رکن اسمبلی تانڈور کو بزرگ مسلم خاتون نے اپنے ایک ماہ کے وظیفہ کی رقم کا عطیہ دیا، پائلٹ روہت ریڈی خوشی سے سرشار، خاتون سے لیں دعائیں

رکن اسمبلی تانڈور و بی آر ایس امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کی انتخابی مہم کا آغاز
رکن اسمبلی کو بزرگ مسلم خاتون نے اپنے ایک ماہ کے وظیفہ کی رقم کا عطیہ دیا

وقارآباد/تانڈور: 19؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ضلع وقار آباد میں موجود حلقہ اسمبلی تانڈور کے رکن اسمبلی و تلنگانہ اسمبلی انتخابات 2023 کے بی آر ایس پارٹی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ کے ہاتھوں 15 اکتوبر کو بی۔فارم حاصل کرنے کے بعدگزشتہ تین دنوں سے حلقہ اسمبلی کے مختلف منڈلات اور مواضعات میں باقاعدہ اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہوگئے ہیں۔منڈلات اور مواضعات میں ان کے جلسوں میں بڑی تعداد میں عوام اور پارٹی کارکن شرکت کر رہے ہیں۔

آج بی آر ایس پارٹی تانڈور ٹاؤن کا ایک جلسہ پدیمول منڈل کے موضع گوٹلا پلی میں منعقد کیا گیا۔جس میں بڑی تعداد میں عوام پارٹی قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔

اس جلسہ میں شریک بزرگ مسلم خاتون شاہدہ بیگم جوکہ اندرا نگر، تانڈور کی رہائشی بتائی گئی ہیں نے اسٹیج پر پہنچ کر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو اپنے ایک ماہ کے وظیفہ برائے پیرانہ سالی کی رقم حوالے کرتے ہوئے کہاکہ وہ رکن اسمبلی کو یہ رقم انتخابی مہم کےخرچ کےلیے بطور عطیہ دے رہی ہیں،جو کہ حکومت کی آسرا اسکیم کے تحت انہیں ہر ماہ حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر اور رکن اسمبلی تانڈور نے تمام طبقات کو فائدہ پہنچایا ہے۔

اس واقعہ سے سرشار رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے احترام کےساتھ بزرگ خاتون سے رقم کا عطیہ حاصل کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ان سے گزارش کی کہ ان کی کامیابی کے لیے وہ انہیں آشیرواد دیں، تو اس بزرگ خاتون نے ان کے سر پر اپنا ہاتھ رکھ کر دوبارہ کامیابی کے لیے دعاء دی۔
ویڈیو اور تفصیلات "

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/290974190497759

اس موقع پر اسٹیج پر موجود صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ،رکن بلدیہ محمدمختار احمد ناز،پارٹی قائدین پٹلولا نرسملو،معز خان،امتیازبابا،سنتوش گوڑ،دیگر قائدین اور کارکنوں نے بزرگ خاتون شاہدہ بیگم کے اس جذبے کی سراہنا کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب پارٹی سپریمو کے۔چندراشیکھر راؤ سے بی۔فارم حاصل کرنےکے دوسرے ہی دن سے رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوارحلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے میدان میں اتر کر اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔اس سلسلہ میں انہوں نے 16 اکتوبر کو اپنی انتخابی مہم کا آغاز اپنے آبائی منڈل بشیر آباد سےکیا۔ بعد ازاں اسی دن پدیمول اور کوٹ پلی منڈلات میں اور آج تانڈور ٹاؤن کا جلسہ گوٹلا پلی میں منعقد کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی نےجلسوں سے خطاب کیا۔جس میں بڑی تعداد میں عوام،پارٹی قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔

موضع لکشمی نارائن پور، اگنور، گوٹلاپلی ، یالال اور تانڈور منڈلات میں اپنی انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ ان کے جھوٹے پروپگنڈہ اور الزامات پر ریاست اور تانڈور کے رائے دہندے یقین نہیں کریں گے۔ریاست میں تیسری مرتبہ بی آرایس پارٹی کو شاندار اکثریت کے ساتھ اقتدار پر واپس لائیں گے اور کے سی آر بحیثیت وزیراعلیٰ تیسری مرتبہ ہیٹ ٹرک ریکارڈ کے ساتھ ریاست کا اقتدار سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مختلف اسکیمات سے ریاست کے تمام طبقات مستفید ہو رہے ہیں اور ترقی کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں اول نمبر پرہے۔رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بی جے پی پرتنقید کرتےہوئے کہاکہ وہ جمہوریت پر شب خون مارنےمیں مصروف ہے۔انہوں نے یاد دہانی کی کہ کیسے انہوں نے چند ماہ قبل تلنگانہ میں بشمول ان کے بی آر ایس پارٹی کے ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش کا پردہ فاش کیا تھا۔!!

رکن اسمبلی تانڈور نے ان مواضعات میں منعقدہ عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں انہوں نے حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کے جو وعدے کیے تھے ان کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے عوام میری خدمات سے بخوبی واقف ہیں اور آئندہ ماہ منعقدہ انتخابات میں ان کی کامیابی کےبعد حلقہ کی مزید تاریخی ترقی کابھی تیقن دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ان کے خلاف انتخابات کے دوران افواہوں اور جھوٹ پر مبنی پروپگنڈہ پر یقین نہ کریں۔

پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے جلسوں میں عوام کو بتایا کہ مذکورہ منڈلات،تانڈور کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انہوں نے گزشتہ پانچ سال کے دوران کیا کیا اقدامات کیے ہیں اور حکومت سے کتنے کروڑ روپئے کے فنڈز منظور کر وائے گئے۔ساتھ ہی رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوارحلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کانگریس پر تنقید کرتےہوئےکہاکہ اس پارٹی کو تانڈور میں مقابلہ کے لیے امیدوار دستیاب نہیں ہیں اس لیے غیر مقامی پڑوسی ضلع سے امیدوار کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔!!

گزشتہ چار دنوں کے دوران پائلٹ روہت ریڈی نے حلقہ اسمبلی تانڈور کے پانچ منڈلات بشیر آباد، یالال،کوٹ پلی، پدیمول اور تانڈورمنڈل کے علاوہ آج تانڈور ٹاؤن کے جلسہ کا گوٹلا پلی میں انعقاد عمل میں لاتے ہوئے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔جس میں صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ، نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،رکن بلدیہ محترمہ سیدہ سلمیٰ زبیر فاطمہ،کرنم پرشوتم راؤ،سری شیل ریڈی،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی ونی سرینواس چاری، بالیشور گپتا،وٹھل نائیک،سرینواس چاری، اور دیگر شریک ہو رہے ہیں۔