پرچہ سوالات کے افشاء میں بنڈی سنجے کا اہم رول، تمام ثبوت وشواہد موجود : وزیرتعلیم تلنگانہ سبیتا اندرا ریڈی

پرچہ سوالات کے افشاء میں بنڈی سنجے کا اہم رول، تمام ثبوت وشواہد موجود
حکومت تلنگانہ کی شبیہ خراب کرنے کی غرض سے ہی پرچہ سوالات کا افشاء
حقیرسیاسی مفاد کے لیے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ
وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی وقارآباد میں پریس کانفرنس

وقارآباد : 05 ۔ اپریل
(سحرنیوزڈاٹ کام /نمائندہ خصوصی)

وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی حکومت کی شبیہ خراب کرنے اور اس کو بدنام کرنے کی غرض سے ایک منظم سازش کے تحت ہی جاریہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے پرچہء سوالات امتحانات کے آغاز کے فوری بعد سوشل میڈیا پر وائرل کیےگئے ہیں۔وزیرتعلیم آج اپنے دؤرہ وقارآبادضلع کے موقع پر وقارآبادکے بی آر ایس بھون میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (TSPSC#) کے پرچہ سوالات کے افشاء سے لے کر کل تک تلنگانہ کے اضلاع وقار آباد اور ورنگل میں دسویں جماعت کے پرچہ سوالات کو افشاء کرنے کے پس پشت ایک منظم سازش کارفرما ہے۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے زور دیتےہوئے کہا کہ دہلی کے اپنے آقاؤں کی نگرانی میں ان کی ہدایت پرعمل کرتےہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے پرچہ سوالات کے افشاء میں اہم رول ادا کیا ہے۔

شدید برہم وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندرا ریڈی نےاس پریس کانفرنس میں سوال کیا کہ محض حقیر سیاسی مفاد کے لیے دسویں جماعت کے جاریہ سالانہ امتحانات میں شرکت کررہے 5 لاکھ طلبا ء و طالبات کےمستقبل کےساتھ کھلواڑ کی گئی ہے۔انہوں نے پوچھا کہ پرچہ سوالات کو وائرل کرکے لاکھوں طلبہ اور ان کے والدین کو پریشان کرنا کہاں تک ٹھیک ہے۔؟

وزیرتعلیم نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ریاست میں آج تک ایک تعلیمی ادارہ قائم نہیں کیا۔وہیں تلنگانہ میں وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں جاری تعلیمی انقلاب کو برداشت نہیں کیا جارہا ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کا پرچہ سوال افشاء کرنےوالے راج شیکھرکےبی جے پی قائدین سے تعلقات ہیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے سوال کیا کہ جب بنڈی سنجے کےموبائل فون پر پرچہ سوالات موصول ہوا تھا توکیوں انہوں نے ایک ذمہ دار عوامی نمائندہ،ریاستی صدر بی جے پی اور ایم پی کی حیثیت سے فوری پولیس یا حکومت کو اس سے واقف نہیں کروایا۔؟

ساتھ ہی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے یہ انکشاف بھی کیاکہ وقارآبادضلع کے تانڈور کےامتحانی مرکز سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے آغاز کے پہلے دن 3 اپریل کو تلگو کا پرچہ سوال واٹس ایپ پر وائرل کرنے والے ٹیچر کا تعلق بھی بی جے پی سے ملحقہ ایک تنظیم سے ہے اور ورنگل میں کل ہندی کا پرچہ افشاء کرنےوالے پرشانت کےبھی بی جے پی قائدین کےساتھ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرچہ سوالات کے افشاء کے معاملہ میں تین ٹیچرز کو خدمات سے معطل کر دیا گیا ہے۔اس معاملہ میں حکومت سخت موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔

وزیرتعلیم نے کہاکہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ریاستی قائدین کی بی جے پی کی مرکزی قیادت تائید و حمایت کررہی ہے۔وزیرتعلیم نے سوال کیا کہ پرچہ سوالات کے افشاء میں ملوث ملزمین کی گرفتاری کے خلاف اور ان کی تائید میں احتجاج کیا جارہا ہے یہ کیسی سیاست ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر سےسیاسی طریقہ سے مقابلہ کرنے کے بجائے بی جے پی قائدین دہلی کے اپنے آقاوں کے ساتھ مل کر مختلف سازشوں میں مصروف ہیں اور مناسب وقت پر عوام ہی بی جے پی کو اس کا جواب دیں گے۔

انہوں نےکہاکہ بی جے پی سے ریاست کی ترقی دیکھی نہیں جارہی اس لیے وقفہ وقفہ سے زہر افشانی،جھوٹا پروپگنڈہ اور اب پرچہ سوالات کا افشاء کیا جارہا ہے،جسے تلنگانہ کے عوام ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور بی جے پی کو وقت آنے پر سبق سکھائیں گے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا ریڈی نےمضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ کل دوپہر بی جے پی کی جانب سے پرچہ سوال کے افشاء کے خلاف مظاہرے کیے گئے اور شام ہوتے ہوتے اسی معاملہ میں گرفتار شدہ ملزموں کی رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی نے دھرنے منظم کیے۔جس کے بعد کل ہی واضح ہوگیا تھا کہ پرچہ سوالات کے افشاء کے معاملہ میں بی جے پی ملوث ہے۔

وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندراریڈی نے انکشاف کیا کہ پرشانت نے پرچہ سوال کی تصاویر صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو روانہ کی تھیں۔ اور پرشانت نے بنڈی سنجے کےعلاوہ مختلف بی جے پی قائدین سے 140 مرتبہ فون کرتے ہوئے ان سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ پرچہ سوالات کے افشاء میں صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کا اہم رول ہے اور اس کے تمام ثبوت و شواہد پولیس کے پاس موجود ہیں۔

اس پریس کانفرنس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے انتباہ دیاکہ ریاستی حکومت کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہرگز بخشاء نہیں جائے گا اور انہیں مختلف قوانین کے تحت سخت سزاؤں کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس پریس کانفرنس میں،کن اسمبلی و صدر بی آر ایس وقارآباد ضلع ڈاکٹر میتکو آنند، رکن اسمبلی پرگی مہیش ریڈی،نائب صدرضلع پریشد وجئے کمار،صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ اور دیگر موجود تھے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/248710507529783