تلنگانہ کو ہمیشہ دھوکہ دینے والے وزیراعظم مودی کس منہ سے ریاست کا دورہ کرنے والے ہیں؟ تانڈور میں جلسہ عام سے وزیر صحت ہریش راو کا خطاب

تلنگانہ کو ہمیشہ دھوکہ دینے والے وزیراعظم مودی کس منہ سے ریاست کا دورہ کرنے والے ہیں؟
ملک کو برباد کرنے میں کانگریس اور بی جے پی دونوں شامل، بی آر ایس کی ہیٹ ٹریک کامیابی قائم
تانڈور میں جلسہ عام، وزیر فینانس، وزیر اطلاعات، ایم پی اور ایم ایل اے کا خطاب 

وقارآباد/تانڈور: 28۔ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

وزیر فینانس وصحت حکومت تلنگانہ ٹی۔ہریش راؤ نے کانگریس اور بی جے پی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےالزام عائد کیاہے کہ کانگریس نے اس ملک پر 60 سال حکومت کرتے ہوئے اور بی جے پی نے اپنے 15 سالہ دؤر اقتدار میں ملک کو پیچھے ڈھکیل دیا ہےانہوں نے کہا اس معاملہ میں کانگریس اے۔ون اور بی جے پی نے اے۔2 کا مقام حاصل کیا ہے۔

ریاستی وزیر ٹی۔ہریش راؤ کل وقارآبادضلع کے تانڈور میں موجود ولیم مون اسکول گراؤنڈ میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ بی آر ایس پارٹی کے پرگتی پرستھان جلسہ سے خطاب کرر ہے تھے۔جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔اس جلسہ سے ریاستی وزیر معدنیات واطلاعات و تعلقات عامہ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،رکن اسمبلی وقارآباد و صدر بی آر ایس ضلع وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین شریک تھے۔

ریاستی وزیر فینانس وصحت ٹی۔ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں برسراقتدار بی جے پی ریاست تلنگانہ میں نچلے درجہ کی سیاست میں مصروف ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ریاستی گورنر کو درمیان میں رکھ کر نچلے درجہ کی سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کو 8 مرکزی تعلیمی ادارے منظور کیے لیکن تلنگانہ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا۔

ریاستی وزیر ٹی۔ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں استفسار کیاکہ تلنگانہ کے ساتھ دغا کرنےوالے وزیراعظم نریندر مودی کس منہ سے ریاست تلنگانہ کا دؤرہ کرنے والے ہیں۔؟ (یاد رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی یکم اکتوبر کو ضلع محبوب نگر میں جلسہ سے خطاب کرنے والے ہیں)

ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں بی جے پی برسر اقتدار ہے اور چار ریاستوں میں کانگریس اقتدار پرہے۔لیکن ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقی اورعوامی فلاح و بہبود کےمعاملہ میں ان تمام ریاستوں میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام کا خود احساس ہے کہ کرناٹک میں کانگریس کی جانب سے چلائی جارہیں اسکیمات سے بہتر اسکیمات پر تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی کے اقتدار میں عمل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کرناٹک کی بہ نسبت آنگن واڑی ورکرز کو زیادہ تنخواہیں دی جارہی ہیں۔اور جلد ہی حکومت تلنگانہ ملازمین سرکار کے لیے جدید پی آر سی کا اعلان کرتےہوئے ان میں آنگن واڑی اور آشا ورکرز کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاجائے گا۔انہوں نے آنگن واڑی اور آشا ورکرز کو مشورہ دیا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔(اس جلسہ کے دوران آنگن واڑی ورکرز احتجاج منظم کر رہے تھے)

وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی شادی مبارک،کلیانہ لکشمی اور حاملہ خواتین کو کے سی آر کٹس کی تقسیم کےعلاوہ دیگر کئی اسکیمات جس سے تمام طبقات مستفید ہورہے ہیں وہ سارےملک میں ایک مثال ہیں۔انہوں نےکہاکہ ریاست میں شعبہ طب کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس دورحکومت میں لوگ سرکاری دواخانہ جانے سے انکار کرتے تھے آج سرکاری ہسپتالوں میں کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیر صحت نے انکشاف کیاکہ اس دؤر میں 70 فیصد زچگیاں خانگی ہسپتالوں میں اور 30 فیصد زچگیاں سرکاری ہسپتالوں میں ہوا کرتی تھیں لیکن آج سرکاری ہسپتالوں میں 74 فیصد اور خانگی ہسپتالوں میں 26 فیصد زچگیاں انجام دی جارہی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود سرکاری ہسپتال میں 86 فیصد زچگیاں انجام دی جارہی ہیں جو کہ قابل مبارکباد ہے۔

ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ ریڈی کی قیادت میں تانڈور تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کررہاہے۔انہوں نے اعلان کیاکہ کوٹ پلی پراجکٹ کی توسیع،ترقی اور مر مت کے لیے 40 کروڑ روپیوں کی منظوری کویقینی بنایا جائے گا اور ساتھ ہی تانڈور کی کاگنا ندی پر تعمیر کردہ بریج کی فائل کا جلد ہی جائزہ لیتے ہوئے ا س مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔اور تانڈور کےگورنمنٹ ضلع ہسپتال میں سی ٹی اسکیان مشین کی تنصیب،ایم آر آئی کی سہولت کےعلاوہ مدر اینڈ چائلڈ کیئرسنٹر میں مزید بہتر خدمات کےلیے اسےعصری طور پر ترقی دی جائے گی۔

قبل ازیں وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤ، وزیر معدنیات، اطلاعات و تعلقات عامہ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے تانڈور میں 56 کروڑ روپئے کے صرفہ سےتکمیل شدہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح اورمختلف کاموں کے تعمیراتی آغاز کےلیے سنگ بنیاد رکھا۔ جن میں شانتی نگر کالونی میں موجود ای۔سیوا سنٹر کی عمارت میں 10 لاکھ روپئے کے صرفہ سے قائم کردہ ٹریفک پولیس اسٹیشن کا افتتاح،

حیدرآباد روڈ پر 25 کروڑ روپئے کے صرفہ سے نرسنگ کالج قیام کے لیے عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد،مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال،حیدرآباد روڈ کے احاطہ میں شاپنگ کامپلیکس اور امبیڈکر ہال کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد، 23 لاکھ روپئے کےصرفہ سے جنگورتی،کندینلی،چندراونچہ اور جنٹ پلی میں برقی سب اسٹیشنوں کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد، 10 کروڑ روپئے کےمصارف سے حیدرآباد روڈ پر جدید زرعی مارکیٹ کمیٹی کےاحاطہ میں مختلف تعمیراتی کاموں کےلیے سنگ بنیاد اور ایک کروڑ روپئے کےصرفہ سے تانڈور میں لائبریری کی جدید عمارت کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد شامل ہے۔

ریاستی وزیر معدنیات،اطلاعات و تعلقات عامہ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی نے اس جلسہ سےاپنے خطاب میں کہا کہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے بعد ہی تمام اضلاع کی مثالی ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید اضلاع، منڈلات اور جدید گرام پنچایتوں کے قیام سے عوام کو آسانی کے ساتھ سرکاری نظم و نسق با آسانی دستیاب ہورہا ہے۔

وزیر اطلاعات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہاکہ دوسری مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کے سی آر نے حلع وقارآباد کو ایک میڈیکل کالج منظورکیاہے۔جس کا سنگ بنیاد حال ہی میں وقارآباد میں رکھا گیا۔ڈاکٹر پی۔مہیندریڈی نے کہاکہ کے سی آر حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر ریاست میں(ہیٹ ٹریک) تیسری مرتبہ بی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے،اور ضلع وقارآباد کے چاروں اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل میں دوبارہ بی آر ایس امیدواروں کی کامیابی طئے ہے۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے اس جلسہ سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ علحدگی سےقبل تلنگانہ ریاست لوٹ کھسوٹ کاشکار تھی اس کےبعد بی آر ایس اقتدار میں ریاست کی ناقابل تسخیر ترقی ہوئی ہے۔اور تمام شعبہ جات کی ترقی کوریاستی حکومت ترجیح دےرہی ہے۔تاہم مرکز کی بی جے پی حکومت سے یہ برداشت نہیں ہو رہا ہے۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے وزیراعظم نریندرمودی سے سوال کیاکہ کیوں ضلع کو آبپاشی کےلیے قائم کیےگئے پالموررنگاریڈی پراجکٹ کو قومی درجہ نہیں دیا جارہا ہے؟ انہوں نے کہاکہ ریاست کےعوام کو وزیراعلیٰ کےسی آر کی قیادت پر مکمل یقین ہے۔بی آر ایس پارٹی کی آنےوالے انتخابات میں ہیٹ ٹریک کے ساتھ شاندار کامیابی یقینی ہے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی جنہیں وزیراعلیٰ کے سی آر نے دوبارہ ٹکٹ کا اعلان کیاہے اس جلسہ سے اپنےخطاب میں کہا کہ  گذشتہ سال تانڈور دورہ پر آئے ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ سے تانڈور میں نرسنگ کالج کے قیام کے لیے نمائندگی کی گئی تھی جسے انہوں نے فوری منظوری دی اور آج اس کے لیے انہوں نے سنگ بنیاد بھی رکھا۔رکن اسمبلی نے کہا ٹی۔ہریش راؤ کے تعاون سے بشیر آباد میں بستی دواخانہ کا قیام اور کاگنا ندی میں 6 چیک ڈیموں کی تعمیر اور سب اسٹیشنوں کے قیام کو منظور ی حاصل ہوئی۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جی آئی شناخت حاصل کرنے والی تانڈور کی تور دال کے لیے تانڈور میں تور بورڈ کا قیام اور تانڈور میں سب کورٹ کےقیام کو ترجیح دی جارہی ہے۔رکن اسمبلی نےریاستی وزیر اطلاعات ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی کی زبردست ستائش اور ٹائیگر سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں حلقہ اسمبلی تانڈور کی 30 سال تک بہترین نمائندگی کی ہے۔

رکن اسمبلی نے کہاکہ ان دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوجانےکے بعد سے بی جے پی اور کانگریس کی دال نہیں گل رہی ہے اور وہ شدید پریشان ہیں۔پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں یاد دلایاکہ انہوں نے 100 کروڑ روپیوں کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے ایم ایل ایز کی خرید و فروخت کی سازش کا پردہ فاش کیاتھا۔رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے عوام کومشورہ دیاکہ وہ آنے والے انتخابات میں ہرگز بی جے پی اور کانگریس کے جھانسے میں نہ آئیں اور نہ ان کےجھوٹے پروپگنڈہ پر یقین کریں۔ مزید اکثریت سے انہیں کامیاب بناتے ہوئے تانڈور کی مزید بہترین ترقی کو ممکن بنائیں۔

سنگ بنیاد،افتتاح کی تقاریب میں ضلع کلکٹر نارائن ریڈی، ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس کے علاوہ تقاریب وجلسہ میں صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ،کرنم پرشوتم راؤ،سری شیل ریڈی،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،نائب صدرنشین پٹلولا دیپا نرسملو،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وانی سرینواس چاری، صدر تانڈور ٹاون بی آر ایس ایم اے نعیم افو، سابق صدر بلدیہ کوٹریکا وجئے لکشمی،صدرنشین اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق، ارکان بلدیہ مختار احمد ناز،محمد آصف،سابق رکن بلدیہ محمد عرفان، سید زبیر لالہ، محمد باسط علی، معز خان،انور خان (پدیمول)،امتیاز بابا،سرینواس چاری ،پٹلولا نرسملوکے علاوہ ارکان بلدیہ اور پارٹی قائدین موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں "

وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے اور گھنٹی دبانے کی اپیل کی، ویڈیو وائرل

 

واٹس ایپ 18 سے زائد اقسام کے اسمارٹ فونس پر خدمات بند کر دے گا، اپنے اسمارٹ فون کا اینڈرائیڈ ورژن کیسے چیک کریں؟

کیرالہ میں دوست کے ہاتھوں سے اپنی پیٹھ پر پی ایف آئی لکھوانے اور پولیس میں حملہ کی شکایت درج کروانے والا فوجی اور اس کا دوست گرفتار