تلنگانہ ماہ اکتوبر میں گزشتہ دس سال میں سب سے شدید سردی کی لپیٹ میں، حیدرآباد اور پٹن چیروؤ میں گزشتہ رات سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ

تلنگانہ ماہ اکتوبر میں گزشتہ دس سال میں سب سے شدید سردی کی لپیٹ میں
حیدرآباد اور پٹن چیروو میں گزشتہ رات سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ
سردی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی،احتیاط لازمی

حیدرآباد: 24۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

مانسون میں سالانہ اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ ہونے اور موسم سرما کے آغاز کےبعد بھی ریاست تلنگانہ کےکئی اضلاع میں دھواں دھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔اب ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بشمول کئی اضلاع ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

گزشتہ دو،تین دنوں سےتلنگانہ کےمختلف اضلاع میں شدید سردی محسوس کی جارہی تھی۔ایسے میں کل اتوار 23 اکتوبر کی شام سےسردی کی شدت میں مزید اضافہ ہواہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق گزشتہ رات ضلع میدک کےپٹن چیروؤ میں ریاست کے دیگرمقامات کی بہ نسبت سے سب سے کم درجہ حرارت 12.2 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔جوکہ عام درجہ حرارت سے 7 سنٹی گریڈ کم ہے۔وہیں ہندوستانی محکمہ موسمیاتIMD#کےعہدیداروں نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست میں سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت میں گراوٹ مزید دو سے تین دن تک جاری رہے گی۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پٹن چیرؤو کے بعد،میدک میں کم سے کم درجہ حرارت 13.6 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔جبکہ حکیم پیٹ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور حیدرآباد میں 14.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جبکہ عادل آباد میں 15.2 ڈگری سینٹی گریڈ، دندیگل میں 16 ڈگری،ہنمکنڈہ اور محبوب نگرمیں 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ،راماگنڈم میں 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ،نظام آبادمیں 17.8سینٹی گریڈ،کھمم میں 19.6 اور بھدرا چلم میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ رات ماہ اکتوبر میں گزشتہ دس سال میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات حیدرآباد نے میڈیا کو بتایا کہ ہوا کی سمت میں تبدیلی کی وجہ سے ریاست کے مختلف اضلا ع میں درجہ حرارت میں اچانک کمی واقع ہوئی ہے۔شمالی سمت سے ہوائیں آ رہی ہیں اور شمالی ہندوستان میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہیں طوفان تلنگانہ کو چھوئے بغیر ریاست سے گزر گیا ہے۔اس کی وجہ سے نمی ختم ہوگئی ہے اورٹھنڈی ہوائیں جنوبی ہند کی جانب آرہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے عہدیدار کے مطابق ریاست تلنگانہ میں آئندہ دو سے تین دنوں تک اسی طرح سردی کی لہر برقرار رہے گی۔اور اس میں مزید گراوٹ کا بھی امکان ہے۔بعدازاں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔تاہم موسم خشک رہے گا۔

دوسری جانب ریاست میں شدید سردی کی لہر کے آغاز کے باعث گرم کپڑوں کا استعمال ہورہاہے اور لوگ شام 7بجے کے بعد گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔مواضعات کے عوام صبح اور شام کے اؤقات سردی سے بچنے کی غرض سے آگ تاپنے پر مجبور ہیں کئی مقامات پر آگ کے الاؤ کے اطراف نوجوانوں سمیت خواتین اور بچوں کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاط لازمی ہے۔

اسی دؤران سوشل میڈیا پر ایک پوسٹر کی شکل میں پیغام وائرل ہوا ہے کہ بالخصوص دیہی تلنگانہ میں آئندہ چار دنوں کے دؤران درجہ حرارت میں شدید کمی ہونے والی ہے۔

اس پیغام میں لکھا گیا ہے کہ بالخصوص اضلاع وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، رنگاریڈی،محبوب نگر اور حیدرآباد میں درجہ حرارت میں گراوٹ ہونے والی ہے اور ان اضلاع میں درجہ حرارت 11، 12، 13، اور 14  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے والا ہے۔اس سوشل میڈیا وائرل پیغام میں لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس دؤران بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں،اور صبح و رات کے اؤقات سفر کے دؤران احتیاطی اقدامات کریں۔جبکہ سرکاری طور پر یا محکمہ موسمیات کی جانب سے ایسی کوئی پیش قیاسی نہیں کی گئی ہے۔!!