وقارآباد ضلع میں عیدالاضحی کے موقع پر پولیس کے سخت انتظامات ، بم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی، ضلع کلکٹر اور ایس پی نے عید کی مبارکباد دی

وقارآباد ضلع میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر پولیس کے سخت انتظامات، بم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی
ضلع کلکٹر اور ایس پی نے عید کی مبارکباد دی، ضلع ایس پی کوٹی ریڈی کا دورہ تانڈور،عیدگاہ کا معائنہ
عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں 8 بجے اور عیدگاہ اہلحدیث حیدرآباد روڈ میں 7 بجے نماز عید کا اہتمام

وقارآباد/تانڈور: 28۔جون
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی آئی اے ایس اور ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے ضلع کے تمام مسلمانوں اور ان کے افراد خاندان کو عیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب کل 29 جون کو عیدالاضحی کےپیش نظر وقارآبادضلع میں پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلہ میں آج ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نےضلع وقارآباد کے تانڈورمیں موجود عیدگاہ(جدید) چنگیز پور روڈ اور عیدگاہ جمعیت اہلحدیث،حیدرآباد روڈ کی عیدگاہوں کا دورہ کرتےہوئےعیدگاہ کمیٹیوں کی جانب سے نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کےلیے کیےجارہے انتظامات کا جائزہ لیا اور تفصیلات حاصل کیں۔بعدازاں بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ ٹیموں کے عہدیداروں کی جانب سے احتیاطی طور پر دونوں عیدگاہوں کی تلاشی بھی لی گئی۔

بعدازاں ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے مسلمانان ضلع وقارآباد اور ان کےتمام افراد خاندان کوعیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی۔

ضلع ایس پی نےکہاکہ عیدالاضحی کےپیش نظر محکمہ پولیس کی جانب سےضلع وقارآبادمیں سخت بندوبست کیا گیا ہے۔بالخصوص عیدگاہوں، مساجد اور مذہبی مقامات کے قریب کسی کو بھی کوئی تکلیف نہ ہو ایسے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی دشواری پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔

ایس پی وقارآبادضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے خواہش کی کہ پرامن ماحول میں بھائی چارہ کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جائے اور اس دوران بندوبست میں مصروف پولیس عہدیداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ضلع ایس پی نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر گائے اور بچھڑوں کے ذبح پر سخت پابندی عائد ہے اس کا خاص خیال رکھا جائے۔

ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس کے دؤرہ تانڈورکے موقع پر ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) رام بابو، صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو، غلام مصطفی پٹیل،محمدفصیح الدین،محمد جیلانی، محمد قیصر،محمد محسن،محمد پرویز،محمد وسیم،احمد علی اور دیگر موجود تھے۔

صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان نے بتایا کہ عیدگاہ (جدید) چنگیز پور روڈ میں نماز عیدالاضحی ٹھیک 8 بجے ادا کی جائے گی۔قدیم تانڈور کی درگاہ حضرت نظام الدین شہیدؒ،اندرماں کالونی اور راجیوگروہا کالونی سے نمازیوں کےلیے بسوں کا نظم رہے گا۔ان مقامات سے یہ بسیں ٹھیک 7 بجے عیدگاہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

صدر عیدگاہ اہلحدیث عبداللہ مجاہدی کی اطلاع کےمطابق،عیدگاہ جمعیت اہلحدیث،حیدرآبادروڈ پر نمازعیدالاضحی ٹھیک 7 بجے ادا کی جائے گی۔جہاں مولاناعبدالرشید جامعی کی امامت میں فرزندان توحید و دختران اسلام علحدہ علحدہ گوشہ میں نماز عیدالاضحی اداکریں گے۔جبکہ مولانامحمدخلیل الرحمن محمدی خطبہ عید دیں گے اور دعاء کریں گے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور ( اربن) راجندر ریڈی کی اطلاع کے بموجب عید الاضحی کے پیش نظر آج تانڈور کی عیدگاہوں، اہم مساجد، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹانڈ میں بم اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی لی گئی۔