وقارآباد ضلع: زیر تربیت فوجیوں کو کھانے کی فراہمی کے لیے ٹنڈر
تانڈور میں ایک ہوٹل مالک دھوکہ دہی کا شکار،نامعلوم شخص رقم لے کر فرار
شکایت کے بعد پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت میں مصروف
وقارآباد/تانڈور: 21۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ان دنوں مختلف طریقوں سے بھولے بھالے لوگوں کولوٹناعام ہوتاجارہا ہے۔سائبرجرائم سےعوام بہت زیادہ پریشان ہیں۔ہرموبائل فون پرروزآنہ کسی نہ کسی انجانے نمبر سے کال آنے کی شکایت کی جارہی ہے۔مختلف لاٹریوں اور انعامات،لون کےنام پرکال کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس اور حتیٰ کہ واٹس ایپ پر تک مختلف لنکس اور ویڈیوز بھیجے جارہے ہیں۔سائبر مجرمین اور دھوکہ بازوں کی دھوکہ دہی کی شکایتوں سے سائبر کرائم سیل بھی پریشان ہے۔
ایسے میں ہرتعلیم یافتہ اور ان دھوکہ دہی کے دھندوں سے واقف افراد کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے حلقہ میں موجود تمام رشتہ داروں اور دوست احباب کو اس سے واقف کروائیں کہ دھوکہ باز اور جعلساز کن کن طریقوں سے دھوکہ دہی کےذریعہ رقم لوٹنے میں مصروف ہیں۔اور ساتھ ہی لازمی ہوگیا ہے کہ غیر مستند کسی بھی لنک کو ہرگز کلک نہ کیا جائے۔
انجانے نمبر سے آنے والے فون کال کاجواب نہ دیا جائے،اس نمبر کو ٹرو کالر میں چیک کرلیا جائے۔جہاں دکھاتاہے کہ یہ نمبر کہاں کا ہے اور کتنے لوگوں نے اس نمبر کو بلیک لسٹ کیا ہواہے۔باقاعدہ ٹروکالر لال رنگ میں دکھاتا ہے کہ یہ Spam# ہے۔مختلف انجان نمبرات سے آنے والے فون نمبرس کو ٹروکالر میں چیک کرنے کے فوری بعد ان کو بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے۔اسی میں بہتری ہے۔
اسی دؤران آج تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور ٹاؤن میں آرمی کے نام پر ایک نئے انداز کی دھوکہ دہی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔
تانڈور۔حیدرآباد روڈ پر لاری پارکنگ علاقہ میں موجود سہیل ہوٹل کے مالک محمدجمیل نے بتایا کہ آج 9 بجے صبح ایک شخص جو کہ ہوبہو آرمی کا ملازم نظر آتا ہےموٹرسیکل پر ان کی ہوٹل پہنچا۔اس وقت ملازم موجود تھا۔اس نامعلوم شخص نے ہوٹل میں ناشتہ کیا اور بل ادا کرنے کے بعد ملازم سے کہا کہ تانڈور کی راجیو گروہا کالونی کے قریب آرمی کی جانب سے آرمی نوجوانوں کا ایک تربیتی کیمپ قائم کیا جارہا ہے۔اور اس کیمپ میں حصہ لینےوالے 40 فوجی جوانوں کے لیے روزآنہ تین وقت مختلف اقسام کا کھانا فراہم کرنا ہوگا۔اس کے لیے کیا چارجس ہوں گے؟جس پر ملازم نے اس شخص کو بتایا کہ مالک نہیں ہیں آنے کے بعد بات کرلیں اس کے بعد وہ نامعلوم شخص وہاں سے روانہ ہوگیا۔
سہیل ہوٹل کےمالک محمدجمیل نے آج شام دیر گئے نمائندہ سحر نیوزڈاٹ کام کو بتایا کہ جب وہ ہوٹل پہنچے تو 15-11بجے وہ شخص دوبارہ ہوٹل پہنچا۔اس نے اپنا نام فیروز خان بتاتےہوئے ان سے بھی اسی سلسلہ میں بات کی کہ روزآنہ تین وقت 40 زیر تربیت فوجی جوانوں کے لیے کھانا فراہم کرنے کے لیے روزآنہ کے چارجس معلوم کیے اور معاملہ طئے کردیا۔
اس کے بعد اس نےمعاملہ طئے ہونے کے بعد کہاکہ فوجی تربیتی کیمپ میں پہنچنے کے لیے ہوٹل کے تین ملازمین کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ فوجی ڈریس خریدیں اور اسے پہن کر کھانا لے کر تربیتی کیمپ کو آئیں۔
ہوٹل مالک محمدجمیل بتایاکہ وہ صرف اس کی گاڑی کا نمبر KA 34 ہی دیکھ پائے۔بعدازاں اس نے کہا کہ فوجی ڈریس خریدنے کے لیے چالان کی رقم 11,500 روپئے مقامی منصف مجسٹریٹ کورٹ میں جمع کروانے ہوں گے۔جس کے بعدمحمدجمیل اور وہ نامعلوم شخص جس نے اپنا نام فیروز خان بتایا تھا اپنی اپنی موٹر سیکلوں پر مقامی عدالت پہنچے۔
جہاں اس شخص نے عدالت کے احاطہ میں پہنچ کر ہوٹل مالک محمدجمیل سے 11,500 روپئے حاصل کرلیے اورعدالت کےاندر جاکر واپس آکر اس نے محمدجمیل سے کہا کہ وہ پوسٹ آفس جاکر دو اسٹامپ ٹکٹ اور فوجی وردی خریدنے کا فارم لے کر آئیں۔

ہوٹل مالک محمدجمیل سیدھے پوسٹ آفس گئے اور اسٹامپ ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد فوجی وردی خریدنے کا فارم طلب کیا تو انہیں بتایا گیا کہ ایسا کوئی فارم پوسٹ آفس یا کہیں اور دستیاب نہیں ہوتا۔
اس کے فوری بعد محمدجمیل جب پوسٹ آفس سے عدالت واپس آئے تو وہ نامعلوم شخص وہاں سے فرار ہوچکا تھا۔ہوٹل مالک محمدجمیل کو اس وقت احساس ہوا کہ آرمی اور عدالت کے نام پر اس دھوکہ باز شخص نے انہیں دھوکہ دے کر ان کی رقم 11,500 روپئے لے کر فرار ہوگیا ہے۔ (ویڈیو: 👇🏻)
محمدجمیل نےمختلف مقامات پر اس کو تلاش کیالیکن ناکام ہونے کے بعد انہوں نے تانڈور پولیس اسٹیشن میں اس دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی ہے۔
تانڈور پولیس اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئےسہیل ہوٹل کے سی سی کیمروں کے فوٹیج حاصل کرلیے ہیں جو کہ ہوٹل مالک اور اس دھوکہ باز کےدرمیان ہونےوالی بات چیت کےدوران ریکارڈ ہوئے ہیں۔اسی طرح تانڈور پولیس لاری پارکنگ،اندرا چوک،امبیڈکر چوک ،شانت محل چوراہا کے سی سی ٹی وی فوٹیج کامشاہدہ کرتے ہوئے آرمی کے نام پر دھوکہ دہی میں مصروف اس دھوکہ باز کو سراغ لگانے میں مصروف ہے۔
سہیل ہوٹل کے مالک محمدجمیل نے بتایا کہ آرمی کو کھانے کی سربراہی اور عدالت میں چالان کی ادائیگی پر انہوں نے اس دھوکہ باز شخص پر یقین کرلیا تھا۔انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ آرمی اور عدالت کے نام پر اس طرح دھوکہ بازی میں مصروف شخص کو فوری گرفتار کیا جائے۔ساتھ ہی انہوں نے تمام ہوٹل مالکین اور دیگر کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اس دھوکہ باز شخص سے چوکس رہیں۔اگر اس دھوکہ باز شخص سے کوئی واقف ہوں تو تانڈور پولیس کواطلاع دی جاسکتی ہے۔