تلنگانہ کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے اعلان کردہ تعطیلات میں کوئی تبدیلی نہیں، 26ستمبر تا 9 اکتوبرتعطیلات برقرار :محکمہ تعلیمات کا اعلان

تلنگانہ کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے اعلان کردہ تعطیلات میں کوئی تبدیلی نہیں
26 ستمبر تا 9 اکتوبر 14 روزہ تعطیلات برقرار:محکمہ تعلیمات کا اعلان

حیدرآباد: 21۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

محکمہ تعلیمات تلنگانہ نے آج 21 ستمبر کو جاری کردہ سرکیولرمیں وضاحت کی ہےکہ ریاست تلنگانہ کےتمام سرکاری اور خانگی اسکولوں،کالجس اور ہاسٹلوں کے لیے قبل ازیں اعلان کردہ دسہرہ کی تعطیلات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔جیساکہ چند میڈیا اور سوشل میڈیا میں کل رات سے اطلاعات زیر گشت ہیں۔

ڈائرکٹرآف اسکول ایجوکشن تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کے لیے 26 ستمبر تا 9 اکتوبر دسہرہ کی تعطیلات پر حسب اعلان عمل ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیمات کی جانب سے گزشتہ ہفتہ 26 ستمبر تا 9 اکتوبر 14 روزہ دسہرہ کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ رات سوشل میڈیااورچندمیڈیا اداروں کی جانب سے ایسی خبریں شائع اور پیش کی گئی تھیں کہ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ (ایس سی ای آرٹی ) کی جانب سے ریاستی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ چونکہ ماہ جولائی میں بارش کی وجہ سے اور 17ستمبر کو یوم قومی یکجہتی کے موقع پر ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو جملہ سات دنوں کی تعطیلات دی جاچکی ہیں۔تو دسہرہ کی ان اعلان کردہ 14 دنوں کی تعطیلات میں تخفیف کرتے ہوئے انہیں 9 دنوں کی تعطیلات دی جائیں۔

تاہم آج حکومت تلنگانہ نے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ(ایس سی ای آرٹی ) کی اس سفارش کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حسب اعلان ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کے لیے 26 ستمبر بروز پیر تا 9 اکتوبر بروز اتوار تعطیلات رہیں گی۔ اور ان اعلان کردہ تعطیلات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
محکمہ تعطیلات تلنگانہ کے اعلان کے مطابق اب حسب اعلان ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری ،خانگی اسکولوں ، کالجوں،اقامتی اسکولوں کالجوں، اور ہاسٹلوں کو 26 ستمبر بروز پیر تا 9 اکتوبر بروز اتوار تعطیلات رہیں گی۔