حیدرآبادکسٹمز کمشنریٹ نے 468 کروڑ کی منشیات اور 4 کروڑ کی سگریٹ کی چھڑیاں جلا کر ضائع کر دیں، سونا، بیرونی کرنسی اور سگریٹ ضبط

حیدرآبادکسٹمز کمشنریٹ نے 468 کروڑ کی منشیات اور 4 کروڑ کی سگریٹ کی چھڑیاں جلا کر ضائع کر دیں
64 لاکھ روپئے مالیتی ایک کلو سے زائد سونا کے علاوہ 26 لاکھ مالیتی بیرونی کرنسی اور سگریٹ ضبط

حیدرآباد : 10۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کسٹم کمشنریٹ نے آج منگل کے دن تقریباً 216.69 کلوگرام منشیات کو جلاکر ضائع کردیا۔عہدیداروں کےمطابق ضائع کی جانےوالی ان منشیات کی قیمت زائداز 468 کروڑ روپے تھی۔ان منشیات کو حیدرآباد کےراجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرمختلف مواقع پرمسافرین کے قبضہ سے ضبط کیا گیا تھا۔دندیگل، میڑچل اور ملکاجگیری میں موجود حیدرآباد ویسٹ منیجمنٹ پروجیکٹ میں ان منشیات کو جلا دیا گیا۔

محکمہ کسٹمز کمشنریٹ حیدرآباد کی جانب سے آج جلا کر ضائع کی جانے والی منشیات میں 27 کلو 91 گرام ہیروئن، 136 کلو 28 گرام میفیڈرون اور 52.50 کلو گرام گانجہ شامل ہے۔کسٹمز کمشنریٹ حیدرآباد کے عہدیداروں کے مطابق آج جلاکر ضائع کی گئیں منشیات جنوبی آفریقہ، نائجیریا، تنزانیہ، بینن اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والےمسافروں کے قبضہ سے ضبط کی گئی تھیں۔آج تباہ کی گئیں ان منشیات کے ساتھ 40 لاکھ اسمگل شدہ سگریٹ کی چھڑیاں بھی شامل ہیں جن کی مالیت 4 کروڑ روپئے تھی۔

دوسری جانب حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (شمس آباد ایئر پورٹ) پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے قبضہ سے سونا اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔

محکمہ کسٹمز حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کی جانب سے آج جاری کردہ اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع کے بعد 8 اکتوبر کو سنگاپور ایئر لائنس سے حیدرآباد پہنچنے والے دو مسافروں کے قبضہ سے 14 لاکھ 74 ہزار روپئے مالیتی بیرونی کرنسی ضبط کرلی گئی ۔

اسی طرح 9 اکتوبر کو محکمہ کسٹمز حیدرآباد کے عہدیداروں نے کمبوڈیا سے آنے والے دو مسافروں کی خصوصی پروفائلنگ کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 17 ہزار 600 سگریٹ کی چھڑیا ں ضبط کرلیں جن کی مالیت 11 لاکھ 60 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔

جبکہ 9 اکتوبر کو ہی مصدقہ اطلاع کے بعد مسقط سے آنے والے ایک مسافر ی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے 18 لاکھ 17 ہزار روپئے مالیتی 317 گرام سونا ضبط کرلیا گیا۔جو کہ سونا کے بسکٹ کو دو حصوں میں توڑ کر اور ایک چین کی شکل میں لایا گیا تھا۔

اسی طرح آج 10 اکتوبر کو بحرین سے حیدرآباد پہنچنے والے ایک مسافر کی خصوصی پروفائلنگ کی بنیاد پر محکمہ کسٹمز کے عہدیداروں نے تلاشی لی جس کے قبضہ سے 46 لاکھ 13 ہزار روپئے مالیتی 782 گرام سونا ضبط کرلیا گیا۔اس سونا کو پیسٹ کی شکل کےعلاوہ اس مسافر نے چار کیپسول کی شکل میں اپنی بڑی آنت میں چھپاکر لایا تھا۔ان تمام مسافروں کے خلاف تحقیقات اور قانونی کاررائی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں "

وقارآباد میں تلاشی مہم کے دوران حیدرآباد سے تانڈور جا رہی کار سے دس لاکھ روپئے ضبط

 

تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ، گاڑیوں کی تلاشی مہم کا آغاز، کلکٹر اور ایس پی وقارآباد ضلع کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری