تلنگانہ: وقار آباد اور دیگر اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی،محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ
آئی جی پی شاہنواز قاسم کا دؤرہ وقارآباد، کوٹ پلی پراجکٹ اور ناگ سمندر ندی کا مشاہدہ
عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس،اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ پر سیاحوں کا داخلہ روکنے کی ہدایت
وقار آباد: 27/جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے وقارآبادضلع میں بھی شدید سے شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتےہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔وقارآباد ضلع کےساتھ محکمہ موسمیات نے اضلاع نظام آباد،سنگاریڈی،میدک،جگتیال،کریم نگر، نرمل،سرسلہ اور پیدا پلی میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے ریاست کے اضلاع عادل آباد،میڑچل،رنگاریڈی،بھدرادری کوتہ گوڑم،منچریال،سوریہ پیٹ،کھمم میں بھی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔جاریہ بارش کےدوران مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پر حکومت کی گہری نظر ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ اضلاع میں عہدیداروں اور سرکاری مشنری کو متحرک کر دیا جائے۔وہیں چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اس کی رپورٹ چیف منسٹر کو روانہ کر رہی ہیں۔جبکہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر بھی وزراء کے ساتھ حیدرآباد کے مختلف مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔
وقارآباد ضلع کےلیے ریڈ الرٹ جاری کیے جانےکے بعد کلکٹر وقارآباد ضلع نارائن ریڈی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی راست نگرانی میں مختلف احتیاطی اقدامات کیےجارہے ہیں۔وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کورنگل کے متعلقہ عہدیداروں کو چوکس کردیا گیاہے۔
ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا ہےکہ ہنگامی حالات کے دوران حالات پر قابو پانے اور عوام کی فوری مدد کے لیے دفتر کلکٹریٹ وقار آباد میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔عوام کسی بھی دشواری پر مدد کے لیے 7995061192 پر فون کریں۔
ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے آج وقارآباد کے گوٹی موکلا اور دھنارم کا دورہ کرتےہوئے ندیوں اور تالابوں کے علاوہ ہلوں کا مشاہدہ کیا۔ بعدازاں ضلع کلکٹر نے وقارآباد کی راجیوسواگروہا اور راجیوگروہا کلپا کالونیوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔ان کےساتھ آر ڈی او وجئے کماری، تحصیلدار اجندرریڈی،ایم پی ڈی او ستیا،کمشنر بلدیہ ذاکر احمدکے علاوہ دیگر موجود تھے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے عوام کو چوکس رہنے اور خوفزدہ نہ ہونے کا مشورہ دیا۔

بعدازاں ریاستی چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری کی جانب سے ضلع کلکٹران کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں ضلع ایس پی این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس کےساتھ شرکت کرتےہوئےضلع کلکٹر وقارآباد نے انہیں ضلع میں کیے جارہے اقدامات اورضلع کےحالات سے واقف کر وایا۔
وقارآباد کے سیاحتی مقام اننت گیری ہلز پر سیاحوں کی آمد کو روک دیا گیا ہے۔محکمہ جنگلات کی جانب سے ہلز کےجنگلات میں بناء اجازت کسی کے بھی داخلہ کو روک دیا ہے۔

گذشتہ رات ایک بجے سےوقار آباد کے مختلف مقامات پر جاری تیز، ہلکی اور موسلا دھار بارش کےباعث اننت گیری ہلز سے جاری ہونے والی موسیٰ ندی میں بھی سیلابی پانی ٹھاٹھیں مارتے ہوئے حیدرآباد کی جانب رواں ہے۔ جبکہ ضلع وقار آباد میں موجود ذخائر آب کوٹ پلی پراجکٹ، لکھنا پور پراجکٹ، کاگنا ندی،سرپن پلی پراجکٹ،جنٹ پلی پراجکٹ علاوہ تمام ندیاں، نالے اور تالاب لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں اور ان سے زائد پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔
شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے بعد آئی جی پی ملٹی زون۔2 حیدرآباد رینج جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے آج دوپہر وقارآباد ضلع کا دورہ کیا۔جناب شاہنواز قاسم نے ایس پی وقارآبادضلع این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس اور دیگر پولیس عہدیداروں کےساتھ کوٹ پلی پراجکٹ پہنچ کراس کے پشتہ سے خارج ہونے والے زائد پانی کا مشاہدہ کیا۔بعدازاں انہوں نے دھارور اور کوٹ پلی کے درمیان ناگ سمندر ندی کے بریج پر سے سیلابی پانی کے بہاؤ اور ٹریفک نظام مفلوج ہوجانے کا بھی جائزہ لیا۔
بعدازاں آئی جی پی ملٹی زون۔2 حیدرآباد رینج جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے دفتر ایس پی میں پولیس عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے میں کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر محکمہ پولیس چوکس رہے اور اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو بھی چوکس کریں۔اور پولیس عہدیدار ہمہ وقت عوام کے لیے دستیاب رہیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ضلع کے محکمہ پولیس کے عہدیدار اور ملازمین محکمہ مال،کلکٹریٹ اور دیگر محکمہ جات کےعہدیداروں کے ساتھ تال میل کے ذریعہ موسم کے حالات پر سخت نظر رکھیں۔آئی جی پی ملٹی زون۔2 حیدرآباد رینج جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے پولیس کو ہدایت دی کہ شدید بارش کے پیش نظر ضلع وقارآباد کے سیاحتی مقامات اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ پر سیاحوں اور عوام کو جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ آئیں اور ندیوں نالوں کے اوپر سے گزرنے والے سیلابی پانی کو پیدل یا گاڑیوں کے ذریعہ عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔جناب شاہنواز قاسم نے قدیم اورشکستہ مکانوں میں مقیم افراد سے اپیل کی کہ وہ دیگر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
کسی بھی قسم کی دشواریوں اور مدد کے لیے 100 نمبر پر فون کریں یا دفتر ایس پی وقارآباد میں قائم پولیس کنٹرول روم کے نمبر 8712670056 پر فون کریں۔
جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے کہاکہ تیز ہواؤں کے باعث درختوں اور برقی کھمبوں و تاروں کےگرنےکے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں، سڑکیں سیلابی پانی سے اور ان میں موجود گڑھے پانی سے پُر ہوسکتے ہیں تو گاڑی سوار ان سب کا دھیان رکھیں تاکہ حادثات نہ ہوں۔انہوں نے ہدایت دی کہ سڑکوں پر لبریز ندیوں اور نالوں کو دونوں جانب سے بند کردینے اور پولیس و محکمہ مال کےملازمین کو نگرانی کےلیے رکھا جائے تاکہ عوام اور گاڑیوں کو گزرنے سے روکا جائے۔
آئی جی پی ملٹی زون۔2 حیدرآباد رینج جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے ایس پی وقارآبادضلع این کوٹی ریڈی کو ہدایت دی کہ پولیس ملازمین کو بارش کے دوران پہننے کے لیے رین کورٹس،جوتے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔آئی جی پی ملٹی زون۔2 حیدرآباد رینج جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بارش کے دوران ضلع پولیس کی جاریہ خدمات کی ستائش بھی کی۔
انہوں نے ضلع میں جرائم و حادثات،خودکشیوں کے واقعات میں کمی،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اورمختلف کیسوں کی جلد تحقیقات اور مجرمین کی گرفتاری کی بھی سراہنا کی۔جناب شاہنواز قاسم نے دفتری ریکارڈ کی جانچ بھی کی۔
اس اجلاس میں ایس پی وقارآبادضلع این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس،ایڈیشنل ایس پی سرینواس راو،ایڈیشنل ایس پی ڈی ٹی سی مرلی دھر،ڈی ایس پی وقارآباد نرسملو، ڈی ایس پی (اے آر)،اے سی آر بی انسپکٹر وینکٹیشم،سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد ٹاون سرینواس،انسپکٹر ڈی سی بی ڈی وی پی راجو کے علاوہ سب انسپکٹران پولیس شریک تھے۔

” یہ بھی پڑھیں ”
تلنگانہ میں شدید بارش کے پیش نظر کل 28 جولائی کو بھی تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل

