت ایک اسمبلی حلقہ کی ترقی کے لیے تانڈور کے ضلع ہسپتال کو استعمال کیا جا رہا ہے جو کہ ناقابل قبول اور غلط اقدام ہے۔

سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ تانڈور کے عہدیداروں کے ذریعہ یہ کہنا کہ کنٹراکٹر کی غلطی سے سائن بورڈ یہاں نصب کیا گیا تھا غلط ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "
مکاتب کا نظام امت مسلمہ میں صالح انقلاب پیدا کرنے کا واحد ذریعہ، جمعیۃ علماء وقارآباد ضلع کا سالانہ اجلاس عام، مفتی سید عفان منصور پوری، مولانا محمد عبدالقوی کا خطاب
بلدیہ تانڈور کی پانچ سالہ معیاد ختم، آخری اجلاس کا انعقاد، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی شرکت، بی آر ایس کے ارکان بلدیہ کا احتجاج
