تلنگانہ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
محکمہ موسمیات کی جانب سےمختلف اضلاع کے لیے ایلّو اور آرینج الرٹ جاری
حیدرآباد:29۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کےمختلف اضلاع میں گزشتہ چار دنوں دوبارہ بارش کاسلسلہ جاری ہے۔وہیں دارالحکومت حیدرآباد میں تو گزشتہ چار دنوں سے وقفہ وقفہ سے جاری شدید بارش نےعام زندگی مفلوج کردی ہے۔آج جمعرات کےدن بھی دوپہر سے حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔سڑکیں اورنشیبی علاقے جھیلوں اور تالابوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔گاڑی سواروں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ٹریفک پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ احتیاط کے ساتھ گاڑیاں چلائی جائیں اور ضرورت پڑنے پر 100 پر اطلاع دی جائے۔
محکمہ موسمیات نےآج سہ پہر تلنگانہ کےچند اضلاع میں ہوا کے دباؤ میں کمی کےباعث آج جمعرات اور کل جمعہ 30 ستمبر کو اضلاع وقارآباد، سنگاریڈی،میدک،سوریہ پیٹ،یادادری بھونگیر،نلگنڈہ میں شدید ترین بارش کی قیاسی کرتے ہوئے آرینج الرٹ Orange Alert جاری کیا ہے۔جبکہ بشمول حیدرآباد اضلاع رنگاریڈی،میڑچل(ملکاجگری)،محبوب نگر،کریم نگر،منچریال،پیداپلی،کومرم بھیم آصف آباد،جئےشنکر بھوپال پلی،بھدرادری کوتہ گوڑم،کھمم،ملگ، ہنمکنڈہ،ورنگل،جنگاؤں،محبوب آباد،ناگرکرنول،ونپرتی،نارائن پیٹ،سدی پیٹ،جوگولامبا گدوال اور کاماریڈی میں بھی شدیدبارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ان اضلاع کے لیے ایلو Yellow Alert جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق ان اضلاع میں دو دنوں کےدؤران گرج چمک کےساتھ شدید ترین بارش ہوگی اور ساتھ ہی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔وہیں محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہےکہ آج جمعرات اور کل جمعہ 30ستمبر کو تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع میں شدید ترین بارش کا امکان بھی پایا جاتا ہے۔
وہیں آج حیدرآباد، وقارآباد، سوریہ پیٹ کےعلاوہ دیگر اضلاع میں دوپہر سےشام تک بھی شدید گرج و چمک کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔


