حیدرآباد: تیراکی کی غرض سے جانے والے چار کمسن تالاب میں غرق
ایک لڑکی بھی شامل،مہلوکین کا ضلع رنگاریڈی کے دو مسلم خاندانوں سے تعلق
حیدرآباد : 02۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
آج شام حیدرآباد کے مضافاتی ضلع رنگاریڈی کے یاچارم منڈل میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں تیراکی کی غرض سےگئے ہوئے چار بچے تالاب میں غر ق ہوگئے۔چاروں مہلوکین کا دومسلم خاندانوں سے تعلق ہے اور ان میں ایک لڑکی بھی شامل ہے۔ان چار معصوم بچوں کی نعشیں دو گھنٹوں کے بعد موضع کےلوگوں نے تالاب سے باہر نکالیں۔اس وقت تک کسی کو بھی پتہ نہیں تھا کہ یہ المناک سانحہ پیش آیا ہے۔
یاچارم پولیس کےمطابق دوپہر کے وقت تین لڑکے اور ایک لڑکی اپنے افراد خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ گولا گوڑہ کی درگاہ کی زیارت کے لیے گئے ہوئے تھے۔
واپسی کے دؤران ان تمام نے گولہ گوڑہ کے علاقہ میں ایراکنٹہ تالاب کے نظارے بعد محمد خالد،ولدمحمد قاسم (12سالہ)،متعلم8 ویں جماعت، ثمرن (14سالہ) ولد محمد قاسم،دسویں جماعت کی طالبہ،محمد ریحان (دس سالہ) متعلم پانچویں جماعت،ولدمحمد رزاق اور شیخ عمران (9 سالہ)، ولدمحمدحسین،تیراکی کی غرض سے کپڑے اتار کر تالاب میں اتر گئے۔تاہم ان کےتالاب میں اترنے اورغرق ہونے کی اطلاع کسی کونہیں تھی۔
اس سانحہ کے دو گھنٹے بعد موضع کے ساکن کرشنیا نےتالاب میں نعشوں کودیکھ کر ان کے افراد خاندان اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔موضع کے افراد نے تالاب میں اترکر ان چار معصوم بچوں کی نعشیں باہر نکالیں۔پولیس نےبعد پنچنامہ ان چاروں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم عثمانیہ جنرل ہسپتال منتقل کیا۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔
ان چارکمسن بچوں کی المناک موت کی اطلاع کےبعد دونوں گھرانوں میں شدیدغم کی لہر دؤرگئی ہے۔مہلوکین کاتعلق دو الگ الگ خاندانوں سے بتایا گیا ہے۔جو کہ تاڑی پرتی،یاچارم منڈل،ضلع رنگاریڈی کےساکن بتائے گئے ہیں۔موضع تاڑی پتری میں بھی اس واقعہ کی اطلاع کے بعد غم اور افسوس کی لہر دؤڑگئی ہے۔

