وقارآباد ضلع : تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران 8 لاکھ روپئے ضبط

وقارآباد ضلع :
تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران 8 لاکھ روپئے ضبط

وقارآباد/تانڈور : 12۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ْ

تلنگانہ اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے کے ساتھ ہی ساری ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق Election Code# نافذ ہوگیا ہے، جو کہ انتخابات کے اختتام تک جاری رہے گا۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد آج وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دؤران دو الگ الگ واقعات میں موٹرسیکل اور  کار سے زائداز 8 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط کی گئی ہے۔ 9 اکتوبر کو تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کےنفاذ کے بعد سے وقارآباد ضلع میں آج تک کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی کےمطابق الیکشن کوڈ کے نفاذ کے پیش نظر آج صبح تانڈور کے ولیم مون اسکول چوک پر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی کہ اسی دؤران حیدرآباد روڈ سے تانڈور ٹاؤن میں داخل ہونےوالی ایک موٹرسیکل کو روک کرتلاشی لی گئی تو موٹرسیکل راں کے پاس 2 لاکھ 50 ہزار روپئے کی نقد رقم موجود تھی۔تاہم اس کے پاس اس رقم سے متعلق جائز دستاویزات موجود نہیں تھے ۔جس کے بعد اس رقم کو پولیس نے ضبط کر لیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی نے بتایاکہ اس ضبط شدہ رقم کو اسکریننگ کمیٹی کےحوالے کردیا جائے گا اور رقم کے مالک کی جانب سے اس رقم سے متعلق جائز اور قابل قبول دستاویزات پیش کرنے کے بعد ہی رقم واپس کی جائے گی۔

اسی طرح سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی کے مطابق آج دوپہر ہی تانڈور کے ونائیک چوک پر گشت پر مامور پولیس کی جانب سے تلاشی کے بعد ایک کار سے 5 لاکھ 46 ہزار 620 روپئے ضبط کرلیے گئے۔اس رقم کے ساتھ بھی کوئی جائز دستاویزات موجود نہیں تھے۔

سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی نے بتایاکہ اس ضبط شدہ رقم کو بھی اسکریننگ کمیٹی کےحوالے کردیا جائے گا،رقم کےمالک کی جانب سے اس رقم سے متعلق جائز اور قابل قبول دستاویزات پیش کرنے کے بعد ہی رقم واپس کی جائے گی۔

جبکہ کل 11 اکتوبر کو حلقہ اسمبلی تانڈور کے کرناٹک کی سرحد پر موجود بشیرآباد میں بھی تلاشی مہم کے دوران بشیرآباد پولیس نے موضع ناوندگی کے قریب قائم چیک پوسٹ پر ایک موٹرسیکل راں کے قبضہ سے ایک لاکھ 10 ہزار 950 روپئے ضبط کرلیے تھے۔موٹر سیکل راں یہ رقم ناوندگی سے کرناٹک کے سیڑم لے جا رہا تھا اور اس کے پاس رقم سے متعلق تفصیلات اور جائز دستاویزات موجود نہیں تھے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/2942728539192843

یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو وقارآبادضلع مستقر کے این ٹی آر چوک پر اچانک گاڑیوں کی تلاشی مہم کےدؤران ایم جی نگر،مانصاحب ٹینک،آصف نگر، حیدرآباد کے ساکن بزنس مین محمد محیط کی کار نمبر TS 09 FA 2737 کی تلاشی کے دوران اس کار میں موجود بیگ میں 10 لاکھ روپئے کی نقد رقم پائی گئی تھی،جس کے دستاویزات موجود نہیں تھے۔بعدازاں یہ رقم ضبط کرلی گئی تھی۔محمد محیط نے پولیس کو بتایاتھا کہ وہ کار خریدنےکی غرض سے یہ رقم لے کر تانڈور جا رہے تھے۔

یہاں یہ تذکرہ لازمی ہوگا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےدوران
جو کہ انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک جاری رہے گا
 کسی بھی دور دراز کے سفر یا پھر مقامی طور پر کہیں آنے جانے کے
دوران ایک شخص کےساتھ 50 ہزار روپئے کی نقد رقم رکھنےکی ہی اجازت ہوگی۔

اگر اس سے زائد رقم،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء منتقل کی جارہی ہوں تو
لازمی طور پر اس کی وجوہات ، رقم ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے
متعلق جائز دستاویزات اور رسائد ساتھ رکھنا ہوگا۔
ورنہ تلاشی مہم کے دوران پولیس اور انتخابی ڈیوٹی پر موجود عہدیدار 50 ہزار روپئے سے زائد
نقدرقم اور مذکورہ اشیاء کو ضبط کرلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ، گاڑیوں کی تلاشی مہم کا آغاز، کلکٹر اور ایس پی وقارآباد ضلع کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری

 

وقارآباد میں تلاشی مہم کے دوران حیدرآباد سے تانڈور جا رہی کار سے دس لاکھ روپئے ضبط