تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی شاندار کامیابی کی ہیٹ ٹریک ہی ہم سب کا مقصد
رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی کے ساتھ مل کر تانڈور کی مزید ترقی کو ترجیح، اب کوئی اختلافات نہیں
تانڈور میں بی آر ایس کی ریالی، وزیر اطلاعات، رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی کی شرکت و خطاب
وقارآباد/ تانڈور: 10؍ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ و معدنیات و قدرتی وسائل حکومت تلنگانہ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے کہاہےکہ جاریہ سال کےاواخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی اور کے سی آر حکومت کی شاندار ہیٹ ٹریک کےساتھ لگاتار تیسری مرتبہ اقتدار پر واپسی سب کا واحد مقصد ہے۔
ریاستی وزیر وقارآباد ضلع کے تانڈور میں ان کی ریاستی کابینہ میں شمولیت,رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو دوبارہ پارٹی ٹکٹ دئیے جانے کے اعلان اور رکن پارلیمان چیوڑلہ جی۔رنجیت ریڈی کی قیادت میں ان دونوں قائدین، پارٹی کے دونوں گروپوں کے درمیان کامیاب مفاہمت اور گروپ بندی کے خاتمہ کے بعد ان کا فقید المثال استقبال کرتے ہوئے ایک شاندار ریالی کا اہتمام کیا گیا تھا۔
جس میں ریاستی وزیر،رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی نے شرکت کرتےہوئے عوام کو یہ پیغام دیا کہ ان کے درمیان اور بی آر ایس پارٹی تانڈور میں اب کوئی اختلافات نہیں ہیں اور آئندہ انتخابات میں پارٹی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کی کامیابی ان کا عین حدف ہے۔
ولیم اسکول سہء راہا سے ریلوے اسٹیشن کے قریب تک ایک ریالی منظم کی گئی جس میں ہزاروں پارٹی قائدین اور کارکن شریک تھے۔ ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ جی۔رنجیت ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اس ریالی کے دوران کھلی جیپ پر سوار تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتےہوئے ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ کروڑہا روپئے کے فنڈس سےمختلف اسکیمات کے ذریعہ تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور تمام شعبہء جات میں ریاست تلنگانہ کی تاریخی ترقی میں مصروف ہیں جو کہ سارے ملک میں ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ان پر بھروسہ کرتےہوئے ان کی خدمات کے صلہ کے طور پر کابینہ میں شامل کیا ہے جس کے لیے وہ وزیراعلیٰ کے سی آر کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے کہا کہ انہیں دوسری مرتبہ وزارت دئیے جانے کے بعد بھی ماضی کی طرح تانڈور کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

ریاستی وزیر ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو حلقہ اسمبلی تانڈور سےمقابلہ کرنےکےلیے امیدوار تک دستیاب نہیں ہیں اور آئندہ انتخابات میں یکطرفہ مقابلہ ہوگا اور دوسری مرتبہ موجودہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کوحلقہ اسمبلی تانڈور سے اور رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی کو مزید زیادہ اکثریت سے کامیاب کروانا ہم سب کی ذمہ داری ہوگی۔
رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے اس ریالی سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کریں انہوں نے کہاکہ پائلٹ روہت ریڈی کی کامیابی اور انتخابات کے بعد ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کی ہیٹ ٹریک وزارت پر واپسی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ڈاکٹر مہندر ریڈی اور پائلٹ روہت ریڈی کو ایک پلیٹ فارم پر اس طرح دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کو دھچکا لگا ہے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور کی مزید بہتر ترقی کے لیے وہ ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج اس طرح ریاستی وزیر،رکن پارلیمان اور انہیں ایک ساتھ دیکھ کر اپوزیشن قائدین اور جماعتوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نےبھی کہا کہ کے سی آر حکومت کی ہیٹ ٹریک کامیابی یقینی ہے۔

اس ریالی میں ریاستی وزیر،رکن پارلیمان اور رکن اسمبلی کو قدآدم پھولوں کا پہنار پہنایاگیا۔ریالی کے راستے گلابی پرچموں، گلابی کاغذوں سے بھر دئیے گئے تھے اوریہ علاقے نعروں سے گونج رہے تھے۔
اس ریالی میں کرنم پرشوتم راو، صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ، صدر ٹاون بی آر ایس ایم اے نعیم افو،صدر اردو گھر وشادی خانہ عبدالرزاق، صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،سری شیل ریڈی،وٹھل ریڈی،ارکان بلدیہ محمد مختار احمد ناز،محمد آصف،محمد اسلم،سابق ارکان بلدیہ محمد عرفان ،سید زبیر لالہ، ایم اے سلیم،اکبر بابا،معز خان،سرینواس چاری، امتیاز بابا اور محبوب قریشی کے علاوہ ارکان بلدیہ، پارٹی قائدین ،مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی قیادت میں سرکل انسپکٹران پولیس راجندر ریڈی(اربن) رام بابو (رورل) کے بشمول سب انسپکٹران پولیس اور ملازمین پولیس کی بڑی تعداد کی جانب سے بندوبست کیا گیا تھا۔
” یہ بھی پڑھیں "


