وقارآباد ضلع : تانڈور کی دونوں عیدگاہوں میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے
نماز عیدالاضحی خشوع و خضوع کیساتھ ادا کی، مساجدمیں بھی نمازِعید کا نظم
ایم ایل سی،ایم ایل اے اور دیگر نے مسلمانوں کو عیدگاہ پہنچ کر عید کی مبارکباد دی
وقارآباد /تانڈور : 29۔جون
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
وقارآبادضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور،کوڑنگل اور پرگی میں آج تکبیرات تشریق کی گونج کے ساتھ عیدالاضحیٰ روایتی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔جہاں عیدگاہوں کے علاوہ مساجد و چند مدارس میں بھی نماز عیدالاضحی کا اہتمام کیا گیا تھا۔
وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں مسلمانوں نے عیدالاضحی خشوع وخضوع کیساتھ منائی۔ہزاروں فرزندانِ توحید نے خوشگوار موسم،آسمان پر ہلکے اور گھنے بادلوں کی گشت کے درمیان جدید عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں مولانا محمد شکیل احمد نظامی،ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم تانڈور کی امامت میں 8 بجے صبح نماز عیدالاضحی ادا کی اور پرسکون انداز میں خطبہء عیدالاضحی کی سماعت کی۔
خوشگوار موسم میں شہر سے دورخصوصی لال پتھروں سے تعمیر تاریخی و انتہائی خوشنما و دلکش قبلہ نماءکے منبر سے دئیے گئے اپنے خطبہ میں مولانا محمدشکیل احمد نظامی نےمسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو مزیدمضبوط بنائیں،آپسی تفرقہ کو ختم کریں، افہام وتفہیم، عفوو درگزر کا معاملہ اپنائیں اور اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھامے رکھیں۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے خطبہ میں مسلمانوں کو جذبہء قربانی کا درس بھی دیا۔
بعد ازاں مفتی محمد شکیل احمد نظامی نے ملک،ریاست اور دنیا بھر میں اسلام کی سربلندی،امن و امان کےقیام اور دشمنان اسلام کے شر اور ان کی سازشوں سے،مخالف اسلام و مخالف مسلم نفرت انگیز ماحول کے خاتمہ اور مسلمانوں کی حفاظت کے لیے،اقطاع عالم کے مسلمانوں کی جانوں، مالوں اور عصمتوں کے تحفظ کے لیے خدا کے حضور رقت انگیز دعاء کی۔

صدرعیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈورمحمدیوسف خان کی نگرانی میں کمیٹی کی جانب سےعیدگاہ میدان میں مناسب انتظامات کیےگئےتھے۔جہاں ہزاروں مسلمانوں نے اطمینان قلب اور انتہائی پرسکون انداز میں نماز عیدالاضحی ادا کی۔
وہیں جمعیت اہلحدیث تانڈور کی جانب سے حیدرآباد روڈ پر موجود عیدگاہ جمعیت اہلحدیث میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید اور دختران ملت نے علحدہ علحدہ گوشہ میں پر سکون انداز میں خشوع و خضوع اور نظم و ضبط کیساتھ 7 بجےصبح مولانا عبدالرشید جامعی،خازن جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد کی امامت میں نماز عیدالاضحی ادا کی۔مولانا محمد خلیل الرحمن محمدی،سابق امیرجمعیت اہلحدیث تانڈور نے عید کا خطبہ دیا اور رقت انگیز دعاء کی۔یہاں بھی دشمنان اسلام کی شر انگیزیوں،عالم اسلام کی جان،مال اورعصمتوں کی حفاظت،نفع بخش بارش کے لیے بھی دعا کی گئی۔

اس موقع پر صدر عیدگاہ جمعیت اہلحدیث تانڈور عبداللہ مجاہدی،جنرل سیکریٹری محمدحسن الدین صدیقی،خازن عبدالرؤف مجاہدی کے علاوہ جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران مولانا محمدعثمان غنی،مولانا محمدشکیل احمد عمری،ایم اے ستار مجاہدی (گولکنڈہ)،سابق صدر ٹاون ٹی آر ایس عبدالروف، صدر ٹاون بی آر ایس ایم اےنعیم افو،محمدجاوید رکن ضلع آر ٹی اے،ارکان بلدیہ عبدالرزاق،مختار احمد ناز کے بشمول ایم اے علیم شلو، سید مسعود احمد اور دیگر موجود تھے۔
رکن قانون سازکونسل و سابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے موقع پر دونوں عیدگاہوں پر موجود تھے اور انہوں نے مسلمانوں سے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔
عیدگاہ تانڈور میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی اور ایم ایل سی،ایم ایل اے کی تقریب،مکمل ویڈیو یہاں دیکھاجاسکتا ہے
https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/686646033474720
عیدگاہ چنگیز پور روڈ پر نماز عید کی ادائیگی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے تیقن دیا کہ مسلمانوں کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وہ ہر ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ تمام طبقات کےساتھ مسلمانوں کی ترقی کے لیے ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر اقدامات میں مصروف ہیں۔رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےکہاکہ ماضی میں عیدگاہوں کی ترقی کےلیے فنڈز جاری کیے گئے تھے اور مستقبل میں بھی مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
جبکہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقامی صدر عیگاہ کمیٹی محمد یوسف خان کی نمائندگی پر راجیو گروہا کالونی حیدرآباد روڈکےقریب دیڑھ ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور قدیم تانڈور میں مسلم قبرستان کےلیے 5 ایکڑ اراضی کاسروے کرلیا گیا ہے۔اور جلد ہی یہ اراضیات منظور کی جائیں گی۔انہوں نے عیدگاہ میدان میں ہائی ماسٹ لائٹوں اور عیدگاہ کی حصار بندی کابھی تیقن دیا۔اس موقع پر عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے مہمانوں کی شیر خرمہ کے ذریعہ تواضع کی گئی۔

اس موقع پر نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج تانڈور رمیش مہاراج،کمشنر بلدیہ شنکر سنگھ، صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان،رکن تلنگانہ بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل، صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ،صدر ٹاون بی آر ایس ایم اے نعیم افو،سابق رکن بلدیہ سید زبیر لالہ، صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،ڈائرکٹر ڈی سی سی بی رویندرگوڑ،محمد امتیاز بابا،عیدگاہ کمیٹی کے عہدیداران غلام مصطفی پٹیل،محمدفصیح الدین سابق رکن بلدیہ،محمد قیصر کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین اور ذمہ داران شریک تھے۔عیدگاہوں کے علاوہ یہاں کی چند مساجد اور دینی مدارس میں بھی نماز عیدالاضحیٰ کا نظم کیا گیا تھا
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی راست نگرانی میں عیدگاہ پر سخت پولیس بندوبست کیا گیاتھا۔سرکل انسپکٹر پولیس کرنکوٹ رام بابوکے علاوہ سب انسپکٹران پولیس اور پولیس عملہ کی بڑی تعداد اس بندوبست میں شامل تھی۔


