اتر پردیش کی ثانیہ مرزا ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ، نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کا امتحان ٹاپ پوزیشن میں کامیاب کیا

قومی خبریں

اتر پردیش کی ثانیہ مرزا ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون فائٹر پائلٹ
نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کا امتحان ٹاپ پوزیشن میں کامیاب کیا

نئی دہلی: 22۔ڈسمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

عزم و حوصلہ کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں ترقی حاصل کرنا کسی ایک قوم یا مخصوص طبقہ کی جاگیر نہیں ہوتی۔انسان جب کچھ بننے کا مصمم ارادہ کرلیتاہے تو پہاڑوں کی چوٹیاں بھی اس کے قدموں میں ہوتی ہیں۔مسلمانوں میں گزشتہ چند سال سے اسلامی دائرہ میں رہ کرتعلیم نسواں کی جانب راغب ہونا خوش آئند ہی مانا جانا چاہئے۔ یہی وجہ ہےکہ قوم کی لڑکیاں آج تمام شعبہ جات میں دیگر اقوام کی خواتین کےساتھ اپنےلیے متعینہ حدود کو نہ پھلانگتے ہوئےشانہ بہ شانہ کھڑی ہیں۔تعلیمی و طبی شعبہ کےعلاوہ دیگرشعبہ جات میں بھی مسلم لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔وہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول و ملازمتوں کے لیے دیگر ممالک کو بھی روانہ ہورہی ہیں۔

گزشتہ دنوں ڈاکٹر مریم عفیفہ جن کا تعلق مالیگاؤں اور حیدرآباد سے ہے کو اس وقت سوشل میڈیا اور میڈیا پر بہت زیادہ سراہا گیا تھا جب انہوں نے ہندوستان کی پہلی مسلم نیورو سرجن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔آج بھی سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہیں۔

اب اسی ملک کی ایک اور بیٹی ثانیہ مرزا جن کا تعلق ریاست اتر پردیش سےہے نے ہندوستان کی پہلی مسلم فائٹر پائلٹ بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔اس طرح ثانیہ مرزا کا بچپن کا خواب پورا ہو گیا۔

مرزا پورکے ایک ٹی وی میکانک محمدشاہدعلی کی ہونہار بیٹی ثانیہ مرزا ہندوستانی فضائیہ میں ملک کی پہلی مسلم فائٹر پائلٹ بننے جا رہی ہیں۔انہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی (این ڈی اے) کے امتحان میں 149 واں رینک حاصل کیا ہے۔

ڈی این اے کی رپورٹ کےمطابق ثانیہ مرزا اتر پردیش کےدیہات کوتوالی تھانہ علاقہ کےایک چھوٹے سے گاؤں جسوور کی رہنے والی ہیں انہوں نے پرائمری سے دسویں جماعت تک کی تعلیم گاؤں کے پنڈت چنتامنی دوبے انٹر کالج میں مکمل کی۔بعد ازاں ثانیہ مرزانے مرزا پور کے گرو نانک گرلز انٹر کالج سے 12 ویں کا امتحان پاس کیا۔اور وہ ضلع کے 12 ویں بورڈ کے امتحان میں ٹاپر رہی تھیں۔

10 اپریل کوانہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی (این ڈی اے) کے امتحان 2022 میں شرکت کی جس میں کامیابی کےبعد ثانیہ مرزانے اپنے انٹرویو کی تیاری کے لیے اکیڈیمی میں شمولیت اختیار کرلی۔میڈیا اطلاعات کےمطابق، ثانیہ مرزا 27 دسمبر 2022 کومہاراشٹرا کے پونے میں این ڈی اے کھڑکواسلا میں شامل ہوں گی۔

ڈی این اے کے مطابق نیشنل ڈیفنس اکیڈمی 2022کے امتحان میں مرد اور خواتین سمیت جملہ 400 نشستیں تھیں ان میں خواتین کے لیے 19 نشستیں تھیں جن میں سے دو نشستیں فائٹر پائلٹس کےلیےمختص تھیں۔ان دو نشستوں میں ثانیہ مرزانے اول پوزیشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ثانیہ مرزا ملک کی دوسری لڑکی ہیں جنہیں فائٹر پائلٹ کے طور پرمنتخب کیا گیا ہے۔وہ پہلی مرتبہ کامیاب نہ ہوسکیں،تاہم انہوں نے دوبارہ امتحان میں شرکت کی۔ثانیہ مرزا نے میڈیا سے کہاکہ وہ شروع سے ہی فائٹر پائلٹ بننا چاہتی تھیں۔ثانیہ مرزا کی تحریک کاذریعہ اونی چترویدی ہیں جو پہلی خاتون پائلٹ ہیں شروع سے ہی ثانیہ مرزا ان جیسا بننا چاہتی تھیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ گزشتہ سال ماہ مارچ میں کرناٹک کے رائچور کی ساکن حجاب پوش طالبہ بشریٰ متین کا نام میڈیا اورسوشل میڈیا میں زیر گشت تھا۔جنہوں نے بیلگام کی وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی (VTU#) سے 16 گولڈ میڈلس حاصل کرتے ہوئے یہ پیغام دیا تھا کہ حجاب ایک مذہبی تشخص ہے اور یہ تعلیم کے حصول اور اپنی قابلیت و صلاحیتوں کو منوانے میں کبھی بھی حائل نہیں ہوتا۔

شیخ ظہیرالدین اور محترمہ شبانہ پروین کی ہونہار دختر بشریٰ متین نے اپنی بے پناہ تعلیمی صلاحیتوں اور بہترین قابلیت کامظاہرہ کرتےہوئے ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور سے بی ای سول میں 9.47 گریڈ کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی اور 16 گولڈ میڈلس اپنے نام کیے تھے۔

اس وقت چانسلر وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی (وی ٹی یو)بیلگام پروفیسر کری سدپا نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیاتھا کہ ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور کی بی ای سول کی طالبہ بشریٰ متین نے 16 گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کےماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔اس سے قبل یونیورسٹی سے 13 گولڈ میڈل حاصل کیے جانے کا ریکارڈ تھا۔

رائچور کی طالبہ بشریٰ متین کو بی ای سِول میں 16 گولڈمیڈلس، وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے

اپنی صلاحیتوں،حوصلہ اور اپنی محنت و لگن کے ذریعہ اس مقام تک پہنچنے والی ثانیہ مرزا جن کا تعلق اتر پردیش کےایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے، اس ملک اور ملک کے لاکھوں،کروڑوں نوجوانوں بالخصوص مسلمانوں کے لیے قابل فخر اور ایک مثال ہیں۔بالخصوص ان مسلم نوجوانوں کے لیے جو ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کچھ حاصل کرنے کے بجائے اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا رونا روکر اپنے ہاتھ صاف کرلیتے ہیں۔!!    

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے