ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفر کا بحیثیت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ تقرر

ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفر کا بحیثیت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ تقرر
مولانا حامد محمد خان سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا

حیدرآباد : 10/مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے جماعت اسلامی ہندتلنگانہ کی آئندہ میقات 2023ء تا 2027ء چارسالہ میقات کےلیے ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفر کو ریاست تلنگانہ کے امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مقرر کیا ہے۔

ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفر کا تعلق حیدرآباد سےہے اور وہ سابق میں اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن(ایس آئی او) تلنگانہ و متحدہ آندھراپردیش کےصدر حلقہ اور جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کے ناظم شہر بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے سائنس میں ماسٹرس کے علاوہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور ملک کی مؤقر یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔گذشتہ میقات میں وہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے شعبہ ایچ آرڈی کےسیکریٹری بھی رہے جبکہ وہ ریاستی شوریٰ کے رکن کے علاوہ موجودہ مجلس نمائندگان کے بھی رکن ہیں۔

امیر جماعت اسلامی ہند جناب سیدسعادت اللہ حسینی نے نوتقرر شدہ امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ ڈاکٹرمحمد خالد مبشرالظفرکےحق میں دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس اہم ذمہ داری کو بحسن و خوبی ادا کرنے کی توفیق بخشے اور انہیں ضروری استعداد و صلاحیت اور صحت و توانائی عطا فرمائے۔

ساتھ ہی جناب سید سعادت اللہ حسینی نے سابق امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند جناب حامد محمدخان کی خدمات کو سراہتے ہوئے دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ آپ کی تگ ودو اور جہدوسعی کو قبول فرمائے اور ذخیرہء آخرت بنائے۔واضح رہےکہ جناب حامد محمدخان اس سے قبل دو میقات 2015ء تا 2019ء اور 2019ء تا 2023ء امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ رہ چکے ہیں۔بحیثیت امیرحلقہ تلنگانہ آپ کی خدمات بے مثال رہی ہیں۔

اپ ڈیٹ

نو تقرر شدہ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر نے آج 11 مئی،بروز جمعرات سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان صاحب سے اپنے عہدہ کے جملہ امور کا جائزہ حاصل کرلیا۔اس موقع پر سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان صاحب نے دعاء کی کہ اللہ تعالی نوتقرر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر کو استقامت اور اس اہم ذمہ داری کو بہ حسن خوبی ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی جہد و سعی کو قبول فرمائے۔