انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کے دؤران ایرہوسٹس اور مسافر کے درمیان جم کر بحث، میں آپ کی نوکر نہیں ہوں، ویڈیو وائرل

انڈیگو ایئر لائن کی استنبول۔دہلی پرواز کے دؤران
ایئر ہوسٹس اور مسافر کے درمیان جم کر بحث
میں آپ کی نوکر نہیں ہوں،ایئر ہوسٹس کا جواب،ویڈیو وائرل

نئی دہلی: 21۔ڈسمبر
(سحرنیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

سوشل میڈیا پر دؤران پرواز انڈیگو ایئر لائن کی ایک ایرہوسٹس اور ایک مسافر کےدرمیان بحث و تکرار کا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے۔اس 52 سیکنڈ پرمشتمل ویڈیو کلپ کو شوٹ کرنے اور اسے ٹوئٹر پر پوسٹ کرنےوالے ترون شکلاکےمطابق یہ واقعہ انڈیگوایئر لائن کی استنبول اور دہلی پرواز کے دؤران کھانے کے معاملہ میں پیش آیا ہے۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اس واقعہ کی تائید اور مخالفت کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے بعد انڈیگو ایئر لائن کے انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس مسافر نےدوران پرواز اپنے خراب رویہ کامظاہرہ کیا اور ایک ایئر ہوسٹس کی توہین کی جس کے بعد عملے کی قیادت کومداخلت کرنی پڑی۔ اور وہ اس واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں ساتھ ہی یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ ” صارفین کی سہولت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے "۔

اس ویڈیو میں ایئر ہوسٹس اور ایک مسافر (جس کا چہرہ نظر نہیں آ رہا ہے) کے درمیان گرماگرم بحث دیکھی گئی۔اس دؤران عملہ کی ایک اور خاتو ن مداخلت کرتی ہیں۔

ائیر ہوسٹس جو کہ شدید غصہ میں نظر آرہی ہیں،نشست کے قریب نیچے بیٹھ کر اس مسافر سےکہتی ہیں آپ میری جانب انگلی اٹھا رہے ہیں اور مجھ پر چیخ رہے ہیں۔میرا عملہ آپ کی وجہ سے رو رہا ہے۔براہ کرم سمجھنے کی کوشش کریں،وہاں ایک گاڑی ہے اور گنتی کےکھانے (ہوائی جہاز میں) ساتھ لائے گئے ہیں،ہم صرف خدمت کر سکتے ہیں اور یہ آپ کا کیسا رویہ ہے؟

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس سے قبل کہ ایئر ہوسٹس اپنی بات مکمل کرتیں،مسافر نےسخت لہجہ میں کہاکہ آپ کیوں چلارہی ہو؟ جس پر مزید بلند آواز میں ایئر ہوسٹس اس مسافر سے کہتی ہیں کیونکہ آپ ہم پر چلارہے ہو۔

اسی دؤران ایک اور ایئر ہوسٹس مداخلت کرتے ہوئے اس ایئر ہوسٹس کو طیارہ کے فرش سے اٹھاکربحث ختم کروانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اس ایئر ہوسٹس اور مسافر کےدرمیان بحث کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔اس مسافر سے ایئر ہوسٹس کہتی ہیں کہ مجھے افسوس ہےلیکن آپ عملے سے اس طرح بات نہیں کر سکتے۔ میں اطمینان سے آپ کو پورے احترام کے ساتھ سن رہی ہوں لیکن آپ کو عملے کا بھی احترام کرنا ہوگا۔

اس بحث کے دؤران مسافر پوچھتا ہے کہ” میں نے عملے کی کہاں بے عزتی کی ہے؟” تب ائیر ہوسٹس نے دوبارہ انگلی اٹھاکر ایک جانب دکھایا جس پر مسافر غصہ کی حالت میں اس ایئر ہوسٹس سے”شٹ اپ ShutUp# "۔”چپ رہو” کہتاہے۔جس پر ایئر ہوسٹس نے بھی اپنے جواب میں شٹ اپ کہتے ہوئے جواب دیا کہ وہ کمپنی کی ملازم ہیں اور وہ ان سے اس طرح بات نہیں کرسکتے۔

جس پر مسافر ایئر ہوسٹس سے پھر کہتا ہے کہ "آپ ایک ملازم ہو۔”جس پر مزید برہم ایئر ہوسٹس کہتی ہیں کہ ہاں وہ کمپنی کی ملازم ہیں۔لیکن میں آپ کی نوکر نہیں ہوں۔”
بعد ازاں ایئر ہوسٹس اور اس مسافر کے دؤران بحث و تکرار اچانک ختم ہو جاتی ہے اور ایئر ہوسٹس کی ساتھی اسے جہاز کےپچھلے حصے میں لے جاتی ہیں۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعدانڈیگو ایئر لائن IndiGo# نے ایک بیان میں کہاہے کہ ہم اس واقعہ سے واقف ہیں جو 16 دسمبر 2022 کو استنبول سے دہلی جانے والی پرواز 6E 12 میں پیش آیا۔یہ مسئلہ کوڈ شیئر کنکشن کے ذریعہ سفر کرنے والے مخصوص مسافروں کے منتخب کردہ کھانے سے متعلق تھا۔IndiGo# اپنے صارفین کی ضروریات سے آگاہ ہے اور یہ ہماری مسلسل کوشش ہے کہ ہم اپنے صارفین کو ایک شائستہ اور پریشانی سے پاک سفر فراہم کریں۔اور ہم ہمہ وقت بہترین سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انڈیگو ایئرلائن نے وضاحت کی کہ اس مسافر نے دؤران پرواز سینڈویچ طلب کیا تھا جس پر عملہ نے انہیں بتایا کہ وہ چیک کریں گے کہ فلائٹ میں کھانے کی اشیاء دستیاب ہیں یا نہیں۔؟لیکن اس شخص نے ایئر ہوسٹس پر چیخنا اور چلانا شروع کر دیا جس پر وہ رونے لگی۔

اب سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر بحث چھڑگئی ہے چند صارفین کا کہنا ہے کہ انڈیگو ایئر لائن کی خدمات بہترین ہیں اور ایک ایئر ہوسٹس کے ساتھ اس مسافر کا رویہ انتہائی غلط ہے۔دوسری جانب دیگر صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں انڈیگو کی خدمات اور اس کے عملہ کی سخت مزاجی کا تجربہ ہے۔!!