مکاتب کا نظام امت مسلمہ میں صالح انقلاب پیدا کرنے کا واحد ذریعہ
اپنے اور اپنے متعلقین کے ایمان کی فکر کے بغیر ایمان کے تحفظ کا خیال خام خیالی
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا سالانہ اجلاس عام، مفتی سید عفان منصور پوری،مولانا محمد عبدالقوی اور دیگر کا خطاب
وقارآباد/تانڈور : 27۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
مفتی سید عفان منصور پوری صاحب،شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ امروہہ (اتر پردیش) نے کہا ہیکہ ایمان اللہ کی عطاء کردہ نہایت گراں قدر اور عظیم نعمت ہے اور ہر آن اس کے تحفظ کی فکر کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
وہ گذشتہ رات جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کی زیر سرپرستی یہاں کے میٹرو فنکشن ہال میں منعقدہ سالانہ اجلاس عام سے خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں مفتی سید عفان منصور پوری صاحب نے کہا کہ اپنے ساتھ ساتھ اپنی اولاد اور متعلقین کے ایمان کی فکر کیے بغیر ایمان کے محفوظ رہنے کی امید کرنا خام خیالی ہے اور ایمان کی حفاظت کی عملی کوششوں کے ساتھ قرآن و احادیث میں منقول مسنون دعاؤں کا بھی اہتمام کرنا چاہئے۔

اس اجلاس سے مولانا محمد عبدالقوی صاحب صدر دینی تعلیمی بورڈ وناظم ادارہ اشرف العلوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکاتب کا نظام امت مسلمہ میں صالح انقلاب پیدا کرنے کا واحد ذریعہ ہے اور اس ذمہ داری کو ادا کرنے میں علماء،حفاظ کےساتھ ساتھ علاقے کے معزز و متمول احباب کی بھی ذمہ داری ہیکہ اس کام کو وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہوئے اس کو ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی فکر کریں۔

اس اجلاس عام سے حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب،ناظم عمومی جمعیتہ علماء تلنگانہ اور مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب ،صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوام کو اپنے بچوں کے دین وایمان کے تئیں فکر کرنے اور مکاتب کی تعلیم کو ضروری سمجھنے کی تلقین کی۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صاحب،صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نےجمعیۃ علماء کے شعبہ جات پرتفصیلی روشنی ڈالتےہوئے جمعیۃ کی کارکردگی اور آئندہ کے عزائم بیان کیے اور جمیع اراکین جمعیۃ اور خیر خواہان اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
اس اجلاس عام میں مدرسہ قاسم العلوم ٹرسٹ تانڈور کے 7 خوش نصیب حفاظ کرام کی دستار بندی اور جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے مکاتب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے 170 طلباء کو تہنیت بھی پیش کی گئی نیز جمعیۃ علماء کے مکاتب کے نگران و ذمہ داران اور اساتذہ مکاتب کو یادگار مومنٹوز پیش کیے گئے۔
اجلاس کی کاروائی مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے چلائی۔

اس اجلاس عام میں حیدر آباد، سنگا ریڈی، ظہیر آباد کے علاوہ کرناٹک کے گلبرگہ،بیدر،چنچولی اور سیڑم کے بشمول وقارآبادضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات کے ذمہ دار علماءکرام،اسمبلی حلقہ تانڈور کےتمام دیہاتوں سے بڑی تعداد میں عوام وخواص اور خواتین کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔

” یہ بھی پڑھیں "
بلدیہ تانڈور کی پانچ سالہ معیاد ختم، آخری اجلاس کا انعقاد، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی شرکت، بی آر ایس کے ارکان بلدیہ کا احتجاج