وقارآباد میں تلاشی مہم کے دوران حیدرآباد سے تانڈور جا رہی کار سے دس لاکھ روپئے ضبط

وقارآباد میں تلاشی مہم کے دوران حیدرآباد سے تانڈور جا رہی کار سے دس لاکھ روپئے ضبط
ضبط شدہ رقم محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کر دی جائے گی: سرکل انسپکٹر پولیس سرینواس

وقارآباد : 10۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

کل 9 اکتوبر،بروز پیر الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے کے ساتھ ہی ساری ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق Election Code# نافذ ہوگیا ہے،جو کہ انتخابات کے اختتام تک جاری رہے گا۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےدوران کسی بھی سفر کے یا مقامی طور پر کہیں آنے جانے کے دوران ایک شخص کےپاس 50 ہزار روپئے نقد رقم رکھنےکی ہی اجازت ہوگی۔اگر اس سے زائد رقم،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء منتقل کی جارہی ہوں تو لازمی طور پر اس کی وجوہات اور رقم ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سےمتعلق جائز دستاویزات اور رسائد ساتھ رکھنا ہوگا۔ورنہ تلاشی مہم کے دوران پولیس اور انتخابی ڈیوٹی پر موجود عہدیدار 50 ہزار روپئے سے زائد پر مشتمل نقدرقم اور مذکورہ اشیاء کو ضبط کرلیں گے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوسرے دن آج 10 اکتوبر کی دوپہر 12 بجے وقارآبادضلع میں پولیس کی جانب سے بڑی مقدار میں رقم کی ضبطی کا پہلا واقعہ پیش آیا ہے۔وقارآباد مستقر کے این ٹی آر چوک پر گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دوران حیدرآباد سے تانڈور جانے والی ایک ورنا کار سے پولیس نے دس لاکھ روپئے ضبط کرلیے ہیں۔

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نے میڈیا کو بتایا کہ اچانک گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دؤران ایم جی نگر، مانصاحب ٹینک، آصف نگر، حیدرآباد کے ساکن بزنس مین محمد محیط کی کار نمبر TS 09 FA 2737 کی تلاشی کے دوران اس کار میں موجود بیگ میں 10 لاکھ روپئے کی نقد رقم پائی گئی جس کے جائز اور قابل قبول دستاویزات موجود نہیں تھے۔بعدازاں یہ رقم ضبط کرلی گئی۔

سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس کے مطابق رقم کے مالک محمد محیط نے بتایا کہ وہ کار خریدنے کی غرض سے حیدرآباد سے تانڈور جا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/307285038698290

 

انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دؤران عوام کے لیے رہنمایانہ خطوط  کی مکمل تفصیلات اس لنک پر "

تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ، گاڑیوں کی تلاشی مہم کا آغاز، کلکٹر اور ایس پی وقارآباد ضلع کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری

” تلنگانہ میں ہونے والے انتخابات کی تفصیلات اس لنک پر "

تلنگانہ ، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کا بِگل بج گیا، تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ اور 3 ڈسمبر کو نتائج