موٹر سائیکل پر ٹریفک کے درمیان کرتب، ویڈیو وائرل ہونے کے بعدپولیس نے ایک نوجوان پر جرمانہ عائد کیا

ٹریفک کے درمیان موٹر سائیکل پر کرتب،ویڈیو وائرل
پولیس نے ایک نوجوان پر 4,200 روپئے کا جرمانہ عائد کیا

درگ/چھتیس گڑھ: 26ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

ان دنوں موٹرسیکلوں اور آٹو رکشاؤں کے ذریعہ سڑکوں پر کرتب بازی ایک شوق بن کررہ گیا ہے۔سوشل میڈیا کےبالخصوص انسٹاگرام اورفیس بک پر ریلس Reels#اور شارٹ ویڈیوز بنانےکے جنون میں سڑکوں پر دن دہاڑےموٹرسیکلوں کےذریعہ ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں کہ جہاں چھوٹی سی چوک ان کی جان کےلیے خطرہ بن جاتی ہے۔وہیں سڑکوں پر چلنے والی دوسری گاڑیوں اور راہروؤں کے لیے بھی ان کا یہ جنون جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔جبکہ ٹرینوں اور آبی ذخائر کے قریب سیلفی شوٹنگ کے دؤران بھی قیمتی جانوں کے تلف ہونے کی اطلاعات آتی رہتی ہیں۔

گذشتہ دنوں حیدرآباد میں بھی رات کےوقت چند آٹورکشاء ڈرائیورز کی جانب سے دو پہیوں پر آٹورکشاچلاتےہوئے کرتب بازی کے ویڈیوز وائرل ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی تھی۔

سوشل میڈیاپر ایسے ہی ایک نوجوان کا کرتب والا ویڈیو وائرل ہوا۔جس میں دیکھا گیاکہ نوجوان دن دہاڑے مصروف ٹریفک کےدرمیان سڑک پر موٹرسیکل چلارہا ہے۔جبکہ وہ اپنے دونوں پیر موٹرسیکل کی دائیں جانب رکھ کر بیٹھا ہوا ہے اور اپنے بائیں ہاتھ سےموٹرسیکل کا ایکسلیٹر دبا رہا ہے۔اس ویڈیو کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس ویڈیو کا باقاعدہ شوٹ کیاگیا ہے۔یہ نوجوان باقاعدہ اس کرتب بازی کے دؤرن پلٹ کر ویڈیو لینےوالے کی جانب دیکھ رہا ہے۔اور اوپر سے اس ویڈیو میں ایک گیت بھی جوڑدیا گیا ہے۔” بن تیرے صنم مرمٹیں گے ہم "

اس ویڈیو کےوائرل ہوتے ہی ریاست چھتیس گڑھ کے”ضلع درگ پولیس”نےفوری اس نوجوان کی شناخت کرتے ہوئے اس پر 4,200 روپئے کا جرمانہ عائد کردیا۔

اس ویڈیو کو درگ پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کیاہے۔اس ویڈیو میں پولیس کی جانب سےعائد کیے گئے جرمانہ کی رسید اور اس نوجوان کو اپنی موٹرسیکل کےساتھ اپنے کان پکڑےہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔کہ شاید آئندہ ایسی غلطی وہ دوبارہ نہیں کرے گا!

ساتھ ہی درگ ضلع پولیس نے اس ویڈیو کےساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ”درگ پولیس کی جانب سے اسٹنٹ مینوں،موڈیفائیڈ سائلنسر اور تیزرفتار ڈرائیونگ کے خلاف مسلسل کارروائی کی جارہی ہے۔برائے مہربانی ٹریفک قوانین پرعمل کریں۔ساتھ ہی ٹریفک پولیس واٹس ایپ ہیلپ لائن کا موبائل نمبر بھی دیا گیا ہے۔