وقارآباد ضلع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے اور سڑکیں جھیلوں میں تبدیل، تانڈور میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ

وقارآباد ضلع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے اور سڑکیں جھیلوں میں تبدیل
تانڈور میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ، دفتر بلدیہ میں کنٹرول روم قائم، ندیوں پر پولیس کا پہرہ
حیدرآباد روڈ تالاب میں تبدیل، بلاضرورت گھروں سے باہر نہ آنے ڈی ایس پی کا مشورہ

وقارآباد/تانڈور : 20؍جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید چار دنوں تک ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔جن میں وقارآباد ضلع بھی شامل ہے۔

وقارآبادضلع کے تمام مقامات پر پیر کی رات سے تیز، ہلکی اور موسلادھار شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کئی مقامات پر ندیاں اور نالے لبریز ہو کر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں۔جس کے باعث ٹریفک نظام مفلو ج ہوگیا ہے۔ان آبی ذخیروں کے قریب پولیس اور محکمہ مال کے ملازمین نگرانی کررہےہیں۔ضلع پولیس کی جانب سے عوام کومتنبہ کیا گیاہے کہ وہ لبریز ندیوں،نالوں اور تالاب کوعبورکر نے کی کوشش نہ کریں، مخدوش  مکانات کو خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

پدیمول منڈل کا موضع اندور اس بارش سے شدید متاثر ہواہے جہاں مکانات میں پانی داخل ہوگیا اور یہ موضع پانی میں محصور ہوکر رہ گیا ہے۔کرناٹک کی سرحد پر موجود موضع ملکا پور کا بھی یہی حال ہے۔

تانڈور ٹاؤن میں پیر اورمنگل کی رات سےوقفہ وقفہ سے ہونے والی دھواں دھار اور موسلا دھاربارش نے عام زندگی کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے ۔ تین دنوں کے دوران آج صبح تک تانڈورمیں 90.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس بارش کے باعث شہر کی اہم سڑکیں، کالونیاں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئےہیں۔شاہی پور اور دیگر علاقوں کے کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیاہے۔ چندسڑکوں پر سیلابی پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔شدید بارش کےباعث اندراچوک، شانت محل چوراہا،امبیڈکر چوک،بھدریشور چوک، شاہی پور، اندرا نگر،  مل ریڈی پلی، آدرش نگر اور قدیم تانڈور کے علاوہ دیگر کئی نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں۔

سیلابی پانی کا سب سے زیادہ خوفناک نظارہ حیدرآباد روڈ پر راجیو گروہا کالونی کےقریب دیکھاگیاجو کہ ہر سال بارش کے موسم میں ایک معمول بن کر رہ گیا ہے۔تانڈور کو حیدرآباد سے جوڑنے والی یہ اہم اور مصروف شاہراہ ایک ذخیرہ آب کا منظر پیش کررہی ہے۔ یہ سارا علاقہ سیلابی پانی میں غرق ہوکر رہ گیا ہے۔

اس سڑک پر موجود بلند روڈ ڈیوائیڈر کسی تالاب کا پشتہ نظر آرہا ہے جس کی ایک جانب سے پانی ڈیوائیڈر کی اونچائی سے سڑک کی دوسری جانب گر رہا ہے۔جس کے باعث تانڈور۔حیدرآباد اس اہم شاہراہ پر ٹریفک نظام مفلوج ہوگیاہے۔اطراف میں موجود اسکولوں،مساجد،کالونیوں، مدارس اور دکانات زیر آب آگئے ہیں۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/816006970150731

وہیں بارش کے منتظر کسانوں میں اس بارش سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو اپنی فصلوں کے خشک ہونے سے پریشان تھے۔شدید بارش کے پیش نظر دفتر بلدیہ تانڈور میں کنٹرول روم قائم کیا گیاہےعوام کسی بھی قسم کی مدد کے لیے اس کنڑول روم کے فون نمبر 272021-08411  پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

جبکہ ضلع وقارآباد میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی کے اقدامات کےلیے جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد نے بھی فون نمبرات 9550231571، 9000508991 اور 9848592972 جاری کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ مدد کے لیے ان نمبرات پر فون کریں۔

دوسری جانب ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ جاریہ شدید بارش کے پیش نظر وہ چوکس رہیں اور بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں۔میڈیا نمائندوں سےبات کرتےہوئے ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے ریاست اور ضلع میں جاری شدید بارش کے پیش نظر تانڈور ٹاون کے عوام کے ساتھ ساتھ حلقہ اسمبلی کے تمام منڈلات کے عوام چوکس رہیں۔

ڈی ایس پی نے کہا ہےکہ مخدوش اورشکستہ مکانوں کے مکین فوری ایسے مکانات کو خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ساتھ ہی نشیبی علاقوں کے مکین مکانات میں پانی داخل نہ ہو اس کے لیے انتظامات کرلیں۔

ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کو مشورہ دیا ہےکہ وہ مواضعات کے قریب موجود تالابوں، ندیوں اور نالوں کے قریب نہ جائیں۔اسی طرح برقی کھمبوں سےبھی دور ہی رہیں اورمکانات میں برقی اشیاء کا استعمال بھی احتیاط کے ساتھ کریں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے کم ہونے تک یہ تمام حفاظتی اقدامات لازمی طور پر کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ہی اپنے مکانات سے باہر آئیں۔انہوں نے بندوبست پر موجود پولیس کے ساتھ تعاون کی بھی عوام سے خواہش کی۔

” یہ بھی پڑھیں "

منی پور میں انسانیت ہوئی شرمسار ، ہجوم نے دو خواتین کو برہنہ کرکے پریڈ کروائی ،گینگ ریپ ، روح فرسا ویڈیو سے انٹرنیٹ دہل گیا

 

تانڈور میں قفل شکنی کے ذریعہ مکان سے 20 لاکھ روپئے کی چوری کا معاملہ حل، رقم برآمد ، دو گرفتار، تین فرار : ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس